نکاح

سیدہ عورت کا نکاح غیر سید سے کرنے کا حکم

فتوی نمبر :
93447
| تاریخ :
2026-03-24
معاملات / احکام نکاح / نکاح

سیدہ عورت کا نکاح غیر سید سے کرنے کا حکم

سوال کا مضمون:- سادات کی بیٹیوں کے نکاح میں "کفو" کی شرعی حیثیت اور موجودہ سماجی المیہ
سوال (Question/Message):
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ،
گزارش ہے کہ ہمارے معاشرے (خصوصاً خیبر پختونخوا اور پنجاب کے دیہی علاقوں) میں یہ سخت نظریہ عام ہے کہ سید زادی کا نکاح غیر سید سے کرنا ناجائز یا حرام ہے۔ اس مائنڈ سیٹ اور "کفو" کی انتہائی سخت تشریح کی وجہ سے ہزاروں نیک سیرت سید زادیاں، جن میں مدارس سے فارغ التحصیل عالمات بھی شامل ہیں، گھروں میں بیٹھی بوڑھی ہو رہی ہیں ،کیونکہ ان کے جوڑ کا "سید" لڑکا نہیں ملتا۔
شریعتِ مطہرہ کی روشنی میں رہنمائی فرمائیں کہ:
1- کیا کسی دیندار اور بااخلاق غیر سید لڑکے سے سید زادی کا نکاح شرعاً جائز ہے؟
2-کیا محض "سادات" ہونے کی بنا پر بیٹیوں کو نکاح کے حق سے محروم رکھنا اور انہیں گھر بٹھا کر ان کی زندگی برباد کرنا ظلم اور گناہ نہیں ہے؟
3-کیا "کفو" کا مطلب صرف خاندان ہے یا دین اور اخلاق کو اس پر فوقیت حاصل ہے؟
براہِ کرم اس اہم سماجی مسئلے پر مفصل فتویٰ جاری فرمائیں، تاکہ اس فرسودہ روایت کا خاتمہ ہو سکے۔

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

واضح ہو کہ سیّدہ لڑکی کا نکاح غیر سیّد سے ولی کی رضا مندی سے شرعاً جائز ہے۔البتہ نسب اگر چہ کفائت کے معتبر اوصاف میں شمار ہوتاہے۔اس لئے غیر سیّدہ شخص سیّدہ کیلئے نسبی کفؤ نہیں ہے تاہم اگر ولی اس نکاح پر راضی ہو تو اس کا اعتبار شرعاً ختم ہوجاتا ہے اورغیر سیّد سے نکاح کرنے میں کوئی حرج نہیں رہتا۔جبکہ نکاح کے معاملہ میں خاندان یا برادری کو معیار بنا کر دین داری اور عمدہ اخلاق والے مناسب رشتہ کو بلا وجہ رد کرنا اور لڑکی کو نکاح سے محروم رکھنا درست طرز عمل نہیں ،جس سے بہر صورت احتراز لازم ہے۔نیز نبی کریم ﷺ نے دین داری اور اخلاق کو نکا ح کے انتخاب میں بنیادی اہمیت دی ہے ۔اس لئے اگر دینداری اور بااخلاق غیر سیّد کا رشتہ موجود ہو تو محض معاشرتی طعنوں یا برادری کی رسوم کی وجہ سے نکاح میں بلا وجہ تاخیر قطعاً مناسب اور درست طریقہ کار نہیں ،لہذا اس سے اجتناب چاہیے۔

مأخَذُ الفَتوی

كما في المبسوط للسرخسي:وإذا تزوجت المرأة غير كفء فرضي به أحد الأولياء جاز ذلك، ولا يكون لمن هو مثله في الولاية أو أبعد منه أن ينقضه إلا أن يكون أقرب منه فحينئذ له المطالبة بالتفريق، (فصل في الأكفاء ،ج ٥ ، ص ٢٦ ،ط دار المعرفة - بيروت، لبنان)
وفي بدائع الصنائع: وأما الثاني فالنكاح الذي الكفاءة فيه شرط لزومه هو إنكاح المرأة نفسها من غير رضا الأولياء لا يلزم حتى لو زوجت نفسها من غير كفء من غير رضا الأولياء لا يلزم (الي قوله)ولو كان التزويج برضاهم يلزم حتى لا يكون لهم حق الاعتراض؛( فصل إنكاح المرأة نفسها من غير رضا الأولياء ،ج ٢،ص ٣١٧\٣١٨، دار الكتب العلمية)
وفي التاتارخانية: ثم المرأة إذا تزوجت نفسها من غير كفو صح النكاح في ظاهر الرواية عن أبي حنيفة رحمه الله وهو قول أبي يوسف رحمه الله أخرا¬ وهو قول محمد رحمه الله أيضا.
( فصل في الكفاءة، ج ٣، ص ٦٤ ، إدارة العلوم الإسلامية كراتشي)
وفي الهندية: فإذا تزوجت المرأة رجلا خيرا منها؛ فليس للولي أن يفرق بينهما فإن الولي لا يتعير بأن يكون تحت الرجل من لا يكافئوه، كذا في شرح المبسوط للإمام السرخسي.
( الباب الخامس في الأكفاء ،ج ١ ،ص ٢٩٠، دار الفكر بيروت)
وفي الفقه الإسلامي وأدلته:وإذا زوجها الولي بغير كفؤ برضاها لزم النكاح ،وإذا رضي الأولياء فقد إسقطو حق أنفسهم بالإعتراض و الفسخ.
( الكفاءة في الزواج ، ج ٧، ص ٢٣٥ ،ط مكتبة رشيدية هرات)

واللہ تعالی اعلم بالصواب
جمال الدین محمدی عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 93447کی تصدیق کریں
0     87
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات