کیا فرماتے ہیں علماء کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ میری والدہ نے ایک لڑکی کو دودھ پلایا ہے، اس لڑکی کی اور بھی بہنیں موجود ہیں، جن کو میری والدہ نے دودھ نہیں پلایا، کیا میرے بڑے بھائی کا رشتہ اس لڑکی کی بہنوں میں سے کسی کے ساتھ ہو سکتا ہے؟
سائل کی والدہ نے جس لڑکی کو مدتِ رضاعت میں دودھ پلایا ہے، اس لڑکی کا نکاح تو سائل اور اس کے دیگر بھائیوں سے جائز نہیں، البتہ مذکور لڑکی کی دیگر بہنوں میں سے کسی ایک کا سائل کے بڑے بھائی سے نکاح شرعا جائز اور درست ہے۔ بشرطیکہ حرمت کی کوئی اور وجہ نہ پائی جاتی ہو۔
ففی اللباب في شرح الكتاب: (ويجوز أن يتزوج الرجل بأخت أخيه من الرضاع، كما يجوز أن يتزوج بأخت أخيه من النسب اھ (3/ 33) واللہ اعلم بالصواب