السلام علیکم! میں نے پہلے ایک عمرہ کیا اور حلق کروا لیا اس کے بعد جب دوسرا عمرہ کیا تو غلطی سے ٹرمر (machine) چلوا لیا، لیکن پھر جب مسئلہ پتہ چلا تو فوراً ہی حلق کروا لیا۔ تو کیا یہ جو میں نے دوسرے عمرے میں پہلے ٹرمر چلوایا ہے، اس پہ کوئی صدقہ یا دم لازم آئے گا کیونکہ احرام کی حالت میں بال وغیرہ کاٹنا منع ہوتا ہے؟
صورت ِ مسئولہ میں اگر سائل نے عمرے کے افعال (طواف و سعی ) مکمل کرنے کے بعد احرام سے نکلنے کے لیے مشین لگالیا ، لیکن بال چھوٹے ہونے کی وجہ سے قصر کے بجائے حلق ضروری ہونے کا مسئلہ معلوم ہونے پر دوبارہ حلق کروالیا، تو اس کی وجہ سے سائل پر کوئی صدقہ و کفارہ اس پر لازم نہ ہوگا،بشرطیکہ حلق کرنے سے قبل ممنوعات احرام میں سے کسی ممنوع فعل کا ارتکاب نہ کیا ہو۔
کما فی الدر المختار: ومتى تعذر أحدهما لعارض تعين الآخر فلو لبده بصمغ بحيث تعذر التقصير تعين الحلق بحر اھ
وفی رد المحتار: تحت (قوله فلو لبده إلخ) مثال لتعذر التقصير ومثله ما لو كان الشعر قصيرا فيتعين الحلق، وكذا لو كان معقوصا أو مضفورا كما عزي إلى المبسوط.ووجهه أنه إذا نقضه تناثر بعض الشعر، فيكون جناية على إحرامه قبل أن يحل منه فيتعين الحلق، لكن قد يقال إن هذا التناثر غير جناية لأنه في وقت جواز إزالة الشعر بحلق أو غيره، ولو نتفا منه أو من غيره كما يأتي فبقي ما في المبسوط مشكلا تأمل اھ(کتاب الحج ج:2 ص:516 ناشر: الحلبی)
وفی المبسوط: ثم الأصل بعد هذا أنه متى حلق عضوا مقصودا بالحلق من بدنه قبل أوان التحلل فعليه دم اھ(باب الجنایات فی الحج ج:3 ص:33 ناشر:دار الفكر، بيروت)