کیا فرماتے ہیں علمائے کرام مندرجہ ذیل مسئلہ کے بارے میں کہ ایک لڑکے اور لڑکی نے مدتِ رضاعت میں (نانی) لڑکے کی نانی اور لڑکی کی (دادی) کا دودھ پیا تھا، یہ بات دونوں کے والدین کو پتہ تھا کہ ان بچوں نے مدتِ رضاعت میں دودھ پیا تھا، لیکن اس کے باوجود دونوں کا نکاح کرا دیا،اب جب مسئلہ کا پتہ چلا کہ ان دونوں کے درمیان رضاعت کا رشتہ ہے، تو لڑکی والے نکاح تو ختم کرنے کا کہہ رہے ہیں، جبکہ لڑکے والے بضد ہیں کہ ہمیں ہمارا خرچہ، جو منگنی اور نکاح کے وقت ہوا تھا، واپس کریں، تو ہم رشتہ ختم کریں گے،لیکن جب بھی ہم خرچہ تیار کر کے جمع کر کےدینے کے لیے جاتے ہیں تو پھر ٹال مٹول کرتے ہیں، کبھی خرچہ بڑھا دیتے ہیں،اب اس صورت میں ہمارے لیے کیا حکم ہے؟ اگر وہ کسی صورت تیار نہ ہوں طلاق دینے کے لیے، تو کیا ہم عدالت کی طرف خلع یا تنسیخ کے لیے رجوع کر سکتے ہیں؟ اور عدالت کا فیصلہ اس معاملے میں معتبر ہوگا کہ نہیں؟جو بھی شرعی حکم ہو، تحریر فرمائیں۔
صورتِ مسئولہ میں اگر واقعۃً مذکور لڑکاو لڑکی نے مدتِ رضاعت یعنی دوسال کی عمر کے اندر اپنی نانی (لڑکی کی دادی)کا دودھ پیا ہو تو ان کے درمیان رضاعت کا رشتہ قائم ہوجانے کی وجہ سے وہ دونوں رضاعی بہن ،بھائی بن چکے ہیں، اور جس طرح حقیقی بہن، بھائی کے درمیان نکاح حرام ہے، بعینہ اسی طرح رضاعی بہن، بھائی کا باہم نکاح بھی حرام ہے، چنانچہ گھر والوں نے مسئلہ سے لاعلمی کی وجہ سے یہ نکاح کرادیا ہو،توشرعاََ یہ نکاح درست منعقد نہیں ہوا، بلکہ فاسد ہواہے ، جس کی بنیاد پر مستقبل میں اس رشتہ کو برقرار رکھنا بھی جائز نہیں، بلکہ رشتہ فی الفور ختم کرنا لازم ہے، بلکہ لڑکے پر لازم ہے کہ وہ الفاظ متارکت مثلاً میں نے چھوڑ دیا وغیرہ کہہ کر لڑکی کو اپنے عقد سے آزاد کردے، تاکہ دونوں آئندہ اپنے زندگی کے فیصلے کرنے میں آزاد ہو،لیکن اگر لڑکا کسی بھی صورت اسے اپنے عقد سے آزاد کرنے کے لئے تیار نہ ہو ، تو لڑکی کے لئے شرعاََ گنجائش ہے كہ وہ اپنی طرف سے الفاظ فسخ (میں یہ نکاح فسخ کرتی ہوں) کہہ کر یہ نکاح فسخ کردے، ایسا کرنے سے ان دونوں کےمابین ہونے والا یہ عقد فسخ ہو جائے گا، اور لڑکی بغیر عدت گزارے دوسری جگہ نکاح کرنے میں بھی آزاد ہوگی بشرطیکہ ان کے درمیاں میاں بیوی والا کوئی تعلق قائم نہ ہوا ہو،
جیسا کہ احسن الفتاوی میں ہے: بعد الدخول بالاتفاق متارکت قولیہ ضروری ہے، اور قبل الدخول میں اختلاف ہے، بعض نے متارکت فعلیہ مع عزم عدم العود کو کافی کہا ہے، عزم عدم العود کے سوا متارکت فعلیہ کا کوئی اعتبار نہیں، اور بعض نے بہر صورت متارکت قولیہ کو لازم کہا ہے، عبارت فقہ سے قول اول کو ترجیح معلوم ہوتی ہے، مگر احتیاط قول ثانی میں ہے، زوجہ کی طرف سے فسخ نکاح فاسد تو بالاتفاق صحیح ہے، البتہ متارکت میں اختلاف ہے، شامیہ نے اسے ترجیح دی ہےکہ متارکت اور فسخ میں کوئی فرق نہیں، دونوں زوجہ کی طرف سے صحیح ہیں۔(ج:5، ص: 21)
نیز بہتر یہ ہے کہ اس فسخ کرنے کے عمل پر باقاعدہ گواہ بھی بنالے، اورقانونی کاروائی بھی پوری کرلے، تاکہ بعد میں کسی قسم کا فتنہ نہ ہو، جبکہ اس رشتہ کے موقع پر لڑکے والوں کی جانب سے اپنی مرضی سے کئے گئے خرچہ کا لڑکی والوں سے مطالبہ کرنا اور اس کی وجہ سے لڑکی کو یوں معلق رکھنا شرعاََ و اخلاقاََ جائز نہیں، جس سے اسے احتراز لازم ہے۔
كمافي الدرالمختار:(ويجب مهر المثل في نكاح فاسد) (الی قولہ) (و) يثبت (لكل واحد منهما فسخه ولو بغير محضر عن صاحبه دخل بها أو لا) في الأصح خروجا عن المعصية فلا ينافي وجوبه بل يجب على القاضي التفريق بينهما اھ (مطلب في النكاح الفاسد، ج: ٣، ص: ١٣١/١٣٠، ط: سعيد)
وفي رد المحتار: تحت(قوله في الأصح) وقيل بعد الدخول ليس لأحدهما فسخه إلا بحضرة الآخر كما في النهر وغيره ح (قوله فلا ينافي وجوبه) قال في النهر: وقول الزيلعي ولكل منهما فسخه بغير محضر من صاحبه لا يريد به عدم الوجوب، إذ لا شك في أنه خروج من المعصية والخروج منها واجب بل إفادة أنه أمر ثابت له وحده. اهـ. ح وضمير ينافي لتعبير المصنف باللام في قوله ولكل، وضمير وحده لكل أي يثبت لكل منهما وحده اھ (مطلب في النكاح الفاسد، ج: ٣، ص: ١٣٢، ط: سعيد)
وفى الهندیۃ: يحرم على الرضيع ابواه من الرضاع واصولهما وفروعها من النسب والرضاع جميعا الخ (كتاب الرضاع، ج: ١، ص: ٣٤٣، ط: ما جدیۃ)
وفيها ایضاََ: قليل الرضاع وكثيره إذا حصل في مدة الرضاع تعلق به التحريم كذا في الهداية. قال في الينابيع. والقليل مفسر بما يعلم أنه وصل إلى الجوف كذا في السراج الوهاج، ووقت الرضاع في قول أبي حنيفة - رحمه الله تعالى - مقدر بثلاثين شهرا وقالا مقدر بحولين هكذا في فتاوى قاضي خان اھ (کتاب الرضاع،ج: ١، ص: ٣٥٥، ط: ماجدیۃ)
وفى الدر المختار ( فيحرم منہ) ای بسببہ(مایحرم من النسب ) اھ (باب الرضاع ج3 ص 213 ط:سعید)