کیا بچے کی ولادت سے پہلے شوہر کا بیوی کے کردار پر بغیر کسی وجہ کے شک کرنا ،نازیبا باتیں کہنا اور بچے کو اپنا نہ ماننا، اس پر شک ہونا کہ میرا ہے یا نہیں، بعد میں تمام باتوں سے مکر جانا ۔۔۔۔ان تمام باتوں سے نکاح قائم رہتا ہے یا نہیں ؟؟؟؟؟عدت کا کیا حکم ہے اس معاملے میں؟؟
شوہر کا بیوی کے کردار پر بلا وجہ شک کرنا، نازیبا باتیں کہنا اور بچے کے متعلق یہ کہہ کر ’’یہ میرا بچہ ہے یا نہیں‘‘ بیوی کے کردار کو مشکوک بنانا بہتان طرازی کے مترادف عمل ہونے کی وجہ سے شرعاً ناجائز وحرام ہے،جس پر شوہر کو بصدقِ دل توبہ واستغفار اور بیوی سے معافی تلافی کرکےآئندہ کے لیے ایسے نازیبا الفاظ کہنے سے اجتناب لازم ہے، تاہم محض ان باتوں سے نکاح ختم نہیں ہوا، بلکہ نکاح بدستور برقرار ہے، لہٰذا بیوی کے ذمہ عدت لازم نہ ہوگی۔
کما فی صحیح البخاري: لایرمي رجلٌ رجلاً بالفسوق ولایرمیه بالکفر إلا ارتدت علیه إن لم یکن صاحبه کذلك. (باب ما ینهی عن السباب واللعن، رقم الحدیث:5810، ج:2، ص:893، ط:دارالطوق النجاۃ)
وفی كنز العمال فی سنن الاقوال والافعال: عن علي قال: البهتان على البراء أثقل من السموات. الحكيم. (رقم الحدیث:8810 ج:3، ص:802، ط:دارالکتب العلمیہ)
وفی الهداية شرح البداية: وإذا قال الزوج: ليس حملك مني فلا لعان بينهما، وهذا قول أبي حنيفة وزفر رحمهما الله؛ لأنه لا يتيقن بقيام الحمل فلم يصر قاذفًا. (2/ 25)