السلام علیکم! میرا مسئلہ یہ ہے کہ مجھے اپنے والد کی طرف سے وراثت کے پیسے ملے تھے۔ میرے شوہر نے وہ پیسے مجھ سے دھوکے سے مختلف طریقوں سے لے لیے، گاڑی خرید لی اور کاروبار شروع کر دیا۔ میرا اے ٹی ایم بھی لے لیا۔ سمجھیں کہ اب میرے پاس کچھ بھی نہیں ہے، نہ ہی میرے اکاؤنٹ میں پیسے چھوڑے ہیں۔
اب بس چاہتے ہیں کہ میں خاموش ہو کر بیٹھی رہوں اور انہیں جو کرنا ہے کرنے دوں۔ میں اندر سے بہت دکھی ہوں، پھر بھی ہنستی رہوں، جیسے کچھ ہوا ہی نہیں۔ اگر شکایت کروں تو کہتے ہیں کہ کوئی ثبوت نہیں، سب کچھ میرے نام پر ہے۔ دنیا والوں کو بتاؤ گی تو جاؤ، بتا دو، کوئی ثبوت نہیں ہے۔
میرے دو بچے ہیں، پیچھے بوڑھی ماں ہیں اور بہنیں ہیں جو شادی شدہ ہیں۔ کوئی اور جگہ بھی نہیں جہاں میں جا سکوں۔ میری رہنمائی فرمائیں۔ میں بہت پریشان ہوں۔
صورتِ مسئولہ میں سائلہ کو اپنے والد کی طرف سےوراثت میں ملنے والی رقم اس کی ذاتی ملکیت ہے، سائلہ کے شوہر کو اس کی اجازت کے بغیر مذکورہ رقم لینے یا اپنے استعمال میں لانے کا شرعاً حق نہیں تھا، لہذااگر سائلہ کے شوہر نے اس کی اجازت و رضامندی کے بغیر دباؤ کے ذریعے یہ رقم حاصل کرکے گاڑی خریدی یا کاروبار میں لگائی ہو، تو اس پر سائلہ کی رقم فوراًواپس کرنا یا باہمی رضامندی سے ادائیگی کا مناسب طریقہ طےکرناضروری ہے۔نیز سائلہ کےشوہر کارقم کی واپسی کے مطالبہ پراس کو ڈرانا، دھمکانا شرعاً ناجائز اور ظلم پرمبنی عمل ہے۔جس کی وجہ سے وہ سخت گناہ گارہورہاہے ، چنانچہ سائلہ کے شوہر پر لازم ہے کہ وہ اپنے اس ناروا رویے سے باز آکر بیوی کا مالی حق ادا کرنے کی فکر کرے، ورنہ بروزِ حشر حقوق العباد کی پامالی کے سبب اللہ تعالیٰ کے حضور جواب دہی اور سخت اخروی عذاب کا سامنا کرنا پڑے گا۔
كما فی تبیین الحقائق: وقال عليه الصلاة والسلام «لا يحل مال امرئ مسلم إلا بطيب نفس منه» ونفسه لا تطيب بفعل القاضي بغير رضاه فصار كالإجارة والتزويج على ما ذكرنا.اھ(اقرار الصبی والمجنون،ج:5 ص:199 ، ناشر:المطبعۃ الکبری الامیریۃ)
وفی بدائع الصنائع: ولا يجوز التصرف في ملك الغير بغير إذنه،الخ(فصل فی بیان شرائط الجواز والنفاذ،ج:2 ص:234 ناشر:سعید)
وفی المبسوط للسرخسی: وقال صلى الله عليه وسلم: «أد الأمانة إلى من ائتمنك، ولا تخن من خانك». وقال صلى الله عليه وسلم: «علامة المنافق ثلاث: إذا حدث كذب، وإذا وعد أخلف، وإذا ائتمن خان.»الخ( کتاب الودیعۃ،ج:11 ص:109 ناشر:المطبعۃ السعادۃ)