میں اپنے شوہر سے خلع لے رہی ہوں ، خلع لینے کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ہمارے درمیان چار سال سے میاں بیوی کے جسمانی تعلقات قائم نہیں ہوئےہیں، اور میرے شوہر لڑکیوں سے تعلقات رکھتے ہیں ، میں پچھلے چار مہینے سے اپنے امی کے گھر رہ رہی ہوں، ان سے میری کوئی ملاقات نہیں ہوئی ہے ۔ میں کام کرتی ہوں اور میرے اوپر میری بیٹی کی معاشی ذمہ داری ہے ، مجھے میرے شوہر کی طرف سے ان چار مہینوں میں کوئی تعاو ن نہیں ملا ہے ۔ لہذا میری جوب ضروری ہے جس کی وجہ سے میں عدت کی میعاد میں چھٹی نہیں لے سکتی ۔ اس صورت میں میری عدت کیسے ہوگی ؟رہنمائی فرمائیں !
واضح ہو کہ خلع بھی دیگر عقودِ مالیہ کی طرح ایک عقدِ مالی ہے جس کی صحت اور درستگی کے لئے فریقین کی باہمی رضامندی ضروری ہے۔ جبکہ مروّجہ عدالتی خلع میں عموماً فریقین کی رضامندی مفقود ہو تی ہے اس لئے شرعاً یہ درست نہیں ہوتا اور اس کے ذریعے سے میاں بیوی کا نکاح بھی ختم نہیں ہوتا ۔ تاہم اگر سائلہ اور اس کے شوہر کے درمیان خلع کا معاملہ حقِ مہر اور دوران ِ عدت کے نان و نفقہ کے عوض باہمی رضامندی سے فائنل ہوکر دونوں کے درمیان علیحدگی ہوجاتی ہے ، اور سائلہ کے لئے شوہر سے علیحدگی کے بعد آمدن یا گذر بسر کا کوئی اور ذریعہ موجود نہ ہو اور سائلہ کے والدین اور بھائی بھی دوران عدت خرچہ اٹھانے کے لئے تیار نہ ہوں تو ایسی مجبوری کی صورت میں پردۂ شرعیہ کی پابندی کے ساتھ دن کے اوقات میں ملازمت جاری رکھنے کی گنجائش ہے۔ البتہ اس دوران سائلہ پر لازم ہوگا کہ وہ غروبِ آفتاب سے پہلے پہلے گھر لوٹ آئے ، اس کے لئے دورانِ عدت گھر سے باہر رات گذارنا کسی صورت جائز نہیں ۔
کما قال اللہ تعالی : لا تخرجوھن من بیوتھن و لا یخرجن إلا أن یاتین بفاحشۃ مبینۃ ( الطلاق : 1)-
و فی تبییین الحقائق : قال رحمہ اللہ تعالی ( و لا تخرج المعتدۃ من بیتھا ) بل تعتد فی المنزل کان یضاف إلیھا بالسکنی حال وقوع الطلاق سواء کان الطلاق رجعیاً أو بائنا لقولہ تعالی: لا تخرجوھن من بیوتھن ولا یخرجن إلا أن یاتین بفاحشۃ مبینۃ ( الطلاق : 1) ( إلی قولہ ) و لیس لھا أن تخرج منہ إلا للضرورۃ من خوف علی نفسھا أو مالھا إلخ ( کتاب الطلاق ، باب العدۃ ، ج 3 ص 270 ط دار الکتب العلمیۃ )-
و فی البدائع : أما الخلع فجملۃ الکلام فیہ ( إلی قولہ ) و أما رکنہ فھو الإیجاب و القبول لأنہ عقد علی الطلاق بعوض فلا تقع الفرقۃ و لا یستحق العوض بدون القبول إلخ ( ج 3 ، ص 145 ، ط سعید )-
بیوی کا پانچ سال شوہر سے علیحدہ رہنے کےبعد طلاق ہو جانے کی صورت میں عدت گرازنا لازم ہے؟
یونیکوڈ احکام عدت 0