السلام علیکم کیا فرماتے ہیں اس مسئلے میں مفتیانِ کرام کہ میں ایک پرائیوٹ کمپنی میں کام کرتا ہوں۔ یہاں ماہانہ کی بنیاد پر ہماری تنخواہ میں سے PF کی مد میں ایک مخصوص رقم کاٹی جاتی ہے اور اتنی ہی رقم کمپنی اس میں ملاتی ہے، اور وقتاً فوقتاً اس رقم پر منافع کی صورت میں ایک مخصوص رقم مزید ہمارے ٹوٹل PF میں ملا دی جاتی ہے جس کو کمپنی Profit بولتی ہے۔آپ بتائیں کہ PF کی رقم میں شامل ہونے والا منافع کسی صورت میں ہمارے لئے لینا جائز ہے؟ اگر نہیں تو اس کا مصرف کیا ہوگا؟برائے مہربانی قرآن و سنت کی روشنی میں اس مسئله کا جواب عنایت فرمانے میں عین نوازش ہوگی۔
موجود دور میں پراویڈنٹ فنڈ کی دو قسمیں ہیں ۔ (۱) جبری (۲) اختیاری
جبری پراویڈنٹ فنڈ میں ملازم کی تنخواہ سے جو رقم ماہ بماہ کاٹی جاتی ہے ، اور اس پر ہر ماہ جو اضافہ محکمہ اپنی طرف سے کرتا ہے، پھر مجموعہ پر جو رقم سالانہ بنام سود جمع کرتا ہے، ان تینوں رقموں کا حکم ایک ہی ہے اور وہ یہ کہ یہ سب رقمیں در حقیقت تنخواہ ہی کا حصہ ہیں، اگر چہ وہ سود یا کسی اور نام سے دی جائیں ،لہذا ملازم کے لیے ان کو لینا اور اپنے استعمال میں لانا جائز اور درست ہے۔جبکہ پراویڈنٹ فنڈ کی دوسری قسم اختیاری ہے، جس کو ملازم اپنی مرضی اور اختیار سے کٹواتا ہے،اس میں ملازم کی تنخواہ سے کاٹی جانے والی رقم اور ادارے کی طرف سے شامل کی جانے والی رقم وصول کرنا تو ملازم کیلئے جائز ہے البتہ اس پر جور قم محکمہ بنام سود دےگا، اس میں چونکہ تشبہ بالربا کے ساتھ سود خوری کا ذریعہ بنا لینے کا خطرہ بھی ہے ، اس لئے اس اضافی رقم کو اپنے استعمال میں لانے کے بجائے بغیر نیت ثواب کسی مستحق زکوۃ کو دیدینا چاہئے۔
كما في البحر الرائق: (قوله بل بالتعجيل أو بشرطه أو بالاستيفاء أو بالتمكن) يعني لا يملك الأجرة إلا بواحد من هذه الأربعة والمراد أنه لا يستحقها المؤجر إلا بذلك كما أشار إليه القدوري في مختصره۔الخ(کتاب الإجارة،ج:7،ص:300،ط:مکتبۃ رشیدیۃ)
وفی رد المحتار : (قوله كل قرض جر نفعا حرام) أي إذا كان مشروطا كما علم مما نقله عن البحر، وعن الخلاصة وفي الذخيرة وإن لم يكن النفع مشروطا في القرض، فعلى قول الكرخي لا بأس به۔الخ(مطلب كل قرض جر نفعا حرام،ج:5،ص:166،ط:سعید)
پراویڈنٹ فنڈ اختیاری سے حاصل شدہ اضافی رقم کو کن مدات میں استعمال کیا جاسکتاہے؟
یونیکوڈ پراویڈنٹ فنڈ 0