نکاح

میاں بیوی سے اجازت لے کر نکاح کروانے سے کیا ان کا نکاح درست ہوجائے گا؟

فتوی نمبر :
97616
| تاریخ :
2026-07-19
معاملات / احکام نکاح / نکاح

میاں بیوی سے اجازت لے کر نکاح کروانے سے کیا ان کا نکاح درست ہوجائے گا؟

کیا فرماتے ہیں علماء کرام مندرجہ ذیل مسئلہ میں کہ مجھے میرے شوہر نے تین طلاقیں دی تھی، اور میری عدت گزر چکی تھی، اس دوران میرے سابقہ شوہر جیل میں تھے، اور میں نےکہیں اور نکاح کرلیا ، ارادہ یہ تھا کہ اپنے بچوں کی خاطر واپس جاؤنگی، پھر میں نے ایک مفتی صاحب سے مشورہ کیا کہ میرے سابقہ شوہر جیل میں ہے، ان سے میرا نکاح کیسے ہوگا، تو مفتی صاحب نے کہا کہ تم جب ملاقات کےلئے جاؤ تو ان سے اجازت لے لو نکاح کےلئے ، تو میں ملاقات کےلئے گئی اور ان سے پوچھا کہ آپ کی اجازت ہے مفتی صاحب میرا نکاح آپ کے ساتھ کرا دے ، تو اس نے کہا کہ ہاں کرادے ، پھر میں نے مفتی صاحب کو یہ بات بتادی اور اس نے ہمارا نکاح کرادیا، اب معلوم یہ کرنا ہے کہ اس طرح ہمارا یہ نکاح ہوا کہ نہیں؟ بقول مفتی صاحب کہ میں نے باقاعدہ گواہوں کی موجودگی میں ، تم دونوں کا نکاح کرادیا ہے ، اب معلوم یہ کرنا ہے کہ کیا میرا سابقہ شوہر کے ساتھ نکاح جائز ہے اور میں اس کے ساتھ بحیثیت بیوی رہ سکتی ہوں ۔(نوٹ) امام صاحب نے نماز کے بعد تین مقتدیوں کو بطور گواہ بٹھا کر ہمارا نکاح پڑھایاتھا۔

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

صورت مسئولہ میں سائلہ کا بیان اگر واقعۃً درست اورمبنی بر حقیقت ہو ، اس میں کسی بھی قسم کی غلط بیانی و دروغ گوئی سے کام نہ لیا گیا ہو ، اس طور پر کہ سائلہ نے تین طلاقوں کی عدت مکمل کرنے کے بعد دوسرے شوہر سے نکاح کیا ہو اور دوسرے شوہر نے کم از کم ایک مرتبہ ہمبستری کرنے کے بعد طلاق دی ہو اور سائلہ نے طلاق کی عدت بھی گزار لی ہو، اس کے بعد سائلہ نے سابق شوہر سے اجازت لیکرمفتی صاحب صاحب کو اپنی طرف سے اور شوہر کی طرف سے نکاح کرانے کی اجازت دی ہو اور مفتی صاحب نے شرعی گواہان کی موجودگی میں ایجاب وقبول کے ساتھ نکاح کرایا ہو تو یہ نکاح شرعاً درست منعقد ہوچکاہے، لہٰذا سائلہ اس کے ساتھ بحیثیت بیوی رہ سکتی ہے۔

واللہ تعالی اعلم بالصواب
محمد رمضان عبدالعلی عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 97616کی تصدیق کریں
0     38
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات