السلام علیکم !والد صاحب کے چار بچے ہيں (دو بیٹے اور دو بیٹیاں) سب بچے شادی شدہ ہیں، والدہ سوتیلی ہے اور ان سے کوئی اولاد نہیں ہے، والد اور سوتیلی والدہ جس مکان میں رہتے ہیں، وہ والد اور سوتیلی والدہ کے نام ہے، والد کے پاس ایک کروڑ کی رقم بھی ہے، وراثت کی تقسیم مندرجہ بالا صورت میں کیا ہو گی؟ شکریہ۔
واضح ہو کہ ہر شخص اپنی صحت والی زندگی میں مرض الوفات میں مبتلا ہونے سے قبل اپنے ذاتی مال و جائیداد کا تنہا مالک ہوتاہے، وہ اُس میں جس طرح چاہے جائز تصرف کرسکتاہے، اُس پر اپنی زندگی میں اپنی جائیداد اولاد میں تقسیم کرنا لازم نہیں ،اور نہ ہی کوئی وارث اُس کا مطالبہ کرسکتاہے،البتہ والد خود ہی اپنی مرضی سے کسی بیٹے یا بیٹی کو کچھ دینا چاہے تو اُس کا اُسے اختیار ہے اور یہ شرعاً تقسیمِ میراث نہیں، بلکہ ہبہ اور گفٹ کہلائےگا، جس کا بہتر اور مستحب طریقہ یہ ہے کہ وہ ایک محتاط اندازہ کے موافق اپنی بقیہ زندگی کےلئے جو کچھ رکھنا چاہے وہ رکھ کر اور اپنی بیوی کو جو کچھ دینا چاہے وہ دے کر بقیہ مال و جائیداد اپنی اولاد کے درمیان برابر حصوں میں تقسیم کرکے ہر فرد کو اس کے حصے پر باضابطہ مالکانہ قبضہ بھی دیدے تاکہ یہ ہبہ شرعاً بھی درست اور تام ہوجائے ، محض کاغذوں میں نام کردینا کافی نہیں ، پھر بہتر یہ ہے کہ اس ہبہ اور اعطاء میں سب کو برابر اور یکساں رکھے کہ سب ہی اس کی اولاد ہیں کسی کو زیادہ کسی کو کم نہ دے البتہ کسی کی خدمت گزاری ، محتاجی یا دین داری وغیرہ کی بناء پر اسے دوسروں کے مقابلہ میں کچھ زیادہ دینا چاہے تو اس کا اسے اختیار ہے ، مگر بلا وجۂ شرعی کسی کو اپنی جائیداد سے بالکل محروم نہ کرے ، کیونکہ یہ گناہ کی بات ہے ۔
کما فی البحر الرائق: وأما بيان الوقت الذي يجري فيه الإرث فنقول هذا فصل اختلف المشايخ فيه قال مشايخ العراق الإرث يثبت في آخر جزء من أجزاء حياة المورث وقال مشايخ بلخ الإرث يثبت بعد موت المورث اھ (ج8،صـــ557)۔
وفی الشامیۃ: وشروطه: ثلاثة: موت مورث حقيقة، أو حكما كمفقود، أو تقديرا كجنين فيه غرة ووجود وارثه عند موته حيا حقيقة أو تقديرا كالحمل والعلم بجهة إرثه اھ (ج6،صـــ758،ط:سعید)۔
وفی الفقہ الإسلامی وأدلتہ: لا خلاف بين جمهور العلماء في استحباب التسوية في العطاء بين الأولاد، وكراهة التفضيل بينهم في حال الصحة كما تقدم، واختلفوا في بيان المراد من التسوية المستحبة. فقال أبو يوسف من الحنفية، والمالكية والشافعية وهو رأي الجمهور: يستحب للأب أن يسوي بين الأولاد ـ الذكور والإناث ـ في العطية، فتعطى الأنثى مثلما يعطى الذكر؛ لقوله صلّى الله عليه وسلم: "سووا بين أولادكم في العطية، ولو كنت مؤثراً لآثرت النساء على الرجال" رواه سعيد بن منصور في سننه والبيهقي بإسناد حسن، وفي رواية للبخاري: "اتقوا الله واعدلوا بين أولادكم"، ولأن العدل في القسمة والمعاملة مطلوب، وقدحملوا الأمر في هذه الأحاديث على الندب اھ(ج4، صـــ704، ط:رشیدیہ)۔