میں نے رات کو ایک ٹیکسی 250 روپے میں مریض کو ڈاکٹر کے پاس لے جانے کے لیے بک کرائی ،اور اس کو میں نے صرف پندرہ سے بیس منٹ انتظار کرنے کو کہا ، جب میں بیس منٹ کے بعد واپس آیا تو وہ جا چکا تھا (راستہ میں جاتے ہوئے اس نے مجھے دو بار سی این جی بھروانے کے لیے کہا لیکن میں نے کہاکہ واپسی پر یا ڈاکٹر کے کلینک میں زیادہ وقت لگنے کی صورت میں بھروا لینا ) میرے پاس نا تو اس کا رابطہ نمبر ہے نہ ہی ٹیکسی کا نمبر ۔ پھر بھی میں نے تقریباً تیس منٹ تک اس کا انتظار کیا، لیکن وہ نہیں آیا میں نے مریض کی وجہ سے جلدی واپسی کرنی تھی، اس لیے وہاں پر موجود ٹیکسی والوں کو میں نے ہدایات دے دیں کہ جب وہ آجائے تو اسے بولنا کہ جہاں سے مریض لیا تھا وہیں سے صبح پیسے لے لینا تین دن تک میں اسے ڈھونڈتا رہا لیکن نہیں ملا ۔ اب آپ مجھے یہ بتائیں کہ اس کے ۲۵۰ روپے میں اس کی طرف سے صدقہ کردوں یا نہیں ؟ برائے مہربانی کوئی حل بتائیں۔
اگر اس کے دوبارہ نہ ملنے کا یقین ہو، یا نا ممکن ہو تو بہتر ہے کہ مذکور رقم اس کی طرف سے صدقہ کر دی جائے، پھر اگر کسی وقت اچانک وہ دوبارہ مل جائے ،تو اسے صدقہ کرنے کا بتا دیا جائے ، اگر وہ تسلیم کرلے تو بہتر ورنہ اسے اس کا حق دے دیا جائے اور ایسی صورت میں وہ صدقہ آپ کی طرف سے شمار ہو جائے گا۔