گناہ و ناجائز

ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی گناہ ہے یا نہیں؟

فتوی نمبر :
96285
| تاریخ :
2026-06-11
حظر و اباحت / جائز و ناجائز / گناہ و ناجائز

ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی گناہ ہے یا نہیں؟

میں سندھ کے ایک شہر میں رہتا ہوں۔ یہاں ٹریفک قوانین کی پابندی تقریباً ختم ہو چکی ہے۔ نہ پولیس والے خود ان قوانین پر عمل کرتے ہیں اور نہ عام عوام۔ اس میں دیندار لوگ بھی شامل ہیں۔ البتہ کچھ پولیس والے ایسے ہو سکتے ہیں جو قوانین کی پابندی کرتے ہوں، نیز ٹریفک پولیس بھی اس معاملے میں زیادہ سختی نہیں کرتی۔
میرے پاس ہیلمٹ موجود ہے اور میں عموماً اسے استعمال بھی کرتا ہوں، میرے پاس لرننگ لائسنس بھی ہے اور موٹر سائیکل کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کی فوٹو کاپی بھی موجود ہے۔ البتہ نمبر پلیٹ درست نہیں ہے؛ ایک پلیٹ لگی ہوئی ہے لیکن وہ سرکاری ضابطے کے مطابق نہیں۔
مزید یہ کہ ان امور کی خلاف ورزی اس قدر عام ہو چکی ہے کہ بہت سے لوگ شاید اسے گناہ بھی نہیں سمجھتے۔ مثلاً ایک انکل نے مجھ سے کہا تھا: ’’شہر میں ہیلمٹ کون لگاتا ہے؟‘‘ یا اسی مفہوم کے کچھ الفاظ کہے تھے۔
میرا سوال یہ ہے کہ جب یہ چیزیں معاشرے میں اتنی عام ہو چکی ہوں تو کیا ان قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے تمام لوگ گناہ گار ہوں گے یا نہیں؟ کیا میں بھی ان امور کی وجہ سے گناہ گار ہو رہا ہوں؟
براہِ کرم اس مسئلے کا تفصیلی جواب عنایت فرمائیں۔

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

ٹریفک کے وہ قوانین جو خلاف شرع نہ ہوں اور لوگوں کی مصلحت کے لئے بنائے گئے ہوں تو ان کی پابندی کرناشرعاً بھی ضروری ہے،اور ان کی خلاف ورزی کرنا ناجائز اور گناہ ہے، جبکہ قانون کی خلاف ورزی کا عام رجحان ہو نا اس کے جواز کی دلیل نہیں بن سکتی ،جیساکہ ،ڈرائیونگ لائسنس،گاڑی کا لائسنس، ہیلمٹ پہننا، حسب موقع ڈبل سوا ر پر پابندی عائد کرنا وغیرہ،یہ تمام قوانین چونکہ عوام کی بہتری اور فائدے کے لئے بنائے گئے ہیں ،اور ان کی پابندی سے لوگوں کو فائدہ بھی ہو رہا ہےاوران کی خلاف ورزی کرنے کی صورت میں کبھی اپنی ذات کو اور کبھی دوسرے لوگوں کو نقصان پہنچنے کا قوی اندیشہ ہوتا ہے لہذا ان کی پابندی کرنا شرعاً بھی لازم ہے ۔

مأخَذُ الفَتوی

تفسير الطبري-(8/ 502)
يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا أَطِيعُوا اللَّهَ وَأَطِيعُوا الرَّسُولَ وَأُولِي الْأَمْرِ مِنْكُمْ
قال أبو جعفر: وأولى الأقوال في ذلك بالصواب، قول من قال: هم الأمراء والولاة = لصحة الأخبار عن رسول الله صلى الله عليه وسلم بالأمر بطاعة الأئمة والولاة فيما كان [لله] طاعةً، وللمسلمين مصلحة
بدائع الصنائع (7/ 99)
وطاعة الإمام لازمة كذا طاعته لأنها طاعة الإمام إلا أن يأمرهم بمعصية فلا تجوز طاعتهم إياه فيها لقوله عليه الصلاة والسلام لا طاعة لمخلوق في معصية الخالق ولو أمرهم بشيء لا يدرون أينتفعون به أم لا فينبغي لهم أن يطيعوه فيه إذا لم يعلموا كونه معصية لأن اتباع الإمام في محل الاجتهاد واجب كاتباع القضاة في مواضع الاجتهاد والله تعالى عز شأنه أعلم
الأشباه والنظائر لابن نجيم - (1 / 124)
إذا كان فعل الإمام مبنيا على المصلحة فيما يتعلق بالأمور العامة لم ينفذ أمره شرعا إلا إذا وافقه ، فإن خالفه لم ينفذ ،

واللہ تعالی اعلم بالصواب
مفتی محمد افنان عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 96285کی تصدیق کریں
0     133
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات