محترم،میں آپ سے اپنے ایک ذاتی اور اہم معاملے کے بارے میں شرعی رہنمائی حاصل کرنا چاہتا ہوں،میں ایک لڑکی کو پسند کرتا تھا، ہم دونوں نے اپنی اپنی فیملی کو نکاح کے لیے راضی کرنے کی بہت کوشش کی، لیکن تقریباً 6 سے 7 سال کی مسلسل کوشش کے باوجود دونوں خاندان راضی نہ ہو سکے،ابتدا میں میری فیملی راضی نہیں ہو رہی تھی، بعد میں لڑکی کی فیملی نے بھی اس رشتے سے انکار کر دیا حرام سے بچنے کی نیت سے، ہم نے ویڈیو کال کے ذریعے نکاح کیا، کیونکہ اس وقت میں دبئی میں تھا اور لڑکی پاکستان میں تھی۔ نکاح سے پہلے لڑکی نے اپنے ایک دوست کو اپنا وکیل مقرر کیا نکاح دو گواہوں کی موجودگی میں ہوا، جس میں ایجاب و قبول کیا گیا ،ایجاب و قبول کے وقت لڑکی سے بھی براہِ راست پوچھا گیا اور اس کے وکیل سے بھی، اور دونوں نے رضامندی ظاہر کی۔ اس موقع پر مہر بھی باقاعدہ طور پر مقرر کیا گیا بعد ازاں لڑکی نے اہلِ حدیث مکتبِ فکر اختیار کیا اور کچھ قرآنی آیات اور احادیث کا مطالعہ کرنے کے بعد اس نتیجے پر پہنچی کہ ولی کے بغیر نکاح درست نہیں ہوتا۔ اس وجہ سے وہ اب اس نکاح کو تسلیم نہیں کر رہی اور اس کی نظر میں یہ نکاح سرے سے منعقد ہی نہیں ہوامیرا سوال یہ ہے کہ:کیا ہمارے درمیان ہونے والا یہ نکاح شرعاً درست اور منعقد ہو چکا ہے یا نہیں؟اور اگر لڑکی مجھ سے طلاق لیے بغیر کسی اور سے نکاح کرتی ہے تو کیا وہ جائز ہوگا؟براہِ کرم اس معاملے میں شرعی رہنمائی فرما دیں۔شکریہ
واضح ہوکہ شرعاً نکاح صحیح منعقد ہونے کیلئے فریقین (میاں بیوی) یا ان کے مقرر کردہ وکیل کا ایک ہی مجلس میں دو مرد یا ایک مرد اور دو عورتوں کے روبرو ایجاب وقبول کرنا ضروری ہے،لہذا لڑکی کی جانب سے مقرر کردہ وکیل اور سائل ایک ہی مجلس میں موجود نہ ہوں بلکہ ویڈیو کال کے ذریعہ ہی اس لڑکی اور اس کے وکیل سے ایجاب وقبول کیا گیا ہو تو ایسی صورت میں اس عقد کے باوجود لڑکا اور لڑکی ایک دوسرے کے حق میں اجنبی ہیں جبکہ لڑکی بغیر طلاق لیے بھی دوسری جگہ نکاح کرنے میں آزاد ہوگی ،نیز اس سے قبل ایک نا محرم سے بے تکلفی کا تعلق قائم(جو شرعا بھی ناجائز اور حرام ہے)کرنے کی وجہ سے دونوں پر بصدق دل توبہ، واستغفار اور آئندہ کیلیے اس طرز عمل سے مکمل اجتناب لازم ہے
کما فی الدر المختار: ومن شرائط الإيجاب والقبول: اتحاد المجلس لو حاضرين اھ( کتاب النکاح ج:3 ص:14 ط: ایچ ایم سعید)
و فی حاشیۃ ابن عابدین تحت قوله: (اتحاد المجلس) قال في البحر: فلو اختلف المجلس لم ينعقد، فلو أوجب أحدهما فقام الآخر أو اشتغل بعمل آخر بطل الإيجاب اھ(کتاب النکاح ج:3 ص:14 ط: ایچ ایم سعید)
و فی البدائع (وأما) الذي يرجع إلى مكان العقد فهو اتحاد المجلس إذا كان العاقدان حاضرين وهو أن يكون الإيجاب والقبول في مجلس واحد حتى لو اختلف المجلس لا ينعقد النكاح، بأن كانا حاضرين فأوجب أحدهما فقام الآخر عن المجلس قبل القبول، أو اشتغل بعمل يوجب اختلاف المجلس، لا ينعقد؛ لأن انعقاده عبارة عن ارتباط أحد الشطرين بالآخر، فكان القياس وجودهما في مكان واحد، إلا أن اعتبار ذلك يؤدي إلى سد باب العقود؛ فجعل المجلس جامعا للشطرين حكما مع تفرقهما حقيقة للضرورة، والضرورة تندفع عند اتحاد المجلس، فإذا اختلف تفرق الشطرين حقيقة وحكما فلا ينتظم الركن اھ (فصل:الشرائط ج:2 ص:232 ط:دار الكتب العلمية)