السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!عرض یہ ہے کہ میرے سابق داماد نے (11مئی 2026)کو ہماری بیٹی کو یہ کہہ کر اس کے میکے چھوڑا کہ اس "اس کی طبیعت خراب ہے ،امی نے کہا جب ٹھیک ہوجائے گی تو لے جاؤں گا۔تاہم واپس لے جانے کے بجائے (19ستمبر 2026) کو اس نے طلاق نامہ بھیج دیا ۔طلاق کے بعد عدت کے ایام کا خرچہ اپنے حساب سے اس نے ادا کردیا ہے۔درج ذیل امور کے حوالے سے شرعی رہنمائی درکار ہے ۔(11) مئی سے لے کر طلاق سے ایک دن پہلے (18 ستمبر2026)تک کل (131) دن (تقریباً 4 ماہ گیارہ دن )بنتے ہیں ۔اس عرصے کے دوران میری بیٹی اپنے میکے میں ہی رہی اور شوہر نے اس کا کوئی نفقہ (خرچہ)ادا نہیں کیا ۔ چونکہ علیحدگی شوہر کی طرف سے طلاق کی صورت میں واقع ہوئی ہے اس لیے شوہر اور اس کے گھر والے شادی کے وقت دئیے گئے زیورات اور دیگر تحائف وغیرہ بھی واپس نہیں دے رہے۔شرعی رہنمائی درکارہے ۔(1)کیا طلاق سے پہلے کے ان (131)دنوں کا نفقہ شوہر کے ذمے شرعی قرض ہے (2)کیا شرعاً اس کی ادائیگی شوہر پر لازمی اور قرض ہے (3)ان تحائف اور زیورات کے متعلق شرعی حکم کیا ہے جو شادی کے وقت دئیے گئے تھے اور اب شوہر یا سسرال والے واپس نہیں دے رہے؟برائے مہربانی قرآن وسنت اور فقہ اسلامی کی روشنی میں فتوی صادر فرما کر ممنون فرما ئیں تاکہ شرعی حکم واضح ہوسکے۔
واضح ہو کہ شریعت مطہرہ میں شوہر کے ذمہ حسب استطاعت بیوی کا نان نفقہ اور اسکے حقوق کی ادائیگی لازم ہے،لیکن اگر کبھی عورت خود سے اپنے لیے کھانے پینے وغیرہ کا انتظام کرلے یا میکے میں ہونے کی وجہ سے والدین نان ونفقہ کا خرچہ کریں تو اس کی واپسی کا مطالبہ شوہر سے نہیں کیا جاسکتا الا یہ کہ نفقہ پر خرچ کرنے سے قبل خاوند سے اس خرچ کی واپسی کی بات کی جائے، لہذا صورت مسؤلہ میں سائل کی بیٹی نے جتنے دن سائل کے پاس گزارے ہیں ان میں جو خرچہ آیا ہے وہ اخراجات چونکہ سائل نے تبرعاً و احساناً کئے ہیں (جیسا کہ سوال سے بھی یہی معلوم ہوتا ہے)اور خرچ کرنے سے قبل سائل نے اپنے داماد سے قرض وغیرہ کی کوئی بات بھی نہیں کی تھی اس لیے سائل کیلئے اس خرچ کی واپسی کا مطالبہ کرنا شرعاً جائز نہیں ہے،جبکہ شادی کے موقع پر ایک دوسرے کو دیے جانے والے تحائف اور رقم عموماً مالک بنا کر دیا جاتا ہے اس لیے طلاق کے بعداب جانبین میں سے کسی کیلئے اس کی واپسی کے مطالبے کا حق حاصل نہیں ،لہذا سسرال والوں نے اگر لڑکی کو دئیے گئے تحائف اپنے پاس روک لیےہوں تو یہ تحائف ان کو واپس کرنا ضروری ہے ۔البتہ حق مہر کے علاوہ زیورات کی شکل میں جو سونا دلہن کو دیا جاتا ہے، تو بعض علاقوں کے عرف و رواج میں بطور عاریت پہنوائے کے طور پر دیا جاتا ہے جو علیحدگی کی صورت میں شوہر کو واپس لینے کا اختیار ہوتا ہے، لہذا اگر سائل کی بیٹی کے سسرال کا عرف بھی یہی ہو تو اس کے شوہر یا خاندان والوں کا مذکور زیور اپنے پاس روکنے کا حق حاصل ہے جس کی واپسی کا مطالبہ کرنے سے سائل کو احتراز کرنا چاہیے ۔
کما فی البحر الرائق: (قوله تجب النفقة للزوجة على زوجها والكسوة بقدر حالهما) أي الطعام والشراب بقرينة عطف الكسوة والسكنى عليها والأصل في ذلك قوله تعالى {لينفق ذو سعة من سعته} [الطلاق: 7] وقوله تعالى {وعلى المولود له رزقهن وكسوتهن بالمعروف} [البقرة: 233] (باب النفقة،ج: 4،ص: 188،مط: دار الکتاب الاسلامی)
و فی الدر المختار: (والنفقة لا تصير دينا إلا بالقضاء أو الرضا) أي اصطلاحهما على قدر معين أصنافا أو دراهم، فقبل ذلك لا يلزم شيء،اھ(باب النفقة،مطلب لا تصير النفقة دينا،ج: 3،ص: 594،مط: دارالفکر)
و فی ردالمحتار: (تحت قوله: والنفقة لا تصير دينا إلخ) أي إذا لم ينفق عليها بأن غاب عنها أو كان حاضرا فامتنع فلا يطالب بها بل تسقط بمضي المدة،اھ(ج: باب النفقة،مطلب لا تصير النفقة دينا،ج: 3،ص: 594،مط: دارالفکر)
و فی المحیط البرہانی: أن النفقة انما تجب عوضاً عن الاحتباس فی بيت الزوج، فاذا كان الفوات لمعنى من جهة الزوج أمكن أن يجعل ذلك الاحتباس باقياً تقديراً، أما اذا كان الفوات بمعنى من جهة الزوجة لا يمكن أن يجعل ذلك الاحتباس باقياً تقديراً وبدونه لا يمكن ايجاب النفقة،اھ(الفصل الأول في نفقة الزوجات، كتاب النفقات،ج: 3،ص: 522،مط: دارالکتب العلمیة)
بیوی کا پانچ سال شوہر سے علیحدہ رہنے کےبعد طلاق ہو جانے کی صورت میں عدت گرازنا لازم ہے؟
یونیکوڈ احکام عدت 0