اگر کسی گھر میں بورنگ کی جارہی ہو اور گھر کے لوگ اس میں برکت کے لئے زمزم ڈال دیں تو کیسا ہے؟ کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ یہ زمزم کی توہین ہے،کیونکہ وہ پانی باتھ روم، غسل خانے اور کچن کے بیسن ہر جگہ جائےگا اور استعمال ہوگا اور اس کی وجہ سے زمزم کی توہین ہوگی،کیونکہ زمزم کا ایک قطرہ بھی اگر عام پانی میں ملا دیا جائے تو اس پورے پانی میں زمزم والی صفات پیدا ہوجاتی ہیں۔
(نوٹ) یہ صفات والی بات کو اب سائنس بھی مانتی ہے اور سائنس دانوں نے تجربات کرکے بھی دیکھے ہیں)
براہِ مہربانی وضاحت فرما دیں کہ اس کی حقیقت اور شرعی حیثیت کیا ہوگی؟ اگر زمزم بورنگ میں ڈال دیا جائے ؟جزاک اللہ خیرا۔
بورنگ کی ابتداء میں برکت کے لئے زمزم کا پانی ڈالنے سے بورنگ کا سارا پانی زمزم کے حکم میں نہیں بنتا،بلکہ وہ عام پانی کے حکم میں ہی رہتا ہے،اس لئے اس پانی سے وضوغسل وغیرہ بلاکراہت جائز اور درست ہے۔
وفی الدر المختار: (يرفع الحدث) مطلقا (بماء مطلق)(الیٰ قوله) (وماء زمزم) بلا كراهة اھ (1/179)۔
وفی رد المحتار: (قوله يكره الاستنجاء بماء زمزم) وكذا إزالة النجاسة الحقيقية من ثوبه أو بدنه اھ (2/625)۔