السلام علیکم! میں کراچی سے ہوں ،میں اپنے گھر پہ اپنی امی اور دو بہنوں کے ساتھ رہتی ہوں ،میرے والد صاحب دس سال پہلے انتقال کر گئے تھے، اور ابھی میری ایک بہن کی شادی ہو چکی ہے ، اور دوسری کی بھی ہونے والی ہے ، میری ایک بہن اپنے گھر میں اپنے شوہرکے ساتھ رہتی ہے ، اور دوسری کی بھی ہونے والی ہے ، اور وہ شادی کے بعد ذی الحجہ کے مہینے میں اپنے شوہر کے ساتھ حج کرنے جائے گی ، اور میری والدہ بھی ان کے ساتھ جائیں گی ، تو پیچھے میرے گھر میں کوئی نہیں ہے مجھے دیکھنے کو اور میری حفاظت کے لئے ،میں اپنے گھر میں اکیلی نہیں رہ سکتی ، کیونکہ میرا گھر اوپر سے پورا کھلا ہے ، کوئی بھی کود کر آ سکتا ہے ، اس کی وجہ سے میری امی مجھے کسی اور کے گھر چھوڑ کر جائیں گی ، یعنی اپنے کسی بہن، بھائی، یا پڑوسی کے گھر چھوڑ کر جو مجھے اچھا نہیں لگ رہا ،کیونکہ جس کے گھر بھی جانا ہو گا وہاں پر غیر محرم ہوں گے ، اور ہمارے یہاں سب ایک جگہ ایک ساتھ اٹھتے بیٹھے ہیں ، کھانا بھی سب ایک ساتھ ایک جگہ بیٹھ کر کھاتے ہیں ، تو مجھے اس سے بھی مسئلہ ہے کہ کسی کے گھر نہیں جانا، تو کیا میری امی اپنی اور میری بہن کی حفاظت میں مجھے حج کے لئے لے جا سکتی ہیں ، یا پھر مجھے کسی کے گھر چھوڑ کر جائیں ؟یہ میری امی اور بہن کا پہلا حج ہے ، اور اگر میں اپنی امی ،اور بہن کے شوہر کے ساتھ حج پہ چلی جاؤں تو کیا میرا حج قبول ہو گا ؟
واضح ہو کہ کسی عورت پر وجوبِ حج کیلئے صاحب ِاستطاعت ( یعنی اس کے پاس سفرِ حج پر جانے اور واپس آنے کے لئے اخراجات کا موجود ) ہونے کےساتھ ساتھ شوہر یا محرم کاسفرِ حج میں ساتھ ہونا بھی ضروری ہے،لہذا صورتِ مسئولہ میں سائلہ کی والدہ اور بہن کا صاحبِ استطاعت ہونے اور محرم کے ساتھ ہونے کی صورت میں حج ادا کرنے سےان کا حج درست ادا ہوگا ،جبکہ سائلہ کیلئے چونکہ سائلہ کا بہنوئی محرم نہیں ، اس لئے سائلہ کا ان کے ساتھ اداءِ حج کیلئے جانا شرعاً جائز و درست نہیں، لیکن اگر وہ ان کے ساتھ ادائیگی حج کیلئے چلی بھی جائے اور حج اداء کرلے تو ایسی صورت میں اس کا فرض حج اگرچہ ادا ہوجائیگا،مگر نا محرم کے ساتھ سفر کرنے کی وجہ سے گناہگارضرور ہوگی۔
تاہم سائلہ اگر حج پر جانے کے بجائے اپنی عفت و عصمت کی حفاظت کی غرض سے اپنے کسی محرم رشتہ دارمثلاً ماموں وغیرہ (جیسا کہ سائلہ کا کہنا ہے کہ میری والدہ مجھے اپنے کسی بھائی ،بہن کے پاس چھوڑ کر جا نا چاہتی ہیں )کے پاس رہائش اختیار کرلے تو اس کا اکیلی رہائش اختیار کرنے کے بجائے مذکور اعذار کے باوجود ان کے پاس ٹھہرنا مناسب اور شرعاً بھی جائز و درست ہے ، ایسی صورت میں سائلہ کو نا محرم مردوں ( جیسے ماموں کے بیٹے وغیرہ ) سے حتی الامکان پردہ کرنا لازم و ضروری ہوگا۔
کما فی الصحیح للمسلم: عن أبو سعید الخدری رضی اللہ عنہ قال قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم لا یحل لإمرأۃ تؤمن باللہ والیوم الآخر أن تسافر سفرا یکون ثلاثۃ أیام فصاعدا إلا و معھا ابوھا أو ابنھا أو زوجھا أو أخوھا أو ذو رحم محرم منھا( باب سفر المرأۃ مع محرم إلی حج و غیرہ ، ج: 1، ص؛691، ط: بشری)۔
و فی الدر المختار: ( و) مع ( زوج أو محرم ) و لو عبدا أو ذمیا أو برضاع (بالغ) قید لھما کما فی النھر بحثا ( عاقل و المراھق لبالغ) جوھرۃ ( غیر مجوسی و لا فاسق ) لعدم حفظھما الخ ( کتاب الحج ج: 2، ص:464، ط: سعید )۔
و فی الشامیۃ: ( قولہ قولان ) ھما مبنیان علی أن وجود الزوج أو المحرم شرط وجوب أم شرط وجوب أداء و الذی إختارہ فی الفتح أنہ مع الصحۃ و أمن الطریق شرط وجوب الأداء فیجب الإیصاء إن منع المرض و خوف الطریق أو لم یوجد زوج و لا محرم الخ ( کتاب الحج ، مطلب فی قولھم یقدم حق العبد علی حق الشرع، ج: 2، ص؛ 465، ط: سعید)۔
و فی بدائع الصنائع: و سواء کانت المرأۃ شابۃ أو عجوزا أنھا لا تخرج إلا بزوج أو محرم لأن ما روینا لا یفصل بین الشابۃ و العجوز الخ ( کتاب الحج ج: 3، ص: 56، ط: دار الکتب العلمیۃ بیروت )۔