گناہ و ناجائز

جینیاتی بیماری کی وجہ سے چار ماہ سے زائد کے حمل کو ساقط کرنے کا حکم

فتوی نمبر :
97619
| تاریخ :
2026-07-19
حظر و اباحت / جائز و ناجائز / گناہ و ناجائز

جینیاتی بیماری کی وجہ سے چار ماہ سے زائد کے حمل کو ساقط کرنے کا حکم

السلام عليكم ورحمۃالله وبركاتہ! میرا نام اسامہ ہے اور میں کراچی کا رہائشی ہوں۔ میرا پہلا بچہ پیدا ہوا تھا جو محض 4 ماہ کی عمر میں انتقال کر گیا۔ ڈاکٹروں نے اس کی موت کی وجہ ایک موروثی اور جینیاتی بیماری Spinal Muscular Atrophy) SMA) بتائی تھی۔ بیماری کی حقیقت : مفتی صاحب !یہ ایک ایسی خطرناک موروثی بیماری ہے جس میں بچے کے جسم کے پٹھے (muscles) پیدا ہوتے ہی آہستہ آہستہ کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں۔ بچہ نہ خود سے سانس لے سکتا ہے، نہ دودھ نگل سکتا ہے، نہ گردن سنبھال سکتا ہے اور نہ ہی بیٹھ سکتا ہے۔ یہ ایک تڑپا دینے والی لاعلاج بیماری ہے جس کا کوئی سستا یا آسان علاج دنیا میں موجود نہیں، اور اس کا شکار بچہ چند ماہ میں انتہائی تکلیف کے ساتھ دم توڑ دیتا ہے۔
اب میری اہلیہ دوبارہ حاملہ ہیں۔ ہم نے ماہر جینیات (Geneticist) ڈاکٹر بشری افروز سے رجوع کیا اور پیٹ میں موجود بچے کا جینیاتی بلڈ ٹیسٹ کروایا۔ رپورٹ کے مطابق اس دوسرے بچے میں بھی٪ 100 یہی لاعلاج بیماری (SMA) تشخیص ہو چکی ہے۔ حمل کی موجودہ عمر( 21) ہفتے ہے۔ ڈاکٹر صاحبہ نے اس معذوری اور شدید تکلیف سے بچانے کے لیے ہمیں اسقاط حمل(Abortion) کا مشورہ دیا ہے۔
شرعی سوالات :کیا اس شدید اور تڑپا دینے والی لاعلاج بیماری کی سو فیصد تصدیق کے بعد ہمارے لیے اس حمل کوضائع کروانا شرعی طور پر جائز ہے ؟ کیا اس صورتحال میں ماں کی ذہنی اور جسمانی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے شریعت ہمیں اسقاط کی اجازت دیتی ہے؟ براہ کرم قرآن و سنت کی روشنی میں تحریری فتوی صادر فرما کر ہماری رہنمائی فرمائیں۔

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

واضح ہو کہ شریعتِ مطہرہ نے حمل کے قرار پانے کے بعد اس کی حفاظت کا حکم دیا ہے، اور نفخِ روح (ایک سو بیس دن) کے بعد حمل کو ضائع کرنا سخت ناجائز اور حرام ہے۔ کیونکہ اس مرحلے پر جنین ایک محترم جان کا حکم رکھتا ہے ، جس طرح بیمار انسان کو قتل کرنا جائز نہیں، اسی طرح بیمار جنین کو بھی محض بیماری کی وجہ سے ضائع کرنا بھی جائز نہیں۔
صورتِ مسئولہ میں جبکہ حمل کی مدت اکیس (21) ہفتے (تقریباً چھ ماہ) ہو چکی ہے، اس مرحلے میں اسقاطِ حمل کسی حال میں شرعاًجائزنہیں۔ نیز الٹراساؤنڈ یا جینیاتی ٹیسٹ کے ذریعے بچے کی بیماری کی تشخیص اگرچہ طبی اعتبار سے مضبوط ہو،تب بھی اس کاعلم یقینی نہیں، بلکہ گمان کے درجے میں ہی ہوتا ہے، چنانچہ اس قسم کی ٹیسٹ اوررپوٹیں شرعی لحاظ سے اسقاطِ حمل کا جواز فراہم نہیں کرتیں ۔ بالفرض اگراس قسم کی جنیاتی بیماری کی تشخیص یقینی بھی ہو، تب بھی اللہ تعالیٰ بقیہ مدت میں بچے کو صحت عطا کرنے پر پوری قدرت رکھتے ہیں۔لہٰذا سائل کوچاہیے کہ اللہ تعالیٰ کی رحمت سے اچھی امید رکھےاورزچہ وبچہ کےلیے صحت و عافیت کی دعا اور ساتھ ہی ممکنہ بہتر علاج اور طبی نگہداشت کا اہتمام کرے۔ اس لیے موجودہ حالات میں بہرصورت اسقاط حمل سے احترازلازم ہے۔

مأخَذُ الفَتوی

کما فی رد المحتار تحت قولہ ( وقالوا إلخ): قال في النهر: بقي هل يباح الإسقاط بعد الحمل؟ نعم يباح ما لم يتخلق منه شيء ولن يكون ذلك إلا بعد مائة وعشرين يوما، وهذا يقتضي أنهم أرادوا بالتخليق نفخ الروح وإلا فهو غلط لأن التخليق يتحقق بالمشاهدة قبل هذه المدة كذا في الفتح، وإطلاقهم يفيد عدم توقف جواز إسقاطها قبل المدة المذكورة على إذن الزوج. وفي كراهة الخانية: ولا أقول بالحل إذ المحرم لو كسر بيض الصيد ضمنه لأنه أصل الصيد فلما كان يؤاخذ بالجزاء فلا أقل من أن يلحقها إثم هنا إذا سقط بغير عذرها اهـ قال ابن وهبان: ومن الأعذار أن ينقطع لبنها بعد ظهور الحمل وليس لأبي الصبي ما يستأجر به الظئر ويخاف هلاكه. ونقل عن الذخيرة لو أرادت الإلقاء قبل مضي زمن ينفخ فيه الروح هل يباح لها ذلك أم لا؟ اختلفوا فيه، وكان الفقيه علي بن موسى يقول: إنه يكره، فإن الماء بعدما وقع في الرحم مآله الحياة فيكون له حكم الحياة كما في بيضة صيد الحرم، ونحوه في الظهيرية قال ابن وهبان: فإباحة الإسقاط محمولة على حالة العذر، أو أنها لا تأثم إثم القتل اهـ. وبما في الذخيرة تبين أنهم ما أرادوا بالتحقيق إلا نفخ الروح، وأن قاضي خان مسبوق بما مر من التفقه، والله تعالى الموفق اهـ كلام النهر ح. (مطلب في حكم إسقاط الحمل، ج: 3، ص: 176، مط: سعید کراچی)
وفی الفتاویٰ الھندیۃ: وإن أسقطت بعد ما استبان خلقه وجبت الغرة كذا في فتاوى قاضي خان. العلاج لإسقاط الولد إذا استبان خلقه كالشعر والظفر ونحوهما لا يجوز وإن كان غير مستبين الخلق يجوز وأما في زماننا يجوز على كل حال وعليه الفتوى كذا في جواهر الأخلاطي.(الیٰ قولہ) امرأة مرضعة ظهر بها حبل وانقطع لبنها وتخاف على ولدها الهلاك وليس لأبي هذا الولد سعة حتى يستأجر الظئر يباح لها أن تعالج في استنزال الدم ما دام نطفة أو مضغة أو علقة لم يخلق له عضو وخلقه لا يستبين إلا بعد مائة وعشرين يوما أربعون نطفة وأربعون علقة وأربعون مضغة كذا في خزانة المفتين.وهكذا في فتاوى قاضي خان. والله أعلم.( الباب الثامن عشر في التداوي والمعالجات وفيه العزل وإسقاط الولد، ج: 5، ص: 356، مط: ماجدیۃ)

واللہ تعالی اعلم بالصواب
محمد اسلم امین عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 97619کی تصدیق کریں
0     32
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات