نکاح

سنی لڑکے کا شیعہ لڑکی سے کئے ہوئے نکاح کا حکم

فتوی نمبر :
95870
| تاریخ :
2026-05-31
معاملات / احکام نکاح / نکاح

سنی لڑکے کا شیعہ لڑکی سے کئے ہوئے نکاح کا حکم

**سوال برائے دارالافتاء:**
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ،
میں اہلِ سنت والجماعت (دیوبندی مسلک) سے تعلق رکھتا ہوں اور ایک ہسپتال میں ایڈمنسٹریشن کے شعبے میں کام کرتا ہوں۔ میری پسند ایک لڑکی سے ہوئی جو والد کی طرف سے شیعہ گھرانے سے تعلق رکھتی ہے ،جبکہ اس کی والدہ سنی ہیں۔
ہم دونوں نے باہمی رضامندی سے نکاح کا فیصلہ کیا، اور لڑکی نے اس بات پر رضامندی ظاہر کی کہ نکاح کے بعد وہ اہلِ سنت والجماعت (دیوبندی مسلک) کے مطابق زندگی گزارے گی۔ اسی بنیاد پر ہمارا نکاح ایک دیوبندی عالم/قاضی صاحب نے ہمارے مسلک کے مطابق پڑھایا ہے۔
دارالافتاء سے گزارش ہے کہ درج ذیل امور میں شرعی رہنمائی فرمائیں:
1. کیا مذکورہ صورت میں ہمارا نکاح شرعاً درست اور معتبر ہے؟
2. اگر لڑکی کا پس منظر شیعہ ہو، لیکن وہ اہلِ سنت کے عقائد و طریقے کو اختیار کرنا چاہتی ہو تو اس کے لیے شرعی طور پر کیا طریقہ کار ہے؟
3. کیا نکاح کے بعد کسی اضافی تجدیدِ نکاح یا کسی اور شرعی کارروائی کی ضرورت ہے؟
4. آئندہ ازدواجی زندگی کے حوالے سے کوئی ضروری شرعی ہدایات ہوں تو رہنمائی فرمائیں۔
جزاکم اللہ خیراً
والسلام۔

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

صورتِ مسئولہ میں مذکورہ لڑکی کے عقائد و نظریات اگر کفریہ تھے، مثلاً وہ حضرت علی رضی اللہ عنہ کی الوہیت کی قائل ہو ، یا حضرت عائشہ رضی اللہ عنہاپر لگائی گئی تہمت کو درست مانتی ہو،یا حضرت صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کی صحابیت کی منکر ہو ،یا حضرت جبرائیل علیہ السلام کے وحی لانے میں غلطی کی قائل ہو،یاقرآن کریم میں تحریف کی قائل ہو،اور اسی حالت میں نکاح کیا گیا ہو تو یہ نکاح شرعاً منعقدہی نہیں ہوا،لہٰذا دونوں پر لازم ہے کہ فوراً ایک دوسرے سے علیحدگی اختیار کریں اور میاں بیوی والے تعلقات ہرگز قائم نہ کریں ،اور جب تک لڑکی ان کفریہ عقائد سے مکمل براءت کرتے ہوئے تجدیدِایمان نہ کرلے تو ان کا نکاح بھی شرعاً درست نہ ہوگا۔لیکن مذکورہ لڑکی کے عقائد و نظریات کفریہ تو نہ ہوں، لیکن اہلسنت والجماعت کے خلاف نظریات ہوں تو یہ نکاح اگرچہ درست منعقد ہو چکا ہے، تاہم اب اگر وہ اپنے غلط نظریات سے توبہ تائب ہوکر تمام غلط نظریات سے مکمل براءت کا اظہار کر لے اور شیعوں کی مجالس وغیرہ میں آنا جانا بالکلیہ ترک کر دے تو سائل اس کے ساتھ اپنی زندگی بسر کر سکتا ہے ۔

مأخَذُ الفَتوی

کما فی الشامیۃ: قال في البحر: وينبغي أن من اعتقد مذهبا يكفر به إن كان قبل تقدم الاعتقاد الصحيح فهو مشرك، وإن طرأ عليه فهو مرتد. اهـ. وبهذا ظهر أن الرافضي إن كان ممن يعتقد الألوهية في علي، أو أن جبريل غلط في الوحي، أو كان ينكر صحبة الصديق، أو يقذف السيدة الصديقة فهو كافر لمخالفته القواطع المعلومة من الدين بالضرورة، بخلاف ما إذا كان يفضل عليا أو يسب الصحابة فإنه مبتدع۔(کتاب النکاح،فصل فی المحرمات،ج:3،ص:46،ط:ایچ-ایم-سعیدکمپنی)
وفی التاتارخانیۃ: وھٰکذا[جاز نکاح]الرافضیۃالتی رأت تفضیل ابی بکروعمررضی اللہ عنھماأماتحب علیاً،أمالوفضلت علیاًرضی اللہ عنہ ولم ترہ صاحباوتراہ نبیاًأوشریکاً لا۔لأنھاکافرۃ لاملۃ لھا۔(کتاب النکاح،الفصل الثامن فی بیان مایجوزمن الأنکحۃومالایجوز،ج:4،ص:75،ط:مکتبۃالرشیدیۃ)
وفی الھندیۃ: لا يجوز نكاح المجوسيات ولا الوثنيات وسواء في ذلك الحرائر منهن والإماء، كذا في السراج الوهاج. ويدخل في عبدة الأوثان عبدة الشمس والنجوم والصور التي استحسنوها والمعطلة والزنادقة والباطنية والإباحية وكل مذهب يكفر به معتقده،(کتاب النکاح،الباب الثالث فی بیان المحرمات ، ج : 1ص:281،ط:مکتبۃالماجیدیۃ)
وفی البحرالرائق: وفي شرح الوجيز وكل مذهب يكفر به معتقده فهو يحرم نكاحها؛ لأن اسم المشرك يتناولهم جميعا اهـ. وينبغي أن من اعتقد مذهبا يكفر به، إن كان قبل تقدم الاعتقاد الصحيح فهو مشرك، وإن طرأ عليه فهو مرتد كما لا يخفى وقال الرستغفني لا تجوز المناكحة بين أهل السنة والاعتزال۔(کتاب النکاح،فصل فی المحرمات،ج:3،ص:102،ط:مکتبۃالرشیدیۃ)
وفی فتح القدیر: (قوله ولا الوثنيات) وهو بالإجماع والنص، ويدخل في عبدة الأوثان عبدة الشمس والنجوم والصور التي استحسنوها والمعطلة والزنادقة والباطنية والإباحية. وفي شرح الوجيز: وكل مذهب يكفر به معتقده لأن اسم المشرك يتناولهم جميعا. وقال الرستغفني: لا تجوز المناكحة بين أهل السنة والاعتزال والفضلي۔(کتاب النکاح،فصل فی المحرمات،ج:3،ص:137،ط:مکتبۃالرشیدیۃ)

واللہ تعالی اعلم بالصواب
شاکر اللہ نیاز عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 95870کی تصدیق کریں
0     18
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات