نام رکھنے کا حکم

بچے کی نسبت دوسری شادی کے بعد دوسرے شوہر کی جانب کی جاسکتی ہےَ؟

فتوی نمبر :
73960
| تاریخ :
2024-06-16
معاشرت زندگی / بچوں کے اسلامی نام / نام رکھنے کا حکم

بچے کی نسبت دوسری شادی کے بعد دوسرے شوہر کی جانب کی جاسکتی ہےَ؟

السلام علیکم !میں ایک طلاق شدہ حاملہ عورت ہوں،بچے کی ولادت کے بعد میری دوسری شادی کروادی جائے گی، تو میرا سوال یہ ہے کہ کیا بچے نام کے ساتھ اس کے اصل باپ کا نام لگایا جائے گا یا جس سے میری شادی ہوگی اس کا نام لگایا جا سکتا ہے؟دوسرا سوال یہ ہے کہ کیا میں اپنے بچے کا نام محمد ابوبکر رکھ سکتی ہوں؟ یا پھر صدیق کی جگہ باپ کا نام لگانا ضروری ہے؟

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

شریعتِ مطہرہ میں بچے کی نسبت اس کے حقیقی والد کو چھوڑ کر کسی دوسرے شخص کی طرف کرنا ناجائز و حرام ہے۔لہذا سائلہ کیلئے بچے کی ولادت کے بعد اس کی نسبت اپنے شوہر (یعنی بچے کے حقیقی والد) کی طرف کرنا لازم ہوگا،سائلہ کے لئے اپنے دوسرے شوہر کی طرف اس بچے کو منسوب کرنا درست نہ ہوگا،جبکہ بچے کا محمد ابوبکر صدیق نام رکھنا بلاشبہ جائز اور درست ہے،صدیق کی جگہ والد کا نام لگانا ضروری نہیں۔

مأخَذُ الفَتوی

قال اللہ تعالیٰ: ادعوھم لاٰبائھم ھو اقسط عند اللہ (سورۃ الاحزاب،آیت نمبر 5)۔
و فی صحیح البخاری: عن ابی عثمان عن سعد رضی اللہ عنہ قال النبی ﷺ یقول من ادّعٰی إلی غیر ابیہ و ھو یعلم انہ غیر ابیہ فالجنۃ علیہ حرام فذکرتہ لابی بکرۃ فقال و انا سمعتہ اذنای و وعاہ قلبی من رسول اللہ ﷺ الخ (باب من ادعی غیر ابیہ، ج: 2، ص: 1001، ط: قدیمی کتب خانہ)۔
و فی رد المحتار تحت:(قولہ قد نسخ) لعل وجھہ زوال علۃالنہی السابقۃ بوفاتہ علیہ الصلاۃ و السلام تأمل،(إلی قولہ) و لو کنی ابنہ الصغیر بأبی بکر وغیرہ کرھہ بعضھم و عامتھم لا یکرہ لأن الناس یریدون بہ التفاؤل تتارخانیۃ، الخ (کتاب الحظر و الإباحۃ، فصل فی البیع، ج: 6، ص: 418، ط: ایچ ایم سعید)۔


واللہ تعالی اعلم بالصواب
محمد رحمان عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 73960کی تصدیق کریں
0     99
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات