احکام عمرہ

متعدد عمروں میں حلق کے بجائے قصر کرنے سے کتنے دم لازم ہوں گے؟

فتوی نمبر :
98614
| تاریخ :
2026-08-20
عبادات / حج و عمرہ / احکام عمرہ

متعدد عمروں میں حلق کے بجائے قصر کرنے سے کتنے دم لازم ہوں گے؟

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ، مسئلہ درپیش ہے کہ زید نے 2019 سے 2026 تک تقریباً 4 مرتبہ مکہ پاک اور مدینہ پاک کا سفر کیا اور اس میں پہلی بار ہر عمرہ کے بعد حلق کیلیے سر پر ریزر استعمال کرتا رہا، بعد میں تین حاضریوں میں تقریباً 30 سے 35 بار عمرہ کیا اور علم نہ ہونے کی وجہ سےکہ حلق کرتے، استرے کے بجائے مشین استعمال کرتا رہا، اب چوتھی حاضری میں اسے اس مسئلے کا پتا چلا ہے کہ استرا لگوانا لازمی ہے، اب کیا حکم ہے زید ہر حاضری کے بعد سال دو سال پاکستان رہ کر دوبارہ آچکا ہے، پاکستان جاکر معمول کے مطابق زندگی گزارتا رہا ہے، اس دوران بال بڑھنے پر کٹواتا رہا ہے، براہِ کرم رہنمائی فرمائیں کیا 30 ،35 دم لازم آئیں گے؟ اتنے زیادہ دم پر کثیر مالی رقم بھی لگے گی، براہِ کرم رہنمائی فرمائیں۔

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

واضح ہو کہ عمرے کی ادائیگی کے بعد احرام سے نکلنے کے لیے اگرچہ حلق (سر کے بال منڈوانا) قصر (سر کے بال کٹوانے اور چھوٹے کرنے ) کے مقابلے میں افضل ہے، تاہم احرام سے نکلنے کے لیے حلق ہی لازم نہیں، بلکہ شرعی اعتبار سے قصر کے ذریعے بھی احرام سے نکلا جا سکتا ہے۔ لہٰذا صورتِ مسئولہ میں زید نے اگر ہر عمرے کی ادائیگی کے بعد مشین کے ذریعے سر کے تمام بال یا کم از کم چوتھائی سر کے بال ایک پورے کی مقدار میں قصر کر لیے تھے تو وہ احرام سے نکل چکا تھا،چنانچہ اس صورت میں اس کے بعد اگر اس نے ممنوعاتِ احرام(مثلاً سلے ہوئے کپڑے پہننے، بال یا ناخن کاٹنے اور خوشبو استعمال کرنے وغیرہ )کا ارتکاب کیا ہو تو اس کی وجہ سے اس پر کوئی دم یا جزاء وغیرہ لازم نہیں ،اس لئے اسے اس حوالے سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔
البتہ اگر زید کے سر پر ایک پورے کی مقدار میں بال موجود نہیں تھے تو ایسی صورت میں اس کے لیے سر پر استرا پھیرناہی لازم تھا۔ اگر اس نے استرا پھیرنے کے بجائے صرف مشین استعمال کی تو اس عمل سے وہ احرام سے نہیں نکلا۔ اب زید نے اس طرح جو تیس پینتیس عمرے کئے ہیں،اس کی درج ذیل صورتیں ہوسکتی ہیں:
پہلی صورت یہ کہ اگر زید نے پہلے عمرے کے بعد استرا پھیرے بغیر دوسرا عمرہ شروع کر دیا، پھر اسی طرح مزید عمرے بھی ادا کیے، اور ان عمروں کے درمیان احرام کی ممنوعات میں سے کسی چیز کا ارتکاب نہیں کیا، یہاں تک کہ بعد میں احرام سے نکلنے کی نیت سے ممنوعاتِ احرام کا ارتکاب کیا تو اس صورت میں، مذکورہ تفصیل کے مطابق، متعدد عمروں کے احرام سے متعلق یہ تمام خلاف ورزیاں ایک ہی جنایت شمار ہوں گی اور اس کی وجہ سے زید پر ایک دم لازم ہوگا۔
دوسری صورت یہ ہے کہ اگر زید نے ہر عمرے کی ادائیگی کے بعد احرام سے نکلنے کی نیت سے ممنوعاتِ احرام کا ارتکاب کیا تو ایسی صورت میں وہ ان ممنوعات کے ارتکاب کے ذریعے احرام سے نکل چکا تھا۔ چنانچہ بعد میں ممنوعاتِ احرام کے ارتکاب کی وجہ سے اس پر کوئی الگ دم لازم نہیں ہوگا، البتہ حلق کیے بغیر احرام سے نکلنے کی وجہ سے اس پر دم لازم ہوگا۔ اس طرح زید نے جتنی مرتبہ یہ عمل کیا، ہر مرتبہ حلق کیے بغیر احرام سے نکلنے کی وجہ سے اس کے ذمے ایک دم لازم ہوگا۔
لہٰذا زید کو چاہیے کہ تمام صورتوں پر غور و فکر کرکے یہ متعین کرے کہ اس کے ذمے کتنے دم لازم ہوئے ہیں، پھر ان کی ادائیگی کا اہتمام کرےالبتہ یہ ضروری نہیں کہ تمام دم ایک ہی وقت میں ادا کیے جائیں، بلکہ انہیں وقفے وقفے سے بھی ادا کیا جا سکتا ہے، تاہم بہتر یہ ہے کہ بلاوجہ تاخیر کیے بغیر جلد از جلد ان کی ادائیگی کا اہتمام کیا جائے۔

مأخَذُ الفَتوی

کما فی تفسیر القرطبی۔الجامع لاحکام القران:
والتحليق والتقصير جميعا للرجال، ولذلك غلب المذكر على المؤنث. والحلق أفضل، وليس للنساء إلا التقصير. وقد مضى القول في هذا في" البقرة" «1». وفي الصحيح أن معاوية أخذ من شعر النبي صلى الله عليه وسلم على المروة بمشقص. وهذا كان في العمرة لا في الحج، لأن النبي صلى الله عليه وسلم حلق في حجته.(ج:16،ص:291،سورۃ الفتح ایۃ:28،ط:دارالکتب المصریۃ،القاہرۃ)
و فی الھدایۃ:
قال: " ثم يذبح إن أحب ثم يحلق أو يقصر "(الی قولہ)والحلق أفضل " لقوله عليه الصلاة والسلام " رحم الله المحلقين " الحديث ظاهر بالترحم عليهم ولأن الحلق أكمل في قضاء التفث وهو المقصود وفي التقصير بعض التقصير فأشبه الاغتسال مع الوضوء ويكتفي في الحلق بربع الرأس اعتبارا بالمسح وحلق الكل أولى اقتداء برسول الله عليه الصلاة والسلام والتقصير أن يأخذ من رءوس شعره مقدار الأنملة "( باب الاحرام،ج:1،ص:145، ط: دار احیاء التراث العربی،بیروت،لبنان)
وفی الشامیۃ:(قوله فيلزم الدم) أي لجناية الجمع ولا دم لتأخير الحلق هنا لأنه في العمرة غير موقت بالزمان كما مر إلا إذا حلق قبل الفراغ من الثانية فيلزم دم آخر كما علمته آنفا (قوله لا لحجتين) عطف على العمرتين؛ وقوله فلا يلزم أي دم الجمع، بل يلزم دم التأخير أو التقصير فقط كما مر وقد تبع الشارح في ذلك صاحب البحر حيث قال: وصرح في الهداية بأنه أي الجمع بين إحرامي حجين أو عمرتين بدعة، وأفرط في غاية البيان بقوله إنه حرام لأنه بدعة وهو سهو، لما في المحيط والجمع بين إحرامي الحج لا يكره في ظاهر الرواية لأنه في العمرة إنما كره لأنه يصير جامعا بينهما في الفعل لأنه يؤديهما في سنة واحدة، بخلاف الحج اهـ فلذا فرق المصنف بين الحج والعمرة تبعا للجامع الصغير فإنه أوجب دما واحدا للحج. وقال بعض المشايخ: يجب دم آخر للجمع اتباعا لرواية الأصل وقد علمت أن الفرق بينهما ظاهر الرواية، هذا خلاصة ما في البحر(ج:2،ص: 587،ط:)

