السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
میرا سوال یہ ہے کہ ایک شخص جو کسی اسکول کا ملازم نہیں ہے، اپنے ذاتی تعلقات کے ذریعے اسکول کی ریسپشنسٹ تک میرا سی وی پہنچواتا ہے۔ اس نے مجھ سے کہا ہے کہ اگر میری ملازمت ہوگئی تو پہلی تنخواہ ملنے پر میں اپنی آدھی تنخواہ اسے دوں گی۔ اگر ملازمت نہیں ہوتی تو مجھے کوئی رقم نہیں دینی ہوگی۔
اس شخص کا کام صرف میرا سی وی آگے بھجوانا ہے۔ ڈیمو، انٹرویو پاس کرنا اور ملازمت حاصل کرنا میری اپنی قابلیت پر منحصر ہے۔ وہ ملازمت کی ضمانت نہیں دیتا اور نہ ہی اسکول کا ملازم ہے۔
کیا شرعاً اس شخص کو پہلی تنخواہ کا آدھا حصہ دینا جائز ہے؟ کیا اس رقم کا لینا اور دینا حلال ہے یا اس میں رشوت یا کوئی شرعی قباحت شامل ہے؟ براہِ کرم حنفی فقہ کے مطابق رہنمائی فرمائیں۔
جزاکم اللہ خیراً۔
سوال میں مذکور تفصیل کے مطابق سائلہ اور مذکورہ شخص کے درمیان طے پانے والا معاملہ فقہی اعتبار سے اجارہ ہے، البته اس معامله ميں چونكه پهلي تنخواه كا آدھا حصه بطورِ اجرت مقرر ہے جوکہ مجہول ہے ، نیز اس میں اجرت کو ملازمت کی شرط کے ساتھ مشروط کیا گیا ہے، جو شرطِ فاسد ہے۔ لہٰذا مذکورہ اجارہ شرعاً فاسد ہے۔ اور اجارۂ فاسدہ کا حکم یہ ہے کہ اس میں مزدور کو اجرتِ مثل ملتی ہے ، لہذا صورتِ مسئولہ میں اگر اسکو ل کے ضابطے کے مطابق بغیر کسی دھوکہ دہی اور جعلسازی کے مذکور شخص سائلہ کی سی وی استقبالیہ (ریسیپشسنٹ ) تک پہنچادے تو وہ اجرتِ مثل (عام طور پر ایسے کام کے لیے جتنی اجرت مقرر ہوتی ہے )کا مستحق ہوگا اور سائلہ کے ذمے بہر صورت اسے وہ اجرت دینی لازم ہوگی، البتہ اگر وہ اسکول کے ضابطے کے خلاف سائلہ سے پیسے لے کر یہ عمل سر انجام دے تو شرعاً یہ دھوکہ دہی اور رشوت پر مبنی عمل ہوگا جو کہ شرعاً جائز نہیں ، جس سے اجتناب کرنا لازم ہے ۔
وفي البحر الرائق شرح كنز الدقائق: وفي العتابية إن خطته اليوم فلك درهم وإن خطته في غد فلا شيء لك فسد العقد؛ لأنه شرط القمار، وقيل يصح في اليوم ويفسد في الغد. [كتاب الإجارة، باب ضمان الأجير (8/ 36) ط: دار الكتاب الإسلامي]
وفي النهاية في شرح الهداية - السغناقي: وجنس هذه المسائل على ثلاثة أوجه: فواحد من الأوجه الثلاثة: غير جائز بالاتفاق، وهو ما إذا قال للخياط: إن خطته اليوم [فلك درهم]، وإن خطته غدا فلا شيء لك ... أما وجه الأول فإنه مخاطرة؛ لأنه في صورة القمار، وكان فاسدا بالاتفاق؛ [و] لأنه يصير تقدير كلامه كأنه قال: لك أجر درهم على خياطته، أو لا شيء، [ولو] قال: ذلك كان العقد فاسدا، وكان له أجر مثله لا يجاوز به درهم، فهذا مثله كذا في المبسوط. [باب الإجارة على أحد الشرطين (20/ 2 بترقيم الشاملة آليا)]
وفي الجوهرة النيرة على مختصر القدوري: وإن قال إن خطته اليوم فلك درهم، وإن خطته غدا فلا شيء لك قال محمد إن خاطه اليوم فله درهم، وإن خاطه في اليوم الثاني فله أجرة مثله لا يزاد على درهم. [كتاب الإجارة، باب الأجير المشترك والأجير الخاص (1/ 268) ط: المطبعة الخيرية]
آفیسر کے ذمہ کاموں کے کرنے پر اس کی جانب سے دی گئی رشوت سے حاصل کردہ رقم لینا جائز ہے؟
یونیکوڈ رشوت 0