السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!مفتی صاحب، میں ایک حنفی نوجوان ہوں، لیکن مجھ سے ماضی میں ایک لڑکی کی والدہ کے ساتھ زنا کا گناہ سرزد ہو گیا تھا۔ اب میں اور وہ لڑکی ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں، گناہ سے بچنا چاہتے ہیں اور دونوں کے خاندان (بشمول لڑکی کے والد) اس نکاح پر پوری طرح راضی ہیں۔حنفی مسلک میں حرمتِ مصاہرت کی وجہ سے یہ نکاح ممکن نہیں ہے۔ میں گناہ سے بچنے کے لیے اس مخصوص معاملے میں فقہ شافعی / مسلک اہل الحدیث کی گنجائش پر عمل کر کے لڑکی کے والد (ولی) کی موجودگی میں نکاح کرنا چاہتا ہوں۔ مہربانی فرما کر قرآن و حدیث کی روشنی میں فتویٰ عنایت فرمائیں کہ کیا آپ کے مسلک کے مطابق ہمارا یہ نکاح جائز ہے یا نہیں؟
واضح ہو کہ عندالاحناف جس طرح نکاح کے نتیجے میں ازدواجی تعلق قائم ہونے سے حرمتِ مصاہرت ثابت ہوجاتی ہے، اسی طرح زنا سے بھی حرمتِ مصاہرت ثابت ہوجاتی ہے۔ چنانچہ سائل کے مذکورہ عورت کے ساتھ زنا کے ارتکاب کی وجہ سے اس عورت کی بیٹی سائل پر ہمیشہ کے لیے حرام ہوچکی ہے، اس لیے ان دونوں کا نکاح شرعاً جائز نہیں۔لہٰذا، محض اس نکاح کو جائز بنانے کے لیے مسلکِ شافعی یا مسلکِ اہلِ حدیث کے قول پر عمل کرنا بھی جائز نہیں۔ سائل پر لازم ہے کہ مذکورہ لڑکی سے نکاح کا ارادہ ترک کرے، سابقہ گناہ پر سچی توبہ و استغفار کرے اور آئندہ اس فعلِ شنیع سے مکمل اجتناب کرے۔
کما فی مصنف عبد الرزاق الصنعاني: قال رجل: يا رسول الله، إني زنيت بامرأة في الجاهلية وابنتها، فقال النبي صلى الله عليه وسلم: "لا أرى ذلك، ولا يصلح ذلك: أن تنكح امرأة تطلع من ابنتها على ما اطلعت عليه منها". (مصنف عبد الرزاق الصنعاني، 7/201، کتاب الطلاق، باب الرجل يزني بأخت امرأته، برقم: 12784، ط: المجلس العلمي، هند)
وفیه أیضاً: عن قتادة، عن عمران بن حصين في "الذي يزني بأم امرأته، قد حرمتا عليه جميعًا". (مصنف عبد الرزاق الصنعاني، 7/200، کتاب الطلاق، باب الرجل يزني بأم امرأته، وابنتها، وأختها، برقم: 12776، ط: المجلس العلمي، هند)
وفی الفتاویٰ التاتارخانیة: حرمة الصهر تثبت بالعقد الجائز وبالوطئ حلالًا كان أو حرامًا أو عن شبهة أو زنى. (الفتاوى التاتارخانية، 2/618، الفصل السابع في أسباب التحريم)