واللہ تعالی اعلم بالصواب
سلیم اللہ علیم عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 98614کی تصدیق کریں
0     58
Related Fatawa متعلقه فتاوی
  • بغیر احرام کے مکہ میں داخل ہونا

    یونیکوڈ   اسکین   احکام عمرہ 0
  • دوران عمرہ حیض آجائے تو عورت کیا کرے؟

    یونیکوڈ   اسکین   احکام عمرہ 1
  • نامحرم عورت کے نام سے نفلی عمرہ کرنا

    یونیکوڈ   اسکین   احکام عمرہ 0
  • جدہ سے ریاض یا دمام جانا ہو تو عمرے کاحکم

    یونیکوڈ   اسکین   احکام عمرہ 0
  • احرام باندھنے کے بعد اگرائرپورٹ پر روک لیاجائے توکیاکرناہوگا؟

    یونیکوڈ   اسکین   انگلش   احکام عمرہ 0
  • باون سالہ خاتون کا اکیلے عمرہ کرنا

    یونیکوڈ   اسکین   احکام عمرہ 1
  • رضاعی بھتیجے کے ساتھ حج یا عمرہ پر جانا

    یونیکوڈ   اسکین   احکام عمرہ 0
  • ماسک لگاکر عمرہ کرنے کا حکم

    یونیکوڈ   اسکین   احکام عمرہ 0
  • عورت کا اپنے بارہ سالہ بیٹے کے ساتھ عمرہ پر جانا

    یونیکوڈ   اسکین   انگلش   احکام عمرہ 0
  • بزنس ویزے پر عمرہ کرناجائزہے؟

    یونیکوڈ   اسکین   انگلش   احکام عمرہ 0
  • ہیئر ٹرانسپلانٹ کروانے کے بعد عمرہ میں حلق کیسے کروائے

    یونیکوڈ   اسکین   احکام عمرہ 0
  • کیا عمرہ پر جانے سے حج فرض ہوجاتا ہے؟

    یونیکوڈ   انگلش   احکام عمرہ 0
  • سفرِ عمرہ میں نمازیں قصر پڑھیں گے یا پوری ؟

    یونیکوڈ   احکام عمرہ 0
  • عمرہ رسیدہ خاتون کا بغیر محرم عمرہ کے سفر پر جانا

    یونیکوڈ   احکام عمرہ 0
  • عورت کا بغیر محرم عورتوں کی جماعت کے ساتھ عمرہ کیلئے جانا

    یونیکوڈ   احکام عمرہ 0
  • عمرے کے طواف کے دوران پیشاب کے قطرے آنے کا حکم

    یونیکوڈ   احکام عمرہ 0
  • احرام کی حالت میں کس طرح کی چپل پہن سکتے ہیں؟

    یونیکوڈ   احکام عمرہ 0
  • قطروں کی بیماری کی وجہ سے احرام کے نیچے انڈر ویئر پہننا

    یونیکوڈ   احکام عمرہ 0
  • مقروض شخص کا قرض ادائیگی سے قبل عمرہ کرنا

    یونیکوڈ   احکام عمرہ 0
  • Going for Umrah on a lottery drawn by the working place

    یونیکوڈ   انگلش   احکام عمرہ 0
  • Ruling on trimming or cutting the hair beyond the boundary of Haram

    یونیکوڈ   انگلش   احکام عمرہ 0
  • بیوی کا شوہر سے عمرہ کا خرچہ مانگنا

    یونیکوڈ   احکام عمرہ 0
  • دورانِ عدت عمرہ کی ادائیگی کا حکم

    یونیکوڈ   احکام عمرہ 0
  • عورت کا چودہ سالہ بیٹے کے ساتھ عمرہ پر جانا

    یونیکوڈ   احکام عمرہ 0
  • احرام میں کچھ دیر کیلئے ممنوعہ چپل پہننا

    یونیکوڈ   احکام عمرہ 0
Related Topics متعلقه موضوعات