السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ؛میری عمر "23 سال" ہے، گزشتہ سال 24 جولائی 2025کو میرا ایک لڑکی سے نکاح ہوا، جس کی عمر 21 سال ہے، یہ نکاح ہم دونوں کی باہمی رضامندی سے ہوا، نکاح کے وقت دو مسلمان گواہ موجود تھے، حق مہر 50,000 روپے مقرر کیا گیا اور ہم دونوں نے واضح الفاظ میں نکاح قبول کیا (میں نے بھی "میں نے قبول کیا" کہا)،البتہ اس نکاح میں لڑکی کی طرف سے کوئی ولی موجود نہیں تھا، اور نہ ہی لڑکے یا لڑکی کے گھر والوں کو اس نکاح کا علم ہے، نکاح کے بعد سے اب تک ہم دونوں اپنے اپنے والدین کے گھروں میں رہتے ہیں،اصل مسئلہ یہ ہے کہ لڑکی ایک اعلیٰ اور خوشحال (Well-settled) خاندان سے تعلق رکھتی ہے، جبکہ میں ایک مڈل کلاس خاندان سے ہوں، ہم دونوں اس وقت طالب علم ہیں، میری ماہانہ آمدنی 40,000 روپے ہے، جو میں اپنی والدہ کو بچت کے لیے دے دیتا ہوں، اس لیے فی الحال میں اپنی بیوی کے اخراجات اٹھانے کی استطاعت نہیں رکھتا،میں نے اس مسئلے کے بارے میں مختلف مفتیانِ کرام اور علماء سے دریافت کیا، بعض نے فرمایا کہ نکاح صحیح ہوگیا ہے، جبکہ بعض نے فرمایا کہ بغیر ولی کے غیر کفو میں نکاح فاسد ہوتا ہے، اس لیے نکاح صحیح نہیں ہوا،میں اس معاملے میں بہت پریشان اور کنفیوز ہوں، براہِ کرم میری رہنمائی فرمائیں کہ اس صورتِ حال میں میرا نکاح شرعاً صحیح ہوا ہے یا نہیں؟ مزید یہ کہ ہمارے دونوں خاندان اس رشتے کے خلاف ہیں، کیونکہ ہمارے خاندان میں ذات (کاسٹ) سے باہر شادی نہیں کی جاتی، جبکہ لڑکی بھی میری ذات سے تعلق نہیں رکھتی، اب لڑکی کے گھر میں بھی میرا آنا جانا بند ہے، کیونکہ میرے گھر والوں نے وہاں جا کر بدتمیزی کی، جس سے لڑائی جھگڑا ہوگیا، تاہم اب تک لڑکی کے گھر والوں کو ہمارے نکاح کا علم نہیں ہے،براہِ کرم قرآن و سنت اور فقہِ حنفی کی روشنی میں رہنمائی فرمائیں کہ کیا اس صورت میں میرا نکاح صحیح ہوا ہے یا نہیں؟
صورتِ مسئولہ میں سائل اور مذکور لڑکی چونکہ باہم کفوء(ہم پلہ خاندان )نہیں ؛چنانچہ ان دونوں کا اولیاء کی اجازت و مرضی کے بغیر چھپ کر کیا گیا نکاح شرعاً درست منعقد نہیں ہوا؛بلکہ وہ بدستور ایک دوسرے کے لیے اجنبی ہیں ، لہٰذا اس نکاح کی بنیاد پر ان دونوں کا میاں بیوی کی طرح رہنا اور ازدواجی تعلق قائم کرنا جائز نہیں،جس سے بہرصورت اجتناب لازم ہے ، سائل کو چاہیے کہ خفیہ طور پر نکاح کرنے اور اس طرح کے ناجائز تعلقات قائم کرنے کے بجائے اپنے والدین و خاندان کے معتبر بزرگوں کے ذریعے لڑکی کے اولیاء کو نکاح کے لئے راضی کرنے کی سنجیدہ کوشش کرے،تویہ زیادہ بہتر ہے۔
کما فی الدر المختار:( وهو) أي الولي (شرط) صحة (نكاح صغير ومجنون ورقيق) لا مكلفة (فنفذ نكاح حرة مكلفة بلا) رضا (ولي) (الٰی قولہ) به (ويفتى) في غير الكفء (بعدم جوازه أصلا) وهو المختار للفتوى (لفساد الزمان) اھ۔
وفی الشامیۃ: ولها أن لا تمكنه من الوطء حتى يرضى الولي كما اختاره الفقيه أبو الليث لأن الولي عسى أن يفرق فيصير وطء شبهة، وأما على المفتى به الآتي فهو حرام لعدم الانعقاد أفاده في البحر اھ (باب الولی، ج:3، ص:56،57، ط:سعيد)۔
وفي الهندية: الكفاءة معتبرة في الرجال للنساء للزوم النكاح، كذا في محيط السرخسي ولا تعتبر في جانب النساء للرجال، كذا في البدائع. فإذا تزوجت المرأة رجلا خيرا منها؛ فليس للولي أن يفرق بينهما فإن الولي لا يتعير بأن يكون تحت الرجل من لا يكافئوه، كذا في شرح المبسوط للإمام السرخسي اھ (باب الخامس في الأكفاء في النكاح، ج:1، ص:29، ط:الماجدية) ۔