گناہ و ناجائز

نکاح سے قبل مخطوبہ لڑکی سے ملنے اور بات کرنے کا حکم

فتوی نمبر :
96236
| تاریخ :
2026-06-09
حظر و اباحت / جائز و ناجائز / گناہ و ناجائز

نکاح سے قبل مخطوبہ لڑکی سے ملنے اور بات کرنے کا حکم

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ، مفتی صاحب! اسلام میں کیا یہ جائز ہے کہ ایک لڑکا اپنی ممکنہ ہونے والی بیوی سے شادی کے معاملات پر بات کرنے کے لیے کسی عوامی جگہ، جیسے ریسٹورنٹ میں ملاقات کرے، اگر لڑکے نے اپنے والدین کو اس ملاقات کے بارے میں آگاہ نہیں کیا اور ان کی اجازت بھی نہیں لی، جبکہ لڑکی کو اپنے والدین کی اجازت حاصل ہو؟

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

واضح ہو کہ نکاح سے قبل اپنی منگیتر کو صرف ایک نظر دیکھنے کی شریعت نے اجازت دی ہے، لیکن اس کے لیے بھی کوئی ایسا طریقہ اختیار کرنا چاہیے کہ جس میں کسی غیر شرعی امر کا ارتکاب نہ کرنا پڑے، مثلاً لڑکی کے محرم کی موجودگی میں فقط ایک نظر چھپ کر دیکھ لیا جائے، تاہم اگر اپنی کسی محرم خاتون کے ذریعے منگیتر کے اوصاف معلوم ہوجائیں یا اس محرم خاتون کے دیکھنے پر اکتفا کرلیا جائے اور وہ لڑکے کو منگیتر کے اوصاف کے بارے میں بتلادے تو یہ زیادہ بہتر ہے۔
البتہ آج کل اس کا جو طریقہ کار ہمارے معاشرے میں رائج ہوچکا ہے کہ لڑکی کو باقاعدہ بناؤ سنگھار کرکے سب کے سامنے لایا جاتا ہے یا لڑکا لڑکی دونوں تنہائی میں ایک دوسرے سے ملاقات کرتے ہیں، گپ شپ لگائی جاتی ہے اور مستقل روابط قائم کیے جاتے ہیں، اس کی قطعاً اجازت نہیں، بلکہ شرعاً یہ گناہِ کبیرہ ہے جس سے بہر صورت اجتناب لازم ہے۔

مأخَذُ الفَتوی

ففي إعلاء السنن: "قال العبد الضعيف: و حجة الجمهور قول جابر رضي الله عنه:"فخطبت جارية فكنت أتخبأ "والراوي أعرف بمعني ما رواه ،فدل علي أنه لا يجوز له أن يطلب من أوليائها أن يحضروها بين يديه لما في ذلك من الإستخفاف بهم، و لايجوز إرتكاب مثل ذلك لأمر مباح و لا أن ينظر إليها بحيث تطلع على رؤيته لها من غير إذنها؛ لأنّ المرأة تستحي من ذلك و يثقل نظر الأجنبي إليها على قلبها لما جبلها الله على الغيرة، و قد يفضي ذلك إلي مفاسد عظيمة كما لايخفي،و إنما يجوز له أن يتخبأ لها و ينظر إليها خفية، و مثل هذا النظر يقتصر على الوجه و الكف و القدم لايعدوها إلى مواضع اللحم و لا إلى جميع البدن." (ج:۱۷/ص:۳۷۹)

واللہ تعالی اعلم بالصواب
عبدالوہاب عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 96236کی تصدیق کریں
0     6
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات