السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔
میں ایک حنفی مسلمان خاتون ہوں۔ میرے پاس اپنا عمرہ ادا کرنے کے لیے کافی رقم ہے، لیکن میں اپنے شوہر یا کسی اور محرم کو ساتھ لے جانے کی استطاعت نہیں رکھتی۔ میں سمجھتی ہوں کہ مسلکِ حنفی کے مطابق عورت شوہر یا محرم کے بغیر مقررہ مسافت (سفرِ شرعی) طے نہیں کر سکتی۔
تاہم، میری معلومات کے مطابق مالکی اور شافعی مسالک میں ایسے تسلیم شدہ اقوال موجود ہیں جو عورت کو محرم کے بغیر حج کے سفر کی اجازت دیتے ہیں، بشرطیکہ سفر، منزل اور واپسی محفوظ ہو۔ میں یہ بھی سمجھتی ہوں کہ فقہاء کی کلاسیکی بحث خاص طور پر فرض حج کے بارے میں ہے، اور عمرے کا حکم اس سے مختلف ہو سکتا ہے۔
میرا سوال خاص طور پر عمرے کے بارے میں ہے: چونکہ میں محرم کا خرچ برداشت نہیں کر سکتی لیکن اپنا عمرہ کر سکتی ہوں، تو کیا میرے لیے جائز ہے کہ میں مالکی یا شافعی مسلک کے اس قول پر عمل کروں جس کے مطابق عورت، سفر محفوظ ہونے کی صورت میں، محرم کے بغیر عمرہ کر سکتی ہے؟
اگر میں ایسا کروں تو کیا اسلام کی رو سے میں گناہ گار ہوں گی، یا میں اہلِ سنت کی فقہ کے اندر ایک درست اور تسلیم شدہ قول پر عمل کرنے والی شمار ہوں گی؟
کیا یہ بات کہ میں عموماً مسلکِ حنفی کی پیروی کرتی ہوں، مجھے اس خاص مسئلے میں کسی دوسرے تسلیم شدہ مسلک کا قول اختیار کرنے سے روکتی ہے؟
براہِ کرم جواب خاص طور پر عمرے کے بارے میں دیں، حج کے بارے میں نہیں، اور یہ بھی بتائیں کہ آیا آپ کا جواب اس بات پر مختلف ہوتا ہے کہ عمرہ فرض سمجھا جائے یا نفلی۔
جزاک اللہ خیراً۔
واضح ہو کہ فقہِ حنفی میں عورت کے لیے شوہر یا شرعی محرم کے بغیر مسافتِ شرعیہ کے بقدر سفر کرنا جائز نہیں، خواہ سفر حج کے لیے ہو یا عمرہ کے لیے، اور خواہ عورت اکیلی سفر کرے یا کسی جماعت کے ساتھ۔ لہٰذا صورتِ مسئولہ میں سائلہ کے لیے محرم کے بغیر عمرہ پر جانا شرعاً جائز نہ ہوگا۔نیز، اس مخصوص مسئلے میں سائلہ کو دوسرے مذہب کی رخصت پر عمل کرنے کی بھی اجازت نہ ہوگی۔ عمرہ فرض ہو یا نفل، دونوں صورتوں میں حکم یکساں ہے۔اس لیے سائلہ کو چاہیے کہ محرم کا انتظام ہونے تک عمرہ مؤخر کردے۔
کما فی صحیح البخاری: عن أبي هريرة رضي الله عنه قال: قال النبي صلى الله عليه وسلم:لا يحل لامرأة، تؤمن بالله واليوم الآخر، أن تسافر مسيرة يوم وليلة ليس معها حرمة. (1/369)
وفی المبسوط للسرخسي: المرأة لا يجوز لها أن تخرج لسفر الحج إلا مع محرم أو زوج عندنا. (4/197)
وفي أصول الإفتاء وآدابه للعثماني: والذي يظهر لي -والله سبحانه وتعالى أعلم- بأن المنع من التلفيق هو الراجح؛ لأن الذي اتفق عليه الجميع أن التلاعب بالمذاهب بالتشهي اتباع للهوى، وهو ممنوع بنص القرآن الكريم. (ص: 22)