میرا سوال یہ ہے کہ اگر میں سعودی عرب عام لباس میں آؤں اور جدہ میں تین دن سے زیادہ قیام کروں، تو کیا مجھ پر دَم واجب ہوگا یا نہیں؟
صورتِ مسئولہ میں اگر سائل کی نیت صرف جدہ جانے کی ہے اور عمرہ ادا کرنے کا ارادہ نہیں ہے، تو اس صورت میں اس کے لیے میقات سے بغیر احرام گزرنا جائز ہے، اور اس پر دم بھی لازم نہیں ہوگا،البتہ اگر جدہ پہنچنے کے بعد اس کی نیت تبدیل ہوجائے اور وہ عمرہ ادا کرنے کا ارادہ کرلے، تو وہ جدہ میں اپنی رہائش گاہ سے یا حدودِ حرم سے باہر کسی بھی مقام سے احرام باندھ کر عمرہ ادا کرسکتا ہے۔
کما فی الدر المختار: أما لو قصد موضعا من الحل كخليص وجدة حل له مجاوزته بلا إحرام فإذا حل به التحق بأهله فله دخول مكة بلا إحرام وهو الحيلة لمريد ذلك إلا لمأمور بالحج للمخالفة اھ ( کتاب الحج: ج:2،ص:476،ط:حلبی)-