کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ مسمیٰ عبدالجبار کا انتقال ہو گیا جو کہ ایک سرکاری ٹیچر تھے، مرحوم کی وفات کے بعد حکومت کی طرف سے انکو(G.P)فنڈ ملا ہے،اٹھارہ لاکھ روپے،یہ رقم بیوی ،بچوں میں تقسیم کرنی ہے،کس کے حصہ میں کتنی رقم آئے گی؟اور مرحوم عبد الجبار کی پیشن ملتی ہے (48,000 )اڑتالیس ہزار روپے، پینشن کی رقم بیوی ، بچوں میں تقسیم کرنی ہے ،کس کے حصے میں کتنی رقم آئیگی؟جبکہ مرحوم کے ورثاء میں دو بیویاں، جن میں سے پہلی بیوی ثمینہ مرحومہ کا انتقال مرحوم کی زندگی میں ہو گیا تھااور انکی أولاد میں(عبدالغفار، تیمینہ ، نوربینہ،روبینہ اور رضوانہ)ہیں،اور دوسری بیوی مسماۃ فوزیہ حیات ہیں،انکی أولاد میں(آمنہ اور عائشہ)ہیں۔
نوٹ:مرحوم عبد الجبار کے انتقال کے بعد حکومت نے G.P فنڈ کو دونوں بیویوں کے بچوں کے درمیان آدھا آدھا تقسیم کرنے کا کہہ دیا ہے، جبکہ ایک مرحومہ بیوی کی چار بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے،اور جو بیوی حیات ہے اسکی دو بیٹیاں ہیں،اور جو پینشن کی رقم ہے، حکومت اسکو بیوہ اور مرحوم کی پہلی بیوی کی دو غیر شادی شدہ بیٹیوں کو دینا چاہتی ہے، تو کیا پینشن کی رقم میں دیگر اولاد خاص کر مرحوم کے بیٹے (عبدالجبار) کا حق بنتا ہے یا نہیں ؟جو بھی حکم شرعی ہو تحریر فرمائیں۔ شکریہ
واضح ہو کہ ملازم کو ادارے کی طرف سے ملنے والے مختلف فنڈز کا ترکہ میں شامل ہونے یا نہ ہونے کیلئے ضابطہ یہ ہے کہ اگر ملازم اپنی زندگی میں اس فنڈ کا مستحق بنا تھا تو اسکی وفات کے بعد وہ فنڈ باقی ترکہ کی طرح اسکے تمام ورثاء کے درمیان تقسیم ہو گا، اور اگر ملازم زندگی میں اسکا مستحق نہیں بنا تھا تو اسکی وفات کے بعد وہ دیگر ترکہ کی طرح تمام ورثاء کے درمیان تقسیم نہیں ہو گا،بلکہ ادارہ جسکے نام جاری کرے شرعاً وہ ہی اسکا مالک شمار ہو گا ،لہٰذا مرحوم عبدالجبار کے ورثاء کوادارے کی طرف سے جی پی فنڈ کی مد میں جو رقم موصول ہوئی ہے یہ مرحوم کا ترکہ شمار ہو گا،جوکہ تمام ورثاء(بیوی،بچوں)میں حسب حصص شرعی تقسیم ہوگا،البتہ مرحوم کی وفات کے بعد ادارے کی طرف سے دی جانے والی پینشن کی رقم مرحوم کا ترکہ نہیں،بلکہ ادارے کی طرف سے مرحوم کے پسماندگان کیساتھ تبرع اور احسان ہوتا ہے،اور ادارہ اس رقم کے لئے جس فرد کو نامزد کردے وہی اسکا حقدار ہوتا ہے،لہٰذا اگر ادارے کی طرف سے پینشن کی رقم کیلئے مرحوم عبدالجبار کی دوسری بیوہ اور پہلی بیوی کی بیٹیوں کو نامزد کیا گیا ہو تو شرعاً وہی اس رقم کی حقدار ہونگی اور یہ رقم انکے درمیان برابر تقسیم ہوگی اسمیں مرحوم کے بیٹے یا کسی اور کا شرعاً حق نہ ہو گا۔
اسکے بعد واضح ہوکہ سائل کے والدِمرحوم (مسمی عبد الجبار) کا ترکہ اصول میراث کے مطابق اسکے مذکور ورثاء میں اسطرح تقسیم کیا جائے گا کہ مرحوم نے بوقتِ انتقال اپنی ذاتی ملکیت میں جو کچھ منقولہ و غیر منقولہ مال و جائیداد،سونا،چاندی، زیورات،نقد رقم اور ہر قسم کا چھوٹا بڑا گھر یلو ساز و سامان چھوڑا ہے اس میں سے سب سے پہلے مرحوم کے کفن دفن کے متوسط مصارف ادا کریں ،اسکے بعد دیکھیں کہ اگر مرحوم کے ذمہ کوئی واجب الادا قرض ہو یا بیوہ کا حق مہر نہ ادا کیا ہو تو اس کی ادائیگی کریں، اُس کے بعد دیکھیں کہ اگر مرحوم نے کوئی جائز وصیت کی ہو تو بقیہ مال کے ایک تہائی(3/1) حصے کی حد تک اُس پر عمل کریں، اُس کے بعد جو کچھ بچ جائے اسکے کل چونسٹھ(64) حصے بنائے جائیں، جن میں سے مرحوم کی بیوہ(مسماۃ فوزیہ حیات)کو آٹھ(8) حصے، بیٹے(مسمی عبدالغفار)کوچودہ(14)حصے اور ہر بیٹی کو سات(7)حصے دیے جائیں
في بدائع الصنائع:لأن الإرث إنما يجري في المتروك من ملك أو حق للمورث على ما قال «- عليه الصلاة والسلام – من ترك مالا أو حقا فهو لورثته»ولم يوجد شيء من ذلك فلا يورث ولا يجري فيه التداخل اھ(7/57)
وفی رد المحتار: إن المدرس لو مات أو عزل في أثناء السنة قبل مجيء الغلة وظهورها من الأرض، يعطى بقدر ما باشر، ويصير ميراثا عنه كالأجير إذا مات في أثناء المدة، ولو كانت صلة محضة لم يعط شيئا لأن الصلة لا تملك قبل القبض بل تسقط بالموت قبله،اھ(4/435)
پراویڈنٹ فنڈ اختیاری سے حاصل شدہ اضافی رقم کو کن مدات میں استعمال کیا جاسکتاہے؟
یونیکوڈ پراویڈنٹ فنڈ 0