بسم اللہ الرحمن الرحیم،السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ،میرا ایک نہایت اہم سوال ہے اور مجھے اس بارے میں فتویٰ درکار ہے۔ امید ہے کہ معزز علماء کرام میری صورتحال کو سمجھیں گے۔میں پچھلے تین سالوں سے مختلف ممالک کے ویزا کے لیے کوشش کر رہا ہوں۔ اس دوران مجھے اکثر مسترد (refusal) کا سامنا کرنا پڑا۔ آخرکار میں نے برطانیہ جانے کا فیصلہ کیا۔ میں نے اپنے دوستوں اور گھر والوں سے قرض لے کر یونیورسٹی کی فیس جمع کروائی۔برطانیہ کی ویزا پروسیسنگ کے لیے بینک اسٹیٹمنٹ درکار ہوتی ہے۔ میرے ایک قریبی رشتہ دار نے مجھے کہا تھا کہ وہ اس معاملے میں میری مدد کرے گا۔ میں نے ان پر اعتماد کیا اور اپنی فیس جمع کروا دی۔ لیکن اب وہ کہہ رہے ہیں کہ وہ میری مدد نہیں کر سکتے۔اگر میں نے اب بینک اسٹیٹمنٹ کا انتظام نہ کیا اور دوبارہ ویزا مسترد ہو گیا تو مجھے تقریباً 12 لاکھ روپے کا نقصان ہوگا، جو کہ مکمل طور پر ادھار لیا ہوا پیسہ ہے۔ یہ میری اپنی رقم نہیں ہے، اور میں اسے واپس کرنے کی مکمل استطاعت نہیں رکھوں گا، اور میں زندگی بھر قرض میں مبتلا رہوں گا۔اس وقت میرے پاس صرف ایک ہی راستہ ہے کہ میں بینک سے ایسا قرض لوں جس پر سود (interest) لاگو ہوتا ہے۔ بینک مجھے رقم دیتا ہے اور اس پر اضافی رقم بطور سود وصول کرتا ہے۔مجھے اصل میں رقم کی ضرورت نہیں ہے، بلکہ صرف وہ بینک اسٹیٹمنٹ چاہیے، جس میں یہ ظاہر ہو کہ میرے اکاؤنٹ میں مطلوبہ رقم موجود ہے۔میں نے ہر ممکن کوشش کی ہے کہ اس سود والے قرض سے بچ سکوں، مگر کوئی حل نہیں نکل سکا۔ میرے والد کی ایک جائیداد موجود ہے، جسے ہم بیچ سکتے تھے، لیکن وہ اس پر راضی نہیں تھے، اب ہم اسے بیچنے کے لیے تیار ہیں، لیکن اتنے کم وقت میں اسے فروخت کرنا ممکن نہیں۔ میرے پاس صرف چند دن باقی ہیں۔میں نے اپنے خاندان کے افراد سے بھی مدد کی درخواست کی، لیکن کہیں سے کوئی مدد نہیں ملی۔ میں مکمل طور پر بے بس ہوں۔اللہ تعالیٰ ہر چیز دیکھ رہا ہے، وہ جانتا ہے کہ میں کن حالات سے گزر رہا ہوں۔ میں نے ہر ممکن کوشش کی ہے کہ اس سود والے قرض سے بچ سکوں، لیکن اب میرے پاس یہی آخری راستہ رہ گیا ہے۔
واضح ہوکہ سود پر قرض لینا اور دینا شرعا ناجائز و حرام ہے،جس پرقرآن وسنت میں بڑی سخت وعیدیں ورادہوئی ہیں، لہذا صورتِ مسئولہ میں سائل کا محض برطانیہ کے ویزے کے لیے مطلوبہ بینک اسٹیٹمنٹ حاصل کرنے اور سابقہ فیس کے ضائع ہونے سے بچنے کی خاطر سودی قرض لینا شرعاً جائز نہیں،چنانچہ سائل کو دنیاوی مقصدکےلیے شرعی حدودپامال کرنےاورحرام کے ارتکاب سے بہر صورت اجتناب لازم ہے۔
کما فی الصحیح لمسلم: عن جابر قال: لعن رسول الله صلى الله عليه وسلم آكل الربا، وموكله، وكاتبه، وشاهديه، وقال: هم سواء۔(الصحیح لمسلم،باب لعن آكل الربا ومؤكله،3/ 1219، ط:دار احیاء التراث العربي)
و فی الشامیۃ تحت: (قوله: کلّ قرض جرّ نفعًا حرام) أي: إذا کان مشروطًا کما علم مما نقله عن البحر۔( باب المرابحة والتولیة،فصل في القرض،مطلب کل قرض جر نفعًا حرام،5/166، ط:سعید)
و فی المحیط البرھانی: ذكر محمد رحمه الله في كتاب الصرف عن أبي حنيفة رضي الله عنه: أنه كان يكره كل قرض فيه جر منفعة، قال الكرخي: هذا إذا كانت المنفعة مشروطة في العقد۔(الفصل التاسع والعشرون في القرض ما يكره من ذلك، وما لا يكره، ج:5، ص:394، ط:دارالكتب العلمية)