محترم مفتی صاحب!السلام علیکم ورحمۃاللہ وبرکاتہ:کیا فرماتے ہیں علماء کرام اور مفتیان عظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ میری شادی تقریباً 13 سال پہلے ہوئی تھی ۔ میری 2 اولادیں ہیں اور دونوں لڑکے ہیں جنکی عمر تقریباً 12 سے 13 سال کی ہیں ۔ کچھ گھریلو مسائل اور نا گزیر وجوہات کی بناء پرمیں نے اپنی بیوی کو طلاقیں دے دی ہیں۔جواب طلب امر یہ ہے کہ تین طلاقیں دینے کے بعد میری بیوی اپنی عدت کہاں گزارےگی آ یا شوہر کے گھر میں یا اپنے کسی محرم کے گھر میں۔ واضح رہے کہ میرے والدین کا انتقال ہوگیا ہے، میرے گھر صرف میں اکیلا ہوتا ہوں جس کی بناء پر مجھےیہ اندیشہ ہے کہ مجھ سے کوئی غیر شرعی کام نہ ہو جائےجو عنداللہ میرے مواخذے کا سبب بنے۔لہٰذا میری آپ جناب سے مؤدبانہ گزارش ہے کہ میری اس مسئلہ میں شرعی اعتبار سے رہنمائی فرمائیں اور یہ بھی وضاحت فرمادیں کہ میرے بچوں کا نان نفقہ کتنا اور کتنی عمر تک میرے ذمے ہے ؟ تاکہ عنداللہ سزا سے بچ سکوں۔
واضح ہو کہ عورت پر عدت(خواہ عدت وفات ہویاعدت طلاق) اپنے شوہر کے گھر میں ہی گزارنا لازم ہے،بغیر کسی عذر کےعدت کے دوران گھر سے باہر نکلنا شرعاً جائز نہیں، البتہ اگر شوہر کے گھر میں رہائش کی صورت میں جان، مال یا عزتِ نفس کا خطرہ ہو تو بوجہ مجبوری اپنے والدین یاکسی دوسرے محرم رشتہ دارکے گھر عدت گزار سکتی ہے ۔ لہذاصورتِ مسئولہ میں سائل کی بیوی طلاقِ ثلاثہ کے بعد اس کے لیے اجنبیہ کے حکم میں ہے،چنانچہ سائل کے لیےعدت کے دوران اس کے ساتھ تنہائی اختیار کرنا یا ازدواجی تعلق قائم کرنا جائز نہیں ، اس لیے سائل کوچاہیےکہ وہ بیوی کی عدت کے دوران گھرمیں ہرقسم کی احتیاطی تدابیراختیارکرنے کااہتمام کرے ،لیکن اگرسائل کے گھر میں رہنے کی صورت میں گناہ میں مبتلا ہونے کا اندیشہ ہو اور اس سے بچنے کا مناسب انتظام ممکن نہ ہو،توسائل بیوی کی عدت کے دوران خوداپنی متبادل رہائش کابندوبست کرلے توزیادہ مناسب ہے، تاہم اگرایساکرنااس کے لیے ممکن نہ ہو، توایسی صورت میں بیوی کے لیےکسی محرم کے گھر منتقل ہوکر عدت گزارنے کی گنجائش ہے۔جہاں تک بچوں کے نان ونفقہ کا تعلق ہے تو دونوں نابالغ بیٹوں کا کھانا، پینا، لباس، رہائش، علاج اور دیگر ضروری اخراجات والد کے ذمہ ہیں، اور یہ اخراجات والد کی مالی استطاعت اور بچوں کی ضروریات کے مطابق ہوں گے، ان کی کوئی متعین رقم مقرر نہیں۔ جبکہ لڑکوں کے بالغ اور کمانے کے قابل ہونے کے بعد ان کا نفقہ والد کے ذمہ لازم نہیں رہتا، البتہ اگر وہ معذوری یا کسی عذر کی وجہ سے کمانے سے عاجز ہوں تو ان کا نفقہ حسبِ استطاعت والد کے ذمہ ہوگا۔
کما فی المبسوط للسرخسی: وإن كانت في منزل مخوف على نفسها أو مالها وليس معها رجل كانت في سعة من الرحلة لأن المقام مع الخوف لا يمكن، وفي المقام ضرر عليها في نفسها ومالها وذلك عذر في إسقاط حق الشرع الخ (باب العدة وخروج المرأة من بيتھا، ج: 6، ص:36، ط: دار الکتب العلمیۃ)۔
وفی الدر المختار:(فتجب للزوجة) بنكاح صحيح، فلو بان فساده أو بطلانه رجع بما أخذته من النفقة بحر (على زوجها) ؛ لأنها جزاء الاحتباس الخ(باب النفقۃ،ج:3،ص: 572،مط:ایچ ایم سعید)
وفیہ ایضاً:ولو هي في بيت أبيها) إذا لم يطالبها الزوج بالنقلة به يفتى؛ وكذا إذا طالبها ولم تمتنع أو امتنعت (للمهر أو مرضت في بيت الزوج) فإن لها النفقة استحسانا لقيام الاحتباس الخ(باب النفقۃ،ج:3،ص: 575،مط:ایچ ایم سعید)
وفی الھندیۃ: الذكور من الأولاد إذا بلغوا حد الكسب، ولم يبلغوا في أنفسهم يدفعهم الأب إلى عمل ليكسبوا (الفصل الرابع فی نفقۃ الاولاد،ج:1، ص: 562، ناشر:ماجدیہ)
بیوی کا پانچ سال شوہر سے علیحدہ رہنے کےبعد طلاق ہو جانے کی صورت میں عدت گرازنا لازم ہے؟
یونیکوڈ احکام عدت 0