گناہ و ناجائز

کسی بچہ کے علاج کیلئے جمع کئے ہوئے پیسوں سےمیت کا سرد خانہ بنانا

فتوی نمبر :
93039
| تاریخ :
2026-03-08
حظر و اباحت / جائز و ناجائز / گناہ و ناجائز

کسی بچہ کے علاج کیلئے جمع کئے ہوئے پیسوں سےمیت کا سرد خانہ بنانا

ہمارے گاؤں میں ایک بچہ بیمار ہوا تھا، کچھ جوانوں نے اس کے علاج کے لئے رقم جمع کی تھی، 38 ہزار روپے جمع ہوئے ، لیکن اس بچہ کا انتقال ہو گیا، وہ رقم باقی رہ گئی، چنانچہ اس رقم میں اور پیسے ڈالے گئے اور پیسے ڈالنے کے وقت یہ نیت کی گئی کہ ہم الیکٹرانک فریزر لائیں گے اور وہ ہندو مسلمان سب مذہب والوں کے لئے استعمال ہوگا، لیکن اب مسئلہ یہ ہو رہا ہے کہ گاؤں کے لوگ اس کو پسند نہیں کر رہے کہ ہم غیروں کو یہ الیکٹرانک فریزر دیں۔ ان کا یہ کہنا ہے کہ غیروں کا جسم اچھا نہیں ہوتا ہے، پاک نہیں ہوتا ہے جس کی وجہ سے یہ کافروں کو الیکٹرانک فریزر نہیں دینا چاہیے اور بعض لوگ کہتے ہیں کہ دینا چاہیے۔ عوام دینے سے منع کر رہی ہیں اور کچھ مالدار قسم کے لوگ غیروں کو دینے کی بات کررہے ہیں،آپ ہماری رہنمائی فرمائیں کہ کیا غیروں کو الیکٹرانک فریزر دینا جائز ہے یا نہیں؟ اس معاملہ میں جھگڑا بھی نہ ہو، اس طرح کا فیصلہ قرآن و حدیث کی روشنی میں جواب مرحمت فرمائیں۔ (نوٹ) سائل سے پوچھنے پر معلوم ہوا کہ مذکور رقم بچے کے حوالے کرنے سے پہلے ہی اس کا انتقال ہوگیا تھا۔

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

صورتِ مسئولہ میں بچے کے علاج کے لیے جمع شدہ رقم چونکہ بچے کے حوالے کرنے سے پہلے ہی اس کا انتقال ہوگیا تھا، اس لیے اس رقم کے حکم کا دارومدار اس بات پر ہے کہ رقم کس کی طرف سے اور کن شرائط کے ساتھ جمع کی گئی تھی۔ اگر رقم دینے والوں نے بچے کے علاج کے لیے دی تھی اور علاج ممکن نہ رہا، تو ان کی اجازت اور رضامندی کے بغیر اس رقم کو کسی دوسرے مصرف میں خرچ کرناشرعاًجائز نہیں؛ بلکہ رقم دینے والوں سے اجازت لینےکے بعد ہی اسے کسی جائز مصرف میں استعمال کیا جاسکتاہے، نیزمسلمانوں کی رقم (خواہ صدقہ کی ہویاغیرصدقہ کی ، صدقات واجبہ کی ہو یاغیرواجبہ کی) سےخریدے ہوئے الیکٹرانک فریزر کااستعمال غیر مسلموں کےلیے کرنابھی شرعاً جائز ہے، چنانچہ اگر رقم دینے والوں کی اجازت سے مشترکہ استعمال کے لیے فریزر خریدا گیا ہو، تو مسلمانوں اور غیر مسلموں دونوں کا اس سے فائدہ اٹھانا جائز ہے۔
لہٰذا گاؤں کے لوگوں کو باہمی اختلاف اور جھگڑے سے بچتے ہوئے رقم دینے والوں کی رضامندی سے معاملہ طے کرلیناچاہیے، محض مذہبی اختلاف کی بنیاد پر کسی کو فریزر کے استعمال سے محروم کرنامناسب نہیں ،بلاوجہ نزاع اورجھگڑاپیداکرنے سے احترازچاہیے۔

مأخَذُ الفَتوی

کما قال اللہ تعالی: {لا ینھاکم اللہ عن الذین لم یقاتلوکم فی الدین ولم یخرجوکم من دیارکم ان تبروھم وتقسطوا الیھم ان اللہ یحب المقسطین} [الممتحنۃ: 8]
وفی الدر المختار: (وتتم) الھبۃ (بالقبض) الکامل (ولو الموھوب شاغلا لملک الواھب لا مشغولا بہ) والاصل ان الموھوب ان مشغولا بملک الواھب منع تمامھا وان شاغلا لا۔الخ(کتاب الھبۃ، ج:5 ، ص: 690، ط: سعید)
وفی رد المحتار: على أنهم صرحوا بأن مراعاة غرض الواقفين واجبة، وصرح الأصوليون بأن العرف يصلح مخصصًا(کتاب الوقف، مطلب مراعاۃ غرض الواقفین الخ، ج: 4، ص: 445،ط: سعید)
وفی الفتاوى الهندية: رجل مات في مسجد قوم فقام أحدهم وجمع الدراهم ففضل من ذلك شيء إن عرف صاحب الفضل رده عليه وإن لم يعرف كفن به محتاجا آخر وإن لم يقدر على صرفه إلى الكفن يتصدق به على الفقراء، كذا في فتاوى قاضي خان. (الفصل الثالث فی التکفین، ج: 1، ص: 161، ط: ماجدیۃ)

واللہ تعالی اعلم بالصواب
حسین احمد عبدالمجید عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 93039کی تصدیق کریں
0     28
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات