گناہ و ناجائز

ایجنٹ کو خطیر رقم دیکر غیر مسلم ممالک میں ملازمت اختیار کرنے کا حکم

فتوی نمبر :
69360
| تاریخ :
حظر و اباحت / جائز و ناجائز / گناہ و ناجائز

ایجنٹ کو خطیر رقم دیکر غیر مسلم ممالک میں ملازمت اختیار کرنے کا حکم

السلام علیکم ! میں کراچی ،پاکستان سے ہوں، میں ا پنی بیوی، بیٹے اور ماں کے ساتھ رہتا ہوں، اور میں خاندان کا واحد کمانے والا ہوں، جیسا کہ ہم جانتے ہیں کہ ہجرت ایک سنت ہے اور ا گر کسی کو کسی خاص جگہ پر مشکلات کا سامنا ہو تو ہجرت کا اختیار تجویز کیا جاتا ہے، اس تناظر میں میرا ایک سوال ہےکہ میں دوسرے ملک میں ہجرت کرنا چاہتا ہوں، میں نے کینیڈا کا ا نتخاب کیا ہے کیونکہ میری بہن بھی وہاں رہتی ہے، اور میں وہاں روزگار تلاش کرنے کا ارادہ کر رہا ہوں، تاہم مسئلہ یہ ہے کہ کینیڈا میں غیر ملکیوں کے لئے ملازمتیں ان ایجنٹوں کے ذریعے فراہم کی جا رہی ہیں جو کینیڈا میں زیادہ مانگ کی وجہ سے، غیر سرکاری طور پر نوکریوں اور ورک ویزا کے لئے زیادہ فیس لیتے ہیں یا ہم کہہ سکتے ہیں کہ اس پر ان کی اجارہ داری ہے،ان ایجنٹوں نے اپنے نرخ مقرر کر رکھے ہیں، اور ان کے ذریعے ملازمت حاصل کرنے کی قیمت بہت زیادہ ہے، جو کہ ایک قابل ذکر رقم ہے، میں مذہبی نقطہ نظر سے رہنمائی چاہتا ہوں، کیا ایسے کاموں میں مشغول ہونا جائز ہے؟ کیا اس معاملے میں کوئی حرام یا دینی مسئلہ ہو سکتا ہے کیا میں اپنے ہی ملک میں مشکلات کا سامنا جاری رکھوں ؟یا میرےلئےان مواقع کو حاصل کرنا جائز ہے، برائے مہربانی دینی تعلیمات کی روشنی میں میری رہنمائی فرمائیں کہ یہ عمل حلال ہے؟ کہہم اس کے لئے جائیں ،یا یہ حرام ہے ؟

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

کسی غیرمسلم ملک میں مستقل رہائش اختیار کرنا، اس کی قومیت اختیار کرنا اور اس ملک کے ایک باشندے اور ایک شہری ہونے کی حیثیت سے اس کو اپنا مستقل مسکن بنالینا ایک ایسا مسئلہ ہےجس کا حکم زمانے اور حالات کے اختلاف اوررہائش اختیار کرنے والوں کی اغراض و مقاصد کے اختلاف سے مختلف ہوجاتا ہے، مثلاً:

۱۔ اگر ایک مسلمان کو اس کے وطن میں کسی جرم کے بغیر تکلیف پہنچائی جارہی ہو یا اس کو جیل میں ظلماً قید کردیا جائے یا اس کی جائیداد ضبط کرلی جائے اور کسی غیر مسلم ملک میں رہائش اختیار کرنے کے سوا ان مظالم سے بچنے کی اس کے پاس کوئی صورت نہ ہو ایسی صورت میں اُس شخص کیلئے کسی غیر مسلم ملک میں رہائش اختیار کرنا اور ملک کا ایک باشندہ بن کر وہاں رہنا بلاکراہت جائز ہے، بشرطیکہ وہ اس بات کا اطمینان کرلے کہ وہ و ہاں جاکر عملی زندگی میں دین کے احکامات پر کاربند رہے گا ،

2۔ اسی طرح اگر کوئی معاشی مسئلہ سے دو چار ہوجائے اور تلاشِ بسیار کے باوجوداسےاپنے اسلامی ملک میں معاشی وسائل حاصل نہ ہوں حتیٰ کہ وہ ’’قوت لا یموت‘‘کا محتاج ہوجائے ان حالات میں اگر اس کو کسی غیرمسلم ملک میں کوئی جائز ملازمت مل جائے جس کی بناء پر وہاں رہائش اختیار کرے تو اس کیلئے و ہاں رہائش اختیار کرنا جائز ہے،

3۔ اسی طرح اگر کوئی شخص کسی غیر مسلم ملک میں اس نیت سے رہائش اختیار کرتا ہے کہ وہ وہاں کے غیر مسلموں کو اسلام کی دعوت دے گا ،اور ان کو مسلمان بنائے گا یاجو مسلمان وہاں مقیم ہیں اُن کو شریعت کے صحیح احکام بتائے گا اور ان کو دینِ اسلام پر جمے رہنے اور احکامِ شرعیہ پر عمل کرنے کی ترغیب دے گا ،اس نیت سے وہاں رہائش اختیار کرنا صرف یہ نہیں کہ جائز ہے بلکہ موجب اجر وثواب ہے،

۴۔ اگر کسی کو اپنے ملک میں اس قدر معاشی و سائل حاصل ہیں جس کے ذریعے وہ ا پنے شہر کے لوگوں کے معیار کے مطابق زندگی گزارسکتا ہے لیکن صرف معیارِ زندگی بلند کرنے کی غرض سے اور خوشحالی اور عیش و عشرت کی زندگی گزارنے کی غرض سے کسی غیر مسلم ملک کی طرف ہجرت کرتا ہے تو ایسی ہجرت کراہت سے خالی نہیں ،اس لئے کہ اس صورت میں دنیاوی ضروریات کیلئے اپنے آپ کو وہاں رائج شدہ فواحشات و منکرات کے طوفان میں ڈالنے کے مترادف ہے،اور بلا ضرورت ا پنی دینی اور اخلاقی حالت کو خطرے میں ڈالنا کسی طرح بھی درست نہیں، اس لئے جو لوگ صرف عیش و عشرت اور خوشحالی کی زندگی بسر کرنے کیلئے وہاں رہائش اختیار کرتے ہیں ان میں دینی حمیت کمزور پڑجاتی ہے ،چنانچہ ایسے لوگ کافرانہ محرکات کے سامنے تیز رفتاری سے پگھل جاتے ہیں، اسی وجہ سے حدیث شریف میں شدید ضرورت اور تقاضے کے بغیر مشرکین کے ساتھ رہائش اختیار کرنے کی ممانعت آئی ہے،لہذا سائل مندرجہ بالا تفصیل کو مدنظر رکھ کرکینڈا جانے یا نہ جانے کا فیصلہ کرسکتاہے

مأخَذُ الفَتوی

قال اللہ تعالی :ھو الذی جعل لکم الارض ذلولاً فا مشو ا فی مناکبہا و کلو من رزقہ و الیہ النشور (الملک /15)۔
و فی سنن ابی داود :عن سمرۃ بن جندب اما بعد قال رسول اللہ ﷺ من جامع المشرک و سکن معہ فانہ مثلہ (2/37)۔

واللہ تعالی اعلم بالصواب
محمد قاسم حسین عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 69360کی تصدیق کریں
0     554
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات