السلام عليكم و رحمة الله و بركاته
میں خواتین کے چہرے کی کریمیں بناتا ہوں۔ اگر میں یوٹیوب پر وڈیو بنانے والی خواتین سے اپنی کریموں پر وڈیو بنواؤں اور وہ اپنے چینل پر خواتین کے لیے وہ وڈیو لگائیں تاکہ خواتین اس وڈیو کو دیکھ کر میری کریم استعمال کریں، اور اگر ان کی وہ وڈیو کوئی مرد بھی دیکھ لیں اس صورت میں کہ یوٹیوب انہیں دکھائے یا وہ پہلے سے ان خواتین کو فالو کر رہے ہوں، تو کیا اس کا گناہ مجھے ہو گا؟ کیا ایسا کرنے کی اجازت ہے یا منع ہے؟
اس وڈیو میں خاتون کا چہرہ دکھ رہا ہو گا۔ بغیر چہرہ دکھائے سیل نہیں ہوتی۔ شاید اس لئے کہ خواتین بھی چہرہ دیکھے بغیر خریدنے کا اعتبار نہیں کرتیں۔ وڈیو بنانے والی خواتین پہلے بھی وڈیوز میں چہرہ دکھا رہی ہوتی ہیں۔
برائے مہربانی رہنمائی فرما دیں
سائل کے لیے اپنی مصنوعات کی تشہیر اور کاروبار میں وسعت کے لئے خواتین کی ویڈیوز تیار کروا کر یوٹیوب یا دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نشر کروانا جبکہ غیر محرم مردوں کا اسے دیکھنا یقین کی حد تک ہو (جیسا کہ سائل نے سوال میں بھی اس کا تذکرہ کیا ہے) شرعاً جائز نہیں۔ اسی طرح ایسے غیر شرعی طریقۂ کار کے ذریعے حاصل ہونے والی آمدنی میں خیر و برکت کی امید بھی نہیں کی جا سکتی۔لہٰذا سائل کو چاہیے کہ وہ اس غیر شرعی طرزِ تشہیر سے اجتناب کرتے ہوئے اپنے کاروبار کو شرعی اصولوں کے مطابق چلانے کی کوشش کرے۔ اگرچہ بظاہر وقتی طور پر آمدنی میں کمی محسوس ہو، تاہم ان شاء اللہ حلال اور جائز ذرائع سے حاصل ہونے والی کمائی میں اللہ تعالیٰ برکت، اطمینان اور خیرِ کثیر عطا فرمائیں گے۔
وفی أحکام القرآن للجصاص: وقوله تعالى: {وتعاونوا على البر والتقوى} يقتضي ظاهره إيجاب التعاون على كل ما كان طاعة لله تعالى; لأن البر هو طاعات الله. وقوله تعالى: {ولا تعاونوا على الأثم والعدوان} نهي عن معاونة غيرنا على معاصي الله تعالى.الخ (مطلب البیان علی وجھین ج:2 ،ص: 381 مط:دارالکتب العلمیۃ)