کیا فرماتے ہیں مفتیانِ کرام و علماءِ کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ میں ایک یو ایس اے کمپنی کے ساتھ کام کر رہا ہوں، میں ایک سوفٹ ویئر انجنیئر ہوں، موبائل ایپلیکیشن ڈیولپ کرتا ہوں، ابھی میں ایک اپیلیکیشن پر کام کر رہا ہوں اس میں گھر کے سامان کی خرید وفروخت ہوتی ہے، لیکن اس میں اب ایک نیا فیچر وہ شامل کرنا چاہ رہے ہیں، جس میں وہ وائن بیئر وغیرہ بیجیں گے، مجھے وہ کام کرنا چاہیئے یا نہیں؟
سائل کا گھر کے سامان فروخت کرنے کے لئے مذکورہ ایپلیکیشن بنانا تو جائز ہے، لیکن بیئر اور وائن نشہ آور اشیاء کی خرید وفروخت چونکہ شرعاً جائز نہیں، اور نشہ آور چیزوں کی خرید وفروخت کے لئےمذکور ایپلیکیشن میں ایک نئے فیچر کا اضافہ کرنے میں ایک گونہ معاونت ہے، اس لئے سائل کو اس نئے فیچر کے اضافہ کرنے سے معذرت کرنی چاہیئے۔
کما فی فقه البیوع: والثانی بتصریح المعصبة فی صلب العقد، کمن قال بعنی ھذا العصیر لاتخذه خمراً، فقال بعته، أو آجر لی بیتك لابیع فیه الخمر، فقال آجرته، فانه بھذا التصریح تضمن نفس العقد معصیة، مع قطع النظر عما یحدث به ذالك من اتخاذه خمراً، وبیع الخمر فیه، وذلك لما فی اجارات المبسوط للسرخسی رحمه اللہ: وإذا استاجر الذمی من المسلم بیتاً لیبیع فیه الخمر لم یجز لأنه معصیة، فلا ینعقد العقد علیه ولا أجر له عندھما اھ (۱/ ۱۹۰) -