السلام علیکم ورحمتہ اللہ و برکاتہ !دارالکفر میں رہنے والے مسلمان لوگوں کے لیے کیا حکم ہے کہ اگر کوئی مقدس اوراق یا قرآن مجید کے بوسیدہ اور شہید اوراق کو احترام سے تلف کرنا چاہے تو کیا طریقہ اختیار کیا جائے ، جس عمارت میں ہم رہتے ہیں وہ بہت سے اپارٹمنٹ پر مشتمل ایک کثیر المنزلہ عمارت ہے جہاں مشترکہ فائر الارم سسٹم بھی موجود ہے،گھر کے اندر آگ لگانے کی صورت میں اندیشہ ہے کہ یہ الارم چل پڑے اور پوری بلڈنگ کے رہائشی کسