السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
محترم مفتی صاحب!
میں آپ سے ایک شرعی مسئلے میں رہنمائی چاہتا ہوں۔
میں ایک لڑکی کو پسند کرتا ہوں اور اگر اللہ کی مرضی ہو تو اس سے نکاح کرنا چاہتا ہوں۔ میری نیت صرف نکاح کی ہے، اسی وجہ سے میں نے آج تک اس سے بات چیت، نمبر ایکسچینج یا کسی قسم کا تعلق قائم نہیں کیا کیونکہ میں حرام تعلق سے بچنا چاہتا ہوں۔
البتہ مجھے یہ فکر ہے کہ اگر میں اپنی دلچسپی کا اظہار نہ کروں تو ممکن ہے اس کی شادی کسی اور جگہ، مثلاً اس کے کسی رشتہ دار وغیرہ سے ہو جائے۔ دوسری طرف مجھے یہ بھی خوف ہے کہ اگر میں اس سے رابطہ کروں تو کہیں یہ ناجائز تعلق کی طرف نہ چلا جائے۔
میری عمر نکاح کے قابل ہے، لیکن میرے مجھ سے بڑے تین بھائی ہیں جن کی ابھی شادی نہیں ہوئی، اس لیے فی الحال میری شادی کا فوری امکان کم نظر آتا ہے۔
میرا سوال یہ ہے کہ ایسی صورتِ حال میں شریعت کی روشنی میں مجھے کیا کرنا چاہیے؟ کیا مجھے کسی جائز طریقے سے اپنی دلچسپی ظاہر کرنی چاہیے یا خاموش رہ کر انتظار کرنا چاہیے؟ اگر کوئی جائز طریقہ ہے تو وہ کیا ہے؟ اور میں نے سنا ہے کہ مرد جوانی میں اپنی بیٹی کا نصیب لکھتا ہے کیا یہ بات سچ ہے؟
براہِ کرم قرآن و سنت کی روشنی میں میری رہنمائی فرمائیں۔
جزاکم اللہ خیراً
والسلام
اگر سائل مذکورہ لڑکی سے نکاح کا سنجیدہ ارادہ رکھتا ہے تو اپنے اس ارادے کے اظہار میں کوئی حرج نہیں۔ البتہ مذکورہ لڑکی سے براہِ راست بات چیت کرنے اور تعلق قائم کرنے کے بجائے بہتر طریقہ یہ ہے کہ اپنے والدین یا کسی معتمد بزرگ کے ذریعے لڑکی کے گھر والوں کو نکاح کا پیغام بھیجے۔ والدین اگر مناسب سمجھیں تو سائل کے نکاح یا کم از کم منگنی کا انتظام کریں۔البتہ اگر فی الحال نکاح یا منگنی کی عملی صورت ممکن نہ ہو تو سائل کو چاہیے کہ نامحرم سے رابطہ قائم کرنے کے بجائے پاک دامنی اختیار کرتے ہوئے انتظار کرے۔ محض اس اندیشے کی وجہ سے کہ لڑکی کی شادی کہیں اور ہوجائے گی، ناجائز تعلق قائم کرنا جائز نہیں، لہٰذا اس سے اجتناب لازم ہے۔رہی یہ مشہور بات کہ ’’مرد جوانی میں اپنی بیٹی کا نصیب لکھتا ہے‘‘، تو تلاشِ بسیار کے باوجود ہمیں یہ بات کسی معتبر کتاب میں نہیں مل سکی۔
کما في سنن ابن ماجه: لم نر للمتحابين مثل النكاح (كتاب النكاح، باب ما جاء في فضل النكاح، حديث: 1847)
وفي سنن الترمذي: إذا جاءكم من ترضون دينه وخلقه فزوجوه (كتاب النكاح، باب ما جاء إذا جاءكم من ترضون دينه وخلقه، رقم: 1084)
وفيه أيضا: إذا خطب إليكم من ترضون دينه وخلقه فزوجوه، إلا تفعلوا تكن فتنة في الأرض وفساد عريض (كتاب النكاح، باب ما جاء إذا جاءكم من ترضون دينه وخلقه، رقم: 1084)