میں نے 2021میں اپنی بیوی کے بھائی کی بیٹی سے نکاح کیا تھا، اس وقت ہم دونوں کو نہیں پتہ تھا کہ یہ جائز نہیں ہے اب پتہ لگا، لیکن میں اس لڑکی کو نہیں چھوڑنا چاہتا، نہ ہی پہلی والی کو، میں دونوں کو رکھنا چاہتا ہوں ، اس کے لیے کوئی حل ہےتو بتادیں، میں اس وجہ سے بہت پریشان ہوں، اس پر کوئی فتوی ہے تو میری رہنمائی فرمائیں۔
واضح ہو کہ پھوپھی اور بھتیجی کو بیک وقت نکاح میں جمع کرنا شرعاً جائز نہیں ، جس سے اجتناب لازم ہے، چنانچہ صورت مسئولہ میں سائل کا پہلی بیوی کی موجودگی میں لاعلمی میں اس کی بھتیجی سےکیاگیانکاح شرعاً درست نہیں، بلکہ فاسدہے، جس کا ختم کرنا ضروری ہے، لہذا سائل کو اپنی اس غلطی پر بصدق دل توبہ و استغفار کرنا اور فوراً ایک دوسرے سے علیحدگی اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ دوسری بیوی کو الفاظ متارکہ (میں نے چھوڑ دیا وغیرہ) کہہ اس کو نکاح سے آزاد کرنا ضروری ہے، تاکہ عدت کے بعد وہ دوسری جگہ نکاح کرنے میں آزاد ہو، لیکن اگر دوسری بیوی کے ساتھ اب تک ہمبستری نہ کی ہو تو ایسی صورت میں اس پر عدت لازم نہ ہوگی ، البتہ اگرسائل دوسری عورت کے ساتھ نکاح برقرار رکھنا چاہتا ہو تواس صورت میں پہلی بیوی کو طلاق دینے کے بعد اس کی عدت مکمل ہونے تک انتظار کرے، پھر اس کےبعدپہلی بیوی کی بھتیجی سے نیا نکاح کرسکتاہے، لیکن پھوپھی اوربھتیجی دونوں کےساتھ بیک وقت ازدواجی رشتہ برقراررکھنےکی شرعاًکوئی گنجائش نہیں ، جس سے بہر صورت اجتناب لازم ہے۔
کما فی صحیح مسلم: عن أبي هريرة، قال: سمعت رسول الله صلى الله عليه وسلم يقول: «لا تنكح العمة على بنت الأخ، ولا ابنة الأخت على الخالة»(رقم الحدیث 1408 بَابُ تَحْرِيمِ الْجَمْعِ بَيْنَ الْمَرْأَةِ وَعَمَّتِهَا أَوْ خَالَتِهَا فِي النِّكَاحِ، 1028/2 ط، دار إحياء التراث العربي - بيروت)۔
وفی الدر المختار: (و) حرم (الجمع) بين المحارم (نكاحا) أي عقدا صحيحا (وعدة ولو من طلاق بائن، و) حرم الجمع (وطء بملك يمين بين امرأتين أيتهما فرضت ذكرا لم تحل للأخرى) أبدا لحديث مسلم «لا تنكح المرأة على عمتها» وهو مشهور يصلح مخصصا للكتاب الخ(کتاب النکاح فصل في المحرمات، 38/3 ط سعید)۔
وفی رد المحتار: تحت (قوله: أيتهما فرضت إلخ) أي أية واحدة منهما فرضت ذكرا لم يحل للأخرى كالجمع بين المرأة وعمتها أو خالتها، والجمع بين الأم والبنت نسبا أو رضاعا، وكالجمع بين عمتين أو خالتين كأن يتزوج كل من رجلين أم الآخر، فيولد لكل منهما بنت فيكون كل من البنتين عمة الأخرى، أو يتزوج كل منهما بنت الآخر ويولد لهما بنتان، فكل من البنتين خالة الأخرى كما في البحر اھ(کتاب النکاح فصل في المحرمات، 38/3 ط سعید)۔
وفی الدر المختار : (ویجب مھر المثل فی نکاح فاسد)وھو الذی فقد شرطا من شرائط الصحۃ کشھود (بالوطء)فی القبل (لا بغیرہ)کالخلوۃ(الی قولہ) (ولم یزد )مھر المثل (علی المسمی ) (الی قولہ) (و) یثبت (لکل واحد منھما فسخۃ ولو بغیر محضر عن صاحبہ دخل بھا او لا)فی الاصح خرجا عن المعصیۃ(الی قولہ) (وتجب العدۃ بعد الوطء) لا الخلوۃ للطلاق لا للموت (من وقت التفریق)او متارکۃ الزوج الخ(کتاب النکاح، باب المهر [مطلب في النكاح الفاسد] 131/3، ط: سعید)۔