السلام علیکم ! میرا نام رانا سید ہے الحمدللہ میری ایک 18 ماہ کی بیٹی ہے اور ہم نے اس کا نام زارہ زینب رکھا ہے اسماء کے معانی کا کافی مطالعہ کرنے پر یہ بات ملی کہ زارہ کا معنی خوبصورت پھول کے ہیں اور یہ لفظ زہرہ سے مشتق ہے لیکن حال ہی میں ایک دوست نے مجھے بتایا کہ زارہ کے معنی مکھی کے ہیں جوکہ جانوروں پر بیٹھتی ہے اور یہ لفظ خون کی بارش سمجھانے کیلئے بھی استعمال ہوتا ہے مجھے یہ جان کر کافی حیرانگی ہوئی تو میں اس معاملہ میں صحیح اور معتمد معلومات ڈھونڈنے کی کوشش کررہا ہوں مہربانی فرما کر میری مد د فرمائیں ۔
اپنی اولاد کیلئے اچھے ناموں کا انتخاب کرنابھی والدین کی ذمہ داریوں میں داخل ہے کیونکہ قیامت کے دن ہر ایک کو اس کے نام کے ساتھ پکارا جائے گا ،لغت میں زارہ کے معنیٰ (اونٹوں کا ریوڑ ،بانس کی پانی رکھنے والی جھاڑی) کے آتے ہیں ،اگرچہ یہ نام (زارہ) بھی درست ہے لیکن اس سے بہتر نام "زہرہ ہے کہ جس کے معنی رونق اور خوبصورتی کے ہیں (المنجد) اس لئے سائل بجائے "زارہ"کے "زہرہ"نام تجویز کرلے تو یہ زیادہ بہتر ہے۔
فی المشکوۃ :عن ابی الدرداء قال قال رسول اللہ ﷺ تدعون یوم القیامة باسمائکم واسماء آبائکم فاحسنوا اسمائکم (ج2/408)
وفیھا ایضاً:عن عائشة قالت ان النبی ﷺ کان یغیر الاسم القبیح اھ (2/408)۔واللہ اعلم بالصواب