السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ !
کیا فرماتے ہیں مفتیانِ کرام اس مسئلے کے بارے میں کہ ہمارے علاقے چترال میں شادی کے وقت دلہن کے گھر والے دلہا سے پیسوں کا مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمیں رشتہ داروں کو کھانا کھلانا ہے اور اس پیسے میں سے وہ کھانا بھی کھلاتے ہیں اور اس میں سے دلہن کے لیے شاپنگ بھی کرتے ہیں اور کچھ سامان بھی اس کے لیے خریدتے ہیں کبھی کبھار یہ پیسوں کا مطالبہ اس وقت ہوتا ہے جب پہلے سے نکاح نہیں ہوا ہے۔ مطلب رخصتی سے پہلے ہی پیسوں کا مطالبہ ہوتا ہے اور رخصتی کے وقت نکاح ہوتا ہے۔ اور بعض اوقات نکاح پہلے ہوا ہوتا ہے رخصتی بعد میں ہوتی ہے تو اس وقت میں پیسوں کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔ تو اب سوال یہ ہے کہ ان پیسوں کو مہر میں شمار کیا جا سکتا ہے چاہے نکاح ہوا ہو یا نہیں ہوا؟ اگر عرف کو دیکھا جائے تو عرف میں یہ مہر شمار کرتے ہیں لیکن اس میں بہت سارے مسائل ہیں خاتون سے اجازت نہیں مانگتے تو کیا بغیر اجازت کے ان پیسوں کو مہر میں شمار کرنا کیسا ہے اور کیا بغیر اجازت کے عرفا ان کو مہر میں شمار کر سکتے ہیں اور ان پیسوں کا مطالبہ کرنا بھی کیسا ہے؟
واضح ہو کہ شرعاً حق مہر وہ مال (چاہے نقدی ہو یا اس کے علاوہ کوئی بھی مال ہو، جیسے سونا، چاندی، زمین وغیرہ) کہلاتا ہے جو بوقتِ نکاح ایجاب و قبول کے دوران لڑکی کے لیے طے کیا جاتا ہے۔ چنانچہ یہ خالصتاً لڑکی کا حق ہوتا ہے، جس میں اس کی دلی رضامندی کے بغیر اولیاء کو کسی قسم کے تصرف کا حق حاصل نہیں۔ لہذا، وہ مال اس کے حوالے کرنا ضروری ہے۔ پھر حوالگی کے بعد اگر وہ اپنی مرضی سے کسی بھی مصرف میں خرچ کرنے کے لیے دے، تو اس میں کوئی حرج نہیں۔ جبکہ اس کے علاوہ لڑکی والوں کا لڑکے یا اس کے اولیاء سے مزید پیسوں کا مطالبہ کرنا شرعاً رشوت کے زمرے میں آنے کی وجہ سے جائز نہیں، جس سے احتراز لازم ہے۔ لہٰذا، سائل کے علاقے میں رواج پذیر مذکور رسم متعدد شرعی خرابیوں (رشوت اور لڑکی کا اپنا مال عرف کے دباؤ میں چھوڑنے پر مشتمل ہونے) کی وجہ سے واجب الترک اور قابلِ اصلاح ہے، جس کے لیے علماء اور ائمہ مساجد کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس پر بات کریں اور لوگوں کو رسم و رواج کے بجائے شرعی طریقے پر شادی بیاہ انجام دینے کی ترغیب دیں۔
كما في حاشية ابن عابدين: وفيها قبض الأب مهرها وهي بالغة، أو لا، وجهزها، أو قبض مكان المهر عينا ليس لها أن لا تجيز لأن ولاية قبض المهر إلى الآباء وكذا التصرف فيه اهـ (مطلب في مهر السر ومهر العلانية:ج:3، ص:161، ط: شركة مكتبة ومطبعة مصطفى البابي الحلبي )
و في الهندية: ولو أخذ أهل المرأة شيئا عند التسليم فللزوج أن يسترده؛ لأنه رشوة، كذا في البحر الرائق (الفصل السادس عشر في جهاز البنت: ج:1، ص: 327، ط: المطبعة الكبرى الأميرية ببولاق مصر )
وفي بدائع الصنائع: ولنا أن المهر ملك المرأة وحقها؛ لأنه بدل بضعها، وبضعها حقها وملكها، والدليل عليه قوله عز وجل: {وآتوا النساء صدقاتهن نحلة} الي قوله فدل ذلك كله على أن مهرها ملكها وحقها، وليس لأحد أن يهب ملك الإنسان بغير إذنه؛ ولهذا لا يملك ولي هبة غيره من أموالها فكذا المهر.( فصل بيان ما يجب به المهر: ج:2، ص:290، دار الكتب العلمية وغيرها )