نکاح

شوہر کو وکیل بناکر آنلائن کئے ہوئے نکاح کی شرعی حیثیت کیا ہے؟

فتوی نمبر :
98237
| تاریخ :
2026-08-07
معاملات / احکام نکاح / نکاح

شوہر کو وکیل بناکر آنلائن کئے ہوئے نکاح کی شرعی حیثیت کیا ہے؟

میرا آن لائن نکاح ہوا۔ میرے شوہر نے مجھ سے کہا کہ میں انہیں اپنی طرف سے نکاح کی اجازت دوں اور اپنا وکیل/ولی مقرر کروں۔ میں نے اپنی طرف سے نکاح کی اجازت دی اور انہیں اپنا وکیل بنایا۔اس کے بعد انہوں نے دو گواہوں کی موجودگی میں خود نکاح پڑھایا، حقِ مہر مقرر کیا، ایجاب و قبول کروایا(انہوں نے اپنا ایجاب و قبول کیا اور گواہوں سے بھی پوچھا، لیکن مجھ سے دوران نکاح الگ سے "کیا آپ کو یہ نکاح قبول ہے؟" تین مرتبہ یا دوبارہ نہیں پوچھا گیا۔ میں نے صرف پہلے ہی واضح الفاظ میں وائس میسج کے ذریعے نکاح کی رضامندی اور اجازت دی تھی)، بعد میں مہر بھی ادا کر دیا گیا۔ اس نکاح میں میرے والد یا کسی دوسرے شرعی ولی کو اطلاع نہیں تھی، اور نہ ہی کسی قاضی یا مولوی نے نکاح پڑھایا۔میرا سوال یہ ہے کہ کیا یہ نکاح شرعاً صحیح اور منعقد ہو گیا ہے یا نہیں؟

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

واضح ہوکہ قاضی یا مولوی کابوقت نکاح موجود ہونا صحتِ نکاح کے لیے شرط نہیں بلکہ نکاح میں لڑکا،لڑکی کا وکیل بن کراپنانکاح اس سے خودکرنابھی شرعاًدرست ہے،لہذا صورتِ مسئولہ میں اگر سائلہ کےنکاح میں والدین اوراولیاء کی اجازت اوررضامندی شامل ہواورسائلہ نےنکاح سے پہلے صراحتاً اپنے ہونےوالےشوہر کو اپنی طرف سے وکیل مقرر کردیا ہو اوراس نے سائلہ کانکاح اپنے ساتھ وکیل کی حیثیت سے دو شرعی گواہوں کی موجودگی میں ایجاب و قبول اور حقِ مہر کی تعیین کے ساتھ کردیاہو ،تویہ نکاح شرعاً درست منعقد ہوچکاہے۔ بشرطیکہ لڑکاو لڑکی آپس میں ہم کفو ہوں ۔تاہم اگراس نکاح میں سائلہ کے اولیاء کی رضامندی شامل نہ ہو؛بلکہ ان کی اجازت ورضامندی کے بغیرچھپ کرکیاگیاہو،تو والدین کی اجازت و رضامندی کے بغیر چھپ کر نکاح کرنا شرعاً معیوب اور عرفاً انتہائی قبیح عمل ہے، شریف خاندانوں میں اس طرح کے خفیہ نکاح کو انتہائی بُرا سمجھا جاتا ہے، اور اس طرح نکاح بزرگوں کی دعاؤوں سے خالی ہونے کی وجہ سے بالآخر طلاق اور خلع پر منتج ہو جاتا ہے۔اس لیے سائلہ اور اس کے شوہر کو چاہیے کہ اپنے والدین اور اولیاء کو اعتماد میں لے کر ان کی رضامندی حاصل کرکےان کی دعاؤں کے ساتھ اس ازدواجی رشتہ کوآگے بڑھانے کی کوشش کریں، تاکہ زندگی میں استحکام پیدا ہوسکے۔

واللہ تعالی اعلم بالصواب
محمد سعد جاوید عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 98237کی تصدیق کریں
0     61
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات