متولی نے ہاوس بلڈنگ سے سودی قرض لیا ،کچھ رقم ادھار لے کر اپنا مکان بنایا پھر اسے مدرسہ للبنات کانام دیا ،بڑے بیٹے کو عالم دین ،مفتی بنایا اس وعدے پر کہ اس کا انتظام بڑا بیٹا چلائے گا،بعد ازاں اسی مدرسہ کو معطل کردیا چند سال بعد وہاں مسجد کھڑی کر دی ۔اس اثنا میں سب سے چھوٹے بیٹے کو کچھ عرصہ مدرسہ بھیجا مگر وہ فارغ التحصیل نہ ہوا ،اس دوران بڑے بیٹے نے مدرسہ للبنین کا قیام عمل میں لایا اور اسے چلاتا رہا مگر بایں سبب کہ بڑا بیٹا مدرسہ کے مال کے ذاتی مصارف میں استعمال کو غیر شرعی ہونے کا مشورہ دیتا رہا،ایسے میں والد نے بڑے بیٹے سے یوں وعدہ خلافی کی کہ اسے یک سر بر طرف کرتے ہوئے مسجد میں چھوٹے بیٹے کی تولیت کا اعلان کر دیا ۔اب معلوم یہ کرنا ہے کہ واقف ایسا کر سکتا ہے جب کہ زمین کی خرید و تعمیر میں سودی پیسہ استعمال ہوا ،اپنے بچے کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کیا ،اور سب سے چھوٹے کو اس لیے نوازا کے وہ چھوٹا ہے بڑا خود کچھ کر لے گا ۔جواب دے کر عند اللہ ماجور ہوں والسلام محمد محمود احمد
صورت مسئولہ میں مذکور متولی اپنے مکان کا چونکہ مالک بن چکا تھا اس لئے اگر اس نے بعد میں اس مکان کو وقف کرکے مسجد میں تبدیل کردیا ہے، تو واقف ہونے کی وجہ سے اسے کسی متولی کو معزول کرکے دوسرا متولی لگانے کا اختیار شرعاً حاصل ہے، تاہم وہ سودی قرض لینے کی وجہ سے گناہ کبیرہ کا مرتکب بنا ہے، اس لئے اس پر لازم ہے کہ بصدق دل توبہ اور استغفار کرتے ہوئے آئندہ سودی قرض لینے سے احتراز کرے۔
کما فی الرد: "(قوله: ولاية نصب القيم إلى الواقف) قال في البحر قدمنا أن الولاية للواقف ثابتة مدة حياته وإن لم يشترطها وأن له عزل المتولي، وأن من ولاه لا يكون له النظر بعد موته أي موت الواقف إلا بالشرط على قول أبي يوسف." ( کتاب الوقف،مطلب ولایۃ نصب القیم الی الواقف، ج:4، ص:421، ط: سعید)