محترم جناب مفتی صاحب ! السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ! کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ میری شادی سنہ 2010 میں سے ہوئی تھی، اور جون 2011 میں ہمارے گھر بیٹی کی ولادت ہوئی، بچی کی ولادت کے آٹھ ماہ بعد چند ناگزیر وجوہات کی بنیاد پر ہماری طلاق ہوگئی، اور میں نے بچی کی شیر خوارگی، کم سنی اور اللہ کی رضا کے واسطے ماں کے سپرد کر دیا، کچھ عرصے کے بعد میری بھی دوسری شادی ہوگئی ، اور میری سابقہ زوجہ کی بھی دوسری شادی ہوگئی، بد قسمتی سے میری سابقہ زوجہ نے میری بیٹی کی ولدیت میں دوسرے شوہر کا نام ڈالدیاہے ، جبکہ اس حوالے سے مجھے لاعلم رکھا گیا، جب میری دوسری بیٹیوں کے نادرا کے کاغذات کے سلسلے میں پہلی بیٹی کے کوائف کا تقاضہ ہوا تو استفسار پر مندرجہ بالا انکشاف ہوا، میں انکے اس عمل پر آپ سے شرعی حکم معلوم کرنے کا درخواست گزار ہوں، میں آپ حضرات سے امید کرتا ہوں کہ اس مسئلے پر میری رہنمائی فرما کر ممنون فرمائیں گے۔
صورت مسئولہ میں اگر واقعۃً سائل کی بیٹی کی ولدیت تبدیل کر کے اسے سوتیلے باپ کی طرف منسوب کیا گیا ہو، اور سرکاری دستاویزات میں حقیقی والد کے بجائے دوسرے شخص کا نام درج ہو، تو بچی کی والدہ اور اس کے سوتیلے والد کا یہ اقدام شرعاً ناجائز ، سخت گناہ اور انتہائی سنگین جرم ہے، جس پر قرآن وحدیث میں سخت وعیدیں وارد ہوئی ہیں ، چنانچہ محض پرورش یا کفالت کی وجہ سے بچی کی ولدیت کو کسی دوسرے شخص کی طرف منسوب نہیں کیا جاسکتا ، اور نہ ہی سوتیلا باپ نسب میں حقیقی باپ کے شرعاً قائم مقام بن سکتا ہے، ا س قسم کی تبدیلی سے نہ صرف شریعت کے واضح حکم کی مخالفت لازم آتی ہے، بلکہ آئندہ وراثت ، نکاح ، محرمیت وغیرہ جیسے معاملات میں بھی شدید خرابیاں پیدا ہونے کا اندیشہ ہے، لہذا دونوں (والدہ، سوتیلے والد) پر لازم ہے کہ اپنے اس فعل پر صدق دل سے توبہ واستغفار کریں، اور فوراً سرکاری ریکارڈ اور تمام دستاویزات میں بچی کی ولدیت درست کراکے اس کے حقیقی والد کا نام درج کروائیں، بصورت دیگر سائل ان کے خلاف قانونی کاروائی کا بھی مجاز ہے۔
كما قال الله تعالى : ادْعُوهُمْ لِآبَائِهِمْ هُوَ أَقْسَطُ عِنْدَ اللَّهِ فَإِنْ لَمْ تَعْلَمُوا آبَاءَهُمْ فَإِخْوَانُكُمْ فِي الدِّينِ وَمَوَالِيكُمْ وَلَيْسَ عَلَيْكُمْ جُنَاحٌ فِيمَا أَخْطَأْتُمْ بِهِ وَلَكِنْ مَا تَعَمَّدَتْ قُلُوبُكُمْ وَكَانَ اللهُ غَفُورًا رَحِيمًا ( سورة الأحزاب ، الآية : ۵)-
و فی صحیح مسلم: (63) حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ أَبِي شَيْبَةَ، حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ زَكَرِيَّاءَ بْنِ أَبِي زَائِدَةَ، وَأَبُو مُعَاوِيَةَ، عَنْ عَاصِمٍ، عَنْ أَبِي عُثْمَانَ، عَنْ سَعْدٍ، وَأَبِي بَكْرَةَ كِلَاهُمَا، يَقُولُ: سَمِعَتْهُ أُذُنَايَ، وَوَعَاهُ قَلْبِي مُحَمَّدًا صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ: «مَنِ ادَّعَى إِلَى غَيْرِ أَبِيهِ، وَهُوَ يَعْلَمُ أَنَّهُ غَيْرُ أَبِيهِ فَالْجَنَّةُ عَلَيْهِ حَرَامٌ» (1/80 رقم الحدیث 115)۔
وفیہ ایضا: خَطَبَنَا عَلِيُّ بْنُ أَبِي طَالِبٍ، فَقَالَ: مَنْ زَعَمَ أَنَّ عِنْدَنَا شَيْئًا نَقْرَؤُهُ إِلَّا كِتَابَ اللهِ وَهَذِهِ الصَّحِيفَةَ ( الی قولہ) وَمَنِ ادَّعَى إِلَى غَيْرِ أَبِيهِ، أَوِ انْتَمَى إِلَى غَيْرِ مَوَالِيهِ، فَعَلَيْهِ لَعْنَةُ اللهِ وَالْمَلَائِكَةِ وَالنَّاسِ أَجْمَعِينَ، لَا يَقْبَلُ اللهُ مِنْهُ يَوْمَ الْقِيَامَةِ صَرْفًا، وَلَا عَدْلًا»(2/994 رقم الحدیث 1370)۔