نکاح

مزنیہ کی بیٹی سے کئے ہوئے نکاح کا حکم

فتوی نمبر :
95888
| تاریخ :
2026-05-31
معاملات / احکام نکاح / نکاح

مزنیہ کی بیٹی سے کئے ہوئے نکاح کا حکم

السلام علیکم
میں حنفی مسلک سے تعلق رکھتا ہوں۔
مجھ سے ماضی میں ایک غلطی ہوئی کہ میں نے ایک شادی شدہ عورت کے ساتھ صرف ایک مرتبہ ناجائز تعلق (زنا) قائم کیا تھا۔ اس کے بعد اس عورت نے اپنی بیٹی کا نکاح میرے ساتھ کر دیا، اور ہم تقریباً دو سال سے ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں۔
اب مجھے شرعی حکم کے بارے میں شک ہے۔
براہ کرم رہنمائی فرمائیں:
کیا میری اس بیٹی کے ساتھ نکاح شرعاً صحیح ہے یا باطل؟
اگر اس بارے میں اختلاف ہو تو صحیح اور راجح قول کیا ہے؟
اگر نکاح درست نہ ہو تو ہمیں اب کیا کرنا چاہیے؟

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

واضح رہےکہ ایک مرتبہ بھی ناجائز تعلق(زنا)قائم کرنے سے زانِی پر مزنیہ کی ماں،اور بیٹی سے نکاح کرنا حرام ہو جاتا ہےاور اسی طرح مزنِیہ پر بھی زانِی کے باپ، اور بیٹے سے نکاح کرنا حرام ہوجاتا ہے ۔لہٰذا سائل کو اگر مذکور بیٹی سے نکاح کے حرام ہونے کا علم نا ہو،تو ان کے درمیان ہونے والا یہ عقد درست منعقد نہیں ہوا بلکہ یہ نکاح فاسد ہے،چنانچہ اس دوران اگر ان کے درمیان میاں بیوی ولا تعلق قائم ہوگیا ہو ، اور اس سے اولاد بھی ہوگئی ہو ، تو اولاد کا نسب سائل سے ہی ثابت ہوگا،مگر اب میاں بیوی پر ایک دوسرے سے علیحدگی اختیار کرنا بھی لازم ہے ان کا ساتھ رہنا ناجائز و حرام ہے ، لہذا سائل پر لازم ہے کہ وہ الفاظ متارکہ جیسے "میں تمہیں چھوڑتا ہوں " وغیرہ کہہ کر عورت کو اپنے عقد سے علیحدہ کردے ،جبکہ عورت اس متارکہ کے بعد سے عدت گزر جانے پر دوسری جگہ نکاح کرنے میں بھی آزاد ہوگی ۔

مأخَذُ الفَتوی

وفى الھداية : ومن زنى باِمرأةٍ حرمت عليه أمھا و بنتھا اھ (كتاب النكاح،فصل فى المحرماة،ج: ٢،ص: ٣٠٩، ط: شركتِ عِلميّة ملتان)
و‌فى البحر الرائق : لو ‌تزوج ‌محرمة ‌لا ‌حد ‌عليه في قول أبي حنيفة وعليه مهر مثلها بالغا ما بلغ؛ لأن المراد هنا الوطء بشبهة بدون نكاح بدليل قوله قبل وحكم كل نكاح فاسد ومسألة الخانية من ذلك القبيل اھ(كتاب النكاح ، باب المهر، ج : ٣، ص : ١٨٦،ط : دار الكتاب الإسلامي)
و فى الشامية : قوله: نكاحا فاسدا هي المنكوحة بغير شهود، ونكاح امرأة الغير بلا علم بأنها متزوجة، ونكاح المحارم مع العلم بعدم الحل فاسد عنده اھ(باب العدة ، مطلب عدة المنكوحة فاسدا والموطوءة بشبهة ،ج : ٣ ، ص : ٥١٦،ط : مصطفى البابي الحلبي)
وفى الشامية : وحكم الدخول في النكاح الموقوف كالدخول في الفاسد، فيسقط الحد ويثبت النسب ويجب الأقل من المسمى ومن مهر المثل اھ(باب المهر، مطلب في النكاح الفاسد، ج : ٣ ص : ١٣١، ط : مصطفى البابي الحلبي )

واللہ تعالی اعلم بالصواب
محمد زکریا خادم عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 95888کی تصدیق کریں
0     81
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات