نکاح

والدین اگر جوان بچی اور بچوں کے رشتہ کے حوالے سے فکر مند نہ ہوں تو ان کے لئے کیا حکم ہے

فتوی نمبر :
95636
| تاریخ :
0000-00-00
معاملات / احکام نکاح / نکاح

والدین اگر جوان بچی اور بچوں کے رشتہ کے حوالے سے فکر مند نہ ہوں تو ان کے لئے کیا حکم ہے

عرض ہے کہ اگر کسی کا بچہ یا بچی جوان ہوجائے اور والدین اس کے نکاح کے بارے میں بالکل فکر مند نہ ہوں کہ اس کا نکاح کرایا جائے اور مزے سے زندگی گزار رہے ہوں اس شخص کے بارے میں شریعت کیا کہتی ہے ؟ اور نکاح کی عمر شریعت کیا بتاتی ہے ۔ براہ مہربانی ہماری اصلاح فرمائیں حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے ۔

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

واضح رہے کہ شریعتِ مطہرہ میں والدین پر اولاد کے کئی حقوق عائد ہوتے ہیں، چنانچہ بچہ پیدا ہونے کے بعد اس کا اچھا نام رکھنا، عقیقہ کرنا، اچھی دینی و اخلاقی تعلیم و تربیت دینا، اور بالغ ہونے کے بعد مناسب وقت پر اس کے نکاح کی فکر کرنا بھی والدین کی ذمہ داریوں میں شامل ہے، لہٰذا جب لڑکا یا لڑکی بالغ ہوجائیں اور نکاح کی ضرورت محسوس ہو تو والدین کو چاہیے کہ بلاوجہ تاخیر نہ کریں، خصوصاً ایسے حالات میں جبکہ گناہ میں مبتلا ہونے کا اندیشہ ہو؛ اس لیے اگر بالغ بیٹا اپنی بیوی کے حق مہر اور نان و نفقہ ادا کرنے کی قدرت رکھتا ہو، یا والد وغیرہ اس کے اخراجات اٹھانے کے لیے تیار ہوں، اور قرائن سے نکاح کی ضرورت بھی ظاہر ہو، پھر بھی والدین غیر ضروری وجوہات کی بنا پر نکاح میں تاخیر کریں تو اولاد کے گناہ میں مبتلا ہونے کی صورت میں والدین بھی عند اللہ مؤاخذہ سے محفوظ نہ ہوں گے۔ جبکہ نکاح کے لیے شرعاً کوئی عمر متعین نہیں ہے بلکہ والدین کی اجازت سے عمر کے کسی بھی حصے میں نکاح کیا جاسکتا ہے ۔

مأخَذُ الفَتوی

کمافی مشكاة المصابيح : وعن أبي سعيد وابن عباس قالا : قال رسول الله صلى الله عليه وسلم : " من ولد له ولد فليحسن اسمه وأدبه فإذا بلغ فليزوجه فإن بلغ ولم يزوجه فأصاب إثما فإنما إثمه على أبيه (ج2/ص: 211 ط: المكتب الإسلامي - بيروت)
وفی الشامیہ: و يكون واجبًا عند التوقان) فإن تيقن الزنا إلا به فرض نهاية، و هذا إن ملك المهر و النفقة و إلا فلا إثم بتركه بدائع ... و يندب إعلانه و تقديم خطبة و كونه في مسجد يوم جمعة بعاقد رشيد و شهود عدول و الاستدانة له." (کتاب النکاح ،ج:3، ص:8، ط:دارالفکر)

واللہ تعالی اعلم بالصواب
محمد قاسم حسین عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 95636کی تصدیق کریں
0     17
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات