نکاح

ولی کے بغیر کئے ہوئے نکاح کا حکم

فتوی نمبر :
95848
| تاریخ :
2026-05-30
معاملات / احکام نکاح / نکاح

ولی کے بغیر کئے ہوئے نکاح کا حکم

کیا ولی کے بغیر نکاح جائز ہے؟ اگر ہے تو ٹھیک ہے اور اگر نہیں ہے تو میں کر چکی ہوں۔ اب کیا کرنا ہوگا؟ میرے گھر والے راضی نہیں ہو رہے کیونکہ شوہر مجھ سے 22 سال بڑے ہیں، لیکن ہم نے باہمی رضامندی سے یہ فیصلہ لیا ہے اور نبھانا چاہتے ہیں۔ گھر والے نہیں مان رہے، میں نے بہت کوشش کی لیکن سب تعلق ختم کروانا چاہ رہے ہیں۔ کیا تعلق ختم ہونے کے بعد عدت ہوگی؟ میں اپنے والدین کے ہی گھر میں ہوں، ابھی میری رخصتی نہیں ہوئی ہے۔

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

واضح ہو کہ عند الاحناف عاقلہ بالغہ لڑکی کے نکاح کی صحت اور انعقاد کے لیے ولی کا ہونا شرط نہیں البتہ اگر لڑکی اپنے سے کم درجہ کے خاندان میں ولی کی اجازت اور رضامندی کے بغیر نکاح کر لیتی ہےتو ایسا نکاح مفتیٰ بہ قول کے مطابق منعقد ہی نہیں ہوتا۔ لہذا صورتِ مسئولہ میں سائلہ نے یہ نکاح اگر غیر کفؤ (اپنے سے کم درجہ کے مرد) کے ساتھ کیا ہو، تو نکاح منعقد ہی نہیں ہوا، اور اگر یہ نکاح باقاعدہ شرعی گواہوں کی موجودگی میں، مہرِ مثل کے ساتھ کفؤ میں ہوا ہو تو شرعاً یہ نکاح درست منعقد ہو چکا ہے۔چنانچہ دونوں ایک ساتھ میاں بیوی کی طرح رہ سکتے ہیں۔ اور اس صورت میں صرف شوہر کی طرف سے طلاق یا دونوں کے درمیان باہم رضامندی سے خلع کے ذریعے ہی اس نکاح کو ختم کیا جا سکتا ہے۔ اسی دوران اگر دونوں کے درمیان ہمبستری یا خلوتِ صحیحہ نہ ہوئی ہو، تو اس طلاق یا خلع کے بعد عدت لازم نہیں ہوگی۔ تاہم سائلہ اور مذکور شخص کی عمر میں بہت زیادہ تفاوت ہے جو کہ والدین کے لیے ذہنی تکلیف کا باعث ہے، جس کی وجہ سے والدین اس رشتے پر راضی نہیں؛ اس لیے سائلہ اگر مذکور شخص سے خلع یا طلاق کے ذریعے علیحدگی اختیار کر کے والدین کو اعتماد میں لیتے ہوئے کسی اور مناسب جگہ رشتہ کر لے تو یہ زیادہ بہتر ہوگا، اس طرح کرنے سے والدین کی دعائیں شاملِ حال ہونے کی وجہ سے خوشیاں نصیب ہوں گی۔

مأخَذُ الفَتوی

کمافی بدائع الصنائع : وأما ولاية الندب والاستحباب فهي: الولاية على الحرة البالغة العاقلة بكرا كانت أو ثيبا في قول أبي حنيفة وزفر وقول أبي يوسف الأول، وفي قول محمد وأبي يوسف الآخر الولاية عليها ولاية مشتركة الخ(کتاب النکاح،ج:2 ،ص:247، ط: سعید)۔
وفی الدر المختار: (فنفذ نكاح حرة بلا) رضا (ولي) والأصل أن كل من تصرف في ماله تصرف في نفسه وما لا فلا الخ(کتاب النکاح ،ج:3 ،ص:55/56 ،ط: سعید)
وفی البناية شرح الهداية: قال: كل عقد جاز أن يعقده الإنسان بنفسه جاز أن يوكل به غيره الخ(کتاب النکاح ،ج:9 ،ص:217 ،ط: دارالکتب العلمیۃ)
و فی العنایۃ: قوله (وإذا عدم الأولياء) يعني على الوجه المذكور (فالولاية إلى الإمام والحاكم لقوله «السلطان ولي من لا ولي له») أما الحاكم وهو القاضي فإنما يملك الإنكاح إذا كان ذلك في عهده ومنشوره، كذا۔اھ(باب الأولياء والأكفاء،ج:3،ص:285،ط:دار الفكر)

واللہ تعالی اعلم بالصواب
محمد جنید رفیض الدین عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 95848کی تصدیق کریں
0     120
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات