السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ ! میرا ایک شرعی سوال ہے، جب میری عمر 14 سال تھی اور ایک لڑکے کی عمر 17 سال تھی، ہم آپس میں رابطے میں تھے، اس نے کہا کہ ہمارا نکاح آن لائن/ٹیکسٹ میسج کے ذریعے ہو رہا ہے، میں نے قبول ہونے کے الفاظ لکھے تھے، لیکن مجھے یہ معلوم نہیں کہ اس وقت واقعی گواہ موجود تھے یا نہیں، میں نے خود کسی گواہ کو نہیں دیکھا، صرف لڑکے نے کچھ نام بتائے تھے، یہ سب کچھ خفیہ طور پر ہوا تھا، اور میرے والدین یا سرپرست کو اس کا علم نہیں تھا، بعد میں وہ لڑکا مجھے دھمکاتا بھی تھا ، اور مجھ پر دباؤ بھی ڈالتا تھا، کبھی وہ کہتا تھا کہ نکاح ہو گیا ہے اور کبھی کہتا تھا کہ نکاح ہوا ہی نہیں، اب میرا اس لڑکے سے کوئی رابطہ نہیں ہے اور میں جاننا چاہتی ہوں کہ ان تمام تفصیلات کی روشنی میں شرعاً ہمارا نکاح ثابت ہوتا ہے یا نہیں؟ براہِ کرم میری رہنمائی فرمائیں، جزاکم اللہ خیراً۔
واضح ہوکہ نکاح کی صحت اور درستگی کے لیے لڑکا،لڑکی یاان کے وکیلوں کادوگواہوں کے سامنے ایک ہی مجلس میں ایجاب وقبول کرنا ضروری ہے ،لہذاصورتِ مسئولہ میں سائلہ اورمذکورلڑکےکے ٹیکسٹ میسج میں ایک دوسرےکو ایجاب و قبول کے الفاظ لکھ دینے سے اتحاد مجلس کی شرط مفقود ہونے کی بنا ء پر یہ نکاح سرے سےمنعقد ہی نہیں ہوا، بلکہ وہ دونوں بدستورایک دوسرے کے لیے نامحرم اوراجنبی ہیں ،اس لیے سائلہ کواس متعلق پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ،تاہم سائلہ پرآئندہ نامحرم مردوں سے خفیہ تعلقات، بے تکلفانہ گفتگو اور غیر ضروری رابطوں سے مکمل اجتناب کرنااوراپنے سابقہ طرزِ عمل پر اللہ تعالیٰ سے سچی توبہ و استغفار کےساتھ شرعی حدود کی مکمل پابندی کا اہتمام کرنالازم ہے۔
کما فی الدر المختار: (فَلَا يَنْعَقِدُ) بِقَبُولٍ بِالْفِعْلِ كَقَبْضِ مَهْرٍ وَلَا بِتَعَاطٍ وَلَا بِكِتَابَةِ حَاضِرٍ بَلْ غَائِبٌ بِشَرْطِ إعْلَامِ الشُّهُودِ بِمَا فِي الْكِتَابِ مَا لَمْ يَكُنْ بِلَفْظِ الْأَمْرِ الخ(کتاب النکاح ، ج : 3 ، ص : 12 ، ط : سعید)۔
وفی رد المختار تحت ( قولہ : ولا بکتابۃ حاضر ) فلو کتب تزوجتک فکتبت قبلت لم ینعقد اذ الکتابۃ من الطرفین بلا قول لا تکفی ( قولہ بل غائب ) الظاھر ان المراد بہ الغائب عن المجلس وان کان حاضرا فی البلد ( قولہ فتح ) ینعقد النکاح بالکتاب کما ینعقد بالخطاب و صورتہ ان یکتب الیھا یخطبھا فاذا بلغھا الکتاب احضرت الشھود و قراتہ علیھم وقالت زوجت نفسی منہ اما لو لم یقل بحضرتھم سوی زوجت نفسی من فلان لا ینعقد لان سماع الشطرین شرط صحۃ النکاح (کتاب النکاح ، ج : 3 ، ص : 12 ، ط : سعید)۔
و فی الدر المختار : وشرط ( حضور ) شاھدین (حرین ) او حر و حرتین (مکلفین سامعین قولھما معا ) ( کتاب النکاح ، ج : 3 ، ص : 23 ، ط : سعید )۔
وفیہ ایضا : ومن شرائط الایجاب والقبول اتحاد المجلس لو حاضرین، وان طال۔ الخ (کتاب النکاح ، ج۳، ص۱۴، ط:شركة مكتبة ومطبعة مصطفى البابي الحلبي وأولاده بمصر )۔