السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاته، میرا سوال یہ ہے کہ ایک دن میں اپنی مسلمان چائنیز فرینڈ اور دو دوستوں کے ساتھ گاڑی میں سفر کر رہا تھا۔ ان میں سے ایک دوست نے مذاق میں نکاح کروانے کی بات کی۔ پہلے میں نے منع کیا، لیکن اُس نے اصرار کرتے ہوئے لڑکی سے (جو نکاح کے مسائل سے لاعلم تھی اور اردو/عربی نہیں سمجھتی) نکاح کے ایجاب کے الفاظ بولے۔ اُس نے چائنیز زبان میں لڑکی سے کہا: “کیا تمہیں فلاں لڑکا (میرا نام) قبول ہے نکاح میں؟” اور لڑکی نے ہنستے ہوئے، بغیر نیت کے، تین بار “قبول ہے” کہا۔ اُسے یہ سب مذاق لگا اور اس نے دل سے کچھ بھی قبول نہیں کیا۔ پھر اس دوست نے مجھ سے کہا: “کیا تم فلاں بنت فلاں کو نکاح میں قبول کرتے ہو بحق مہر اتنے؟” اور میں نے پہلے بہت انکار کیا، اسے روکا، کہا کہ مذاق مت کرو، یہ درست طریقہ نہیں ہے۔ لیکن اُس کے بار بار اصرار اور مجھے تنگ کرنے پر آخرکار میں نے زبردستی کے تحت، صرف اسے چپ کرانے کے لیے “ہاں قبول ہے” کہہ دیا — مگر میری نیت نکاح کی ہرگز نہیں تھی، میں نے دل سے ہرگز نہیں کہا۔ یہ سب گاڑی میں غیر رسمی ماحول میں مذاق میں ہوا۔ اس موقع پر دو دوست موجود تھے، جن میں سے ایک خود یہ مذاق کروا رہا تھا، اور دوسرا گواہ کے طور پر موجود تھا، مگر دونوں اس عمل کو مذاق ہی سمجھ رہے تھے۔
میرا سوال یہ ہے:
1. کیا اس صورتِ حال میں نکاح شرعاً منعقد ہو گیا ہے؟
2. اگر مرد و عورت دونوں کی نیت نکاح کی نہ ہو، اور صرف مذاق میں “قبول ہے” کہیں تو کیا نکاح ہو جاتا ہے؟
3. اگر گواہ بھی اس کو غیر سنجیدہ سمجھ رہے ہوں تو ان کی گواہی معتبر ہے؟
4. کیا صرف حق مہر کا ذکر کر دینے سے نکاح شرعی طور پر ہو جاتا ہے؟
براہِ کرم قرآن و حدیث اور فقہی اصولوں کی روشنی میں مفصل جواب عطا فرمائیں۔
جزاکم اللہ خیراً
واضح ہو کہ لڑکا و لڑکی کا اس طرح چلتے پھرتے مزاح کرتے ہوئے آپس میں نکاح کرنا ، نکاح جیسے مہتم بالشان شرعی حکم کو کھیل کود کا ذریعہ بنانے کے مترادف ہونے کی وجہ سے انتہائی قبیح فعل ہے ، تاہم سائل کااپنےدو عاقل بالغ دوستوں کی موجود گی میں باقا عدہ ایجاب و قبول ( خواہ مزاق میں ہی کیوں نہ ہوں) کےمفہوم کوسمجھتےہوئے نکاح کرنےسےاگرمذکورلڑکی کسی اور کی منکوحہ یا معتدہ نہ ہو یہ نکاح شرعاً منعقدہو چکاہے،چنانچہ اگر سائل اس لڑکی کے ساتھ میاں بیوی کی حیثیت سے ساتھ نہیں رہنا چاہتا، اور نکاح کے بعد ان کے درمیان خلوتِ صحیحہ (یعنی ایسی تنہائی جس میں وہ ازدواجی تعلق قائم کرسکتے ہوں )بھی واقع نہیں ہوئی، تو اس لڑکی کو ایک طلاق بائن دیدے، تاکہ شرعی طور پر ان دونوں کے درمیان تعلق ختم ہوجائے اور لڑکی کسی دوسری جگہ نکاح کرنے میں آزادہوسکے۔ نیز آئندہ نکاح جیسے عظیم اور مہتم بالشان شرعی معاملہ کو ہنسی مذاق اور کھیل تماشے کا ذریعہ بنانےسےاجتناب لازم ہے۔
کمافی سنن الترمذي : عن أبي هريرة قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: «ثلاث جدهن جد وهزلهن جد: النكاح»، والطلاق، والرجعة.(2/ 476)
وفي الفقه الإسلامي وأدلته للزحيلي» : ولا يشترط عند الحنفية توافر حقيقة الرضا، فيصح الزواج مع الإكراه والهزل.»(9/ 6535)
وفی الدر المختار شرح تنوير الأبصار وجامع البحار : (وشرط سماع كل من العاقدين لفظ الآخر) ليتحقق رضاهما(و) شرط (حضور) شاهدين(حرين) أو حر وحرتين (مكلفين سامعين قولهما معا)على الاصح (فاهمين) أنه نكاح على المذهب.»(ص178)