نکاح

ولی کی اجازت کے بغیر نکاح کا حکم

فتوی نمبر :
93209
| تاریخ :
2026-03-13
معاملات / احکام نکاح / نکاح

ولی کی اجازت کے بغیر نکاح کا حکم

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ! میری منگنی ہو چکی ہے اور نکاح کی تاریخ بھی طے ہو چکی ہے، لڑکی کے پاس اس کے ولی (والد صاحب) کی طرف سے اجازت نامہ بھی موجود ہے ، جس میں انہوں نے لکھ کر دیا ہے کہ انہیں اس رشتے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ کسی مجبوری کی وجہ سے میں اور وہ لڑکی نکاح کی مقررہ تاریخ سے پہلے ایک دوسرے شہر جا رہے ہیں اور ہم اکیلے ہوں گے، مجھے یہ خدشہ ہے کہ کہیں ہم کسی غلطی میں مبتلا نہ ہو جائیں، اس صورت میں میرا سوال یہ ہے کہ کیا ہم دونوں دو گواہوں کی موجودگی میں خود اپنا نکاح پڑھ سکتے ہیں؟ اگر ایسا ممکن ہے تو اس کا درست طریقہ کیا ہے؟ مزید یہ کہ لڑکی شافعی مسلک سے تعلق رکھتی ہے، جبکہ میں حنفی مسلک کو مانتا ہوں، اس صورت میں شرعی طور پر کیا طریقہ اختیار کرنا چاہیے؟ براہِ کرم اس بارے میں رہنمائی فرمائیں۔

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

صورتِ مسئولہ میں نکاح سے قبل سائل اورمذکور لڑکی چونکہ دونوں ایک دوسرے کے لیے نامحرم ہیں، لہٰذا انہیں خلوت اختیار کرنے اورساتھ سفرکرنےسے بہرصورت اجتناب لازم ہے۔
جبکہ سائل کے بقول لڑکی چونکہ فقہِ شافعی کی پیروکار ہے، اورفقہِ شافعی کے مطابق ولی یااس کے وکیل کی مجلس نکاح میں شرکت کے بغیر عورت کا خود اپنا نکاح کرنا صحیح نہیں، اگرچہ اسے ولی کی اجازت حاصل ہو ۔ (تحفة المحتاج، 7/236؛ مغني المحتاج، 4/226؛ روضة الطالبين، 7/50)اس لیےسائل اوراس لڑکی کا محض ولی کےاجازت نامہ کی موجودگی کوکافی سمجھتے ہوئےنکاح کرنا درست نہ ہوگا۔
لہٰذا سائل کو چاہیے کہ اگر مقررہ تاریخ سے پہلے نکاح کی ضرورت ہو تو لڑکی کے والد یا ان کے مقرر کردہ وکیل کے ذریعے، شرعی گواہوں کی موجودگی میں مہرکی تعیین کےساتھ باقاعدہ ایجاب و قبول کے ساتھ نکاح منعقد کرے ،تاکہ شرعی تقاضےکے مطابق نکاح درست منعقدہوسکے ۔والدین کے علم میں لائے بغیرخفیہ نکاح کرنادرست طریقہ نہیں جس سے اجتناب کیا جائے، تاکہ بعد میں کسی قسم کی بدگمانی اور بدمزگی پیدانہ ہو۔

مأخَذُ الفَتوی

کما فی ردالمحتار: لو قال هل أعطيتنيها فقال أعطيت إن كان المجلس للوعد فوعد، وإن كان للعقد فنكاح. اهـ. (كتاب النكاح، ج: 3،ص: 11، مط: ایچ ایم سعید کراچی)
وفي الفقه الإسلامي وأدلته للزحيلي: بينا أن الخطبة ليست زواجاً، وإنما هي مجرد وعد بالزواج، فلا يترتب عليها شيء من أحكام الزواج، ولا الخلوة بالمرأة أو معاشرتها بانفراد؛ لأنها ما تزال أجنبية عن الخاطب، وقد نهى الرسول صلى الله عليه وسلم في الأحاديث السابقة عن الخلوة بالأجنبية وعن الجلوس معها إلا مع محرم كأبيها أو أخيها أوعمها، ومن تلك الأحاديث: «لا يخلون رجل بامرأة لا تحل له، فإن ثالثهما الشيطان، إلا مَحْرمٌ».(الیٰ قولہ) وأما المعاشرة قبل الزواج والذهاب معاً إلى الأماكن العامة وغيرها، فهو كله ممنوع شرعاً، الخ (الثاني عشرـ تحريم الخلوة بالمخطوبة، ج: 9، ص: 6508، مکتبۃ رشیدیۃ سرکی روڈ)
وفي مغني المحتاج: (فصل في أركان النكاح وغيرها) وأركانه خمسة: صيغة، وزوجة، وشاهدان، وزوج، وولى، وھماالعاقدان. اهـ. (ج: 4، ص: 226، مط: دار الكتب العلمية)
وفي روضة الطالبين: الركن الرابع: العاقدان، وهما الموجب، والقابل. فالقابل : هو الزوج ومن ينوب عنه، والموجب: هو الولي أو وكيله، ولا تصح عبارة المرأة في النكاح إيجابا وقبولا، فلا تزوج نفسها بإذن الولي ولا بغير إذنه، ولاغيرها، لا بولاية ولا وكالة، ولا يقبل النكاح لا بولاية ولا وكالة. اھ (ج: 7، ص: 50، مط: المكتب الإسلامي)

واللہ تعالی اعلم بالصواب
محمد اسلم امین عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 93209کی تصدیق کریں
0     68
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات