السلام علیکم و رحمتہ اللہ و برکاتہ، مفتی صاحب! ایک شرعی مسئلہ پوچھنا ہے کہ ایک عورت کی شادی اس کے سگے کزن سے ہوئی تھی، کچھ عرصے بعد دونوں میں ناچاقی کی وجہ سے طلاق ہو گئی، طلاق کی عدت گزرنے کے بعد اس عورت نے دوسری جگہ شادی کر لی۔ اب کچھ وقت بعد دوسرے شوہر نے بھی اسے طلاق دے دی اور وہاں سے بھی عدت مکمل ہو چکی ہے، اب وہ عورت واپس اپنے پہلے شوہر (جو کہ رشتے میں اس کا کزن بھی لگتا ہے) کے گھر آ کر رہ رہی ہے۔ لیکن ان دونوں کا آپس میں دوبارہ کوئی نیا شرعی نکاح نہیں ہوا ہے، مزید یہ کہ اس سابقہ شوہر (کزن) کے نکاح میں اب اس عورت کے سگے بھائی کی بیٹی (یعنی اس عورت کی بھتیجی) موجود ہے۔ قرآن و حدیث کی روشنی میں درج ذیل باتوں کی رہنمائی فرما دیں:
کیا میاں بیوی کی طرح نہ رہنے کی صورت میں، محض کزن یا خون کا رشتہ دار ہونے کی بنا پر، اس عورت کا اپنے سابقہ شوہر کے گھر میں اس طرح رہنا شرعاً جائز ہے؟
چونکہ اب اس مرد کے نکاح میں اس خاتون کی بھتیجی موجود ہے، تو کیا شرعی طور پر ان کا دوبارہ آپس میں نکاح ممکن ہے یا یہ ہمیشہ کے لیے حرام ہو چکا ہے؟
اگر یہ رہنا ناجائز ہے، تو اس گناہ سے بچنے کے لیے شریعت کا کیا حکم ہے؟
براہِ مہربانی رہنمائی فرمائیں۔ جزاکم اللہ خیرا
صورت مسئولہ میں جب شخص مذکور نے اپنی بیوی کو طلاق دینے کے بعد اس کی بھتیجی سے نکاح کرلیا ہے تو اب اگرچہ مذکور شخص کی مطلقہ بیوی کو دوسرے شوہر نے ہمبستری کے بعد طلاق دیدی ہے، تب بھی جب تک مذکور شخص کے نکاح میں اس مطلقہ عورت کی بھتیجی موجود ہو، تب تک ان دونوں کا نکاح شرعاً جائز نہیں اور مذکور شخص اور اس کی مطلقہ بیوی اگرچہ ایک دوسرے کے کزن ہیں، لیکن اس کے باوجود وہ شرعاً ایک دوسرے کے لیے اجنبی ہی ہیں، اور دونوں کا نکاح کے بغیر ایک ہی گھر میں بغیر نکاح کے ساتھ رہنے کی صورت میں فتنہ میں مبتلا ہونےکا قوی اندیشہ ہے، لہذا اس مطلقہ عورت پر لازم ہے کہ وہ اپنے والدین یا اپنے سگے بھائیوں کے گھر منتقل ہوجائے، اپنے سابق شوہر کے گھر رہنے پر بضد رہنا شرعاً جائز نہیں جس سے بہر صورت اجتناب لازم ہے۔
ففي الدر المختار: «وسئل شيخ الإسلام عن زوجين افترقا ولكل منهما ستون سنة وبينهما أولاد تتعذر عليهما مفارقتهم فيسكنان في بيتهم ولا يجتمعان في فراش ولا يلتقيان التقاء الأزواج هل لهما ذلك؟ قال: نعم، وأقره المصنف.» (باب العدة، فصل في الحداد، ج:3، ص:538، طبع: ایچ ایم سعید)
وفي حاشية ابن عابدين: «(قوله: وسئل شيخ الإسلام) حيث أطلقوه ينصرف إلى بكر المشهور بخواهر زاده، وكأنه أراد بنقل هذا تخصيص ما نقله عن المجتبى بما إذا كانت السكنى معها لحاجة، كوجود أولاد يخشى ضياعهم لو سكنوا معه، أو معها، أو كونهما كبيرين لا يجد هو من يعوله ولا هي من يشتري لها، أو نحو ذلك والظاهر أن التقييد بكون سنهما ستين سنة وبوجود الأولاد مبني على كونه كان كذلك في حادثة السؤال كما أفاده ط. .» (باب العدة، فصل في الحداد، ج:3، ص:538، طبع: ایچ ایم سعید)
وفی الفتاوى الهندية: «(وأما الجمع بين ذوات الأرحام) فإنه لا يجمع بين أختين بنكاح ولا بوطء بملك يمين سواء كانتا أختين من النسب أو من الرضاع هكذا في السراج الوهاج. والأصل أن كل امرأتين لو صورنا إحداهما من أي جانب ذكرا؛ لم يجز النكاح بينهما برضاع أو نسب لم يجز الجمع بينهما هكذا في المحيط. فلا يجوز الجمع بين امرأة وعمتها نسبا أو رضاعا»(كتاب النكاح، الباب الثالث في بيان المحرمات، ج:1، ص:277، طبع: المطبعة الكبرى ببولاق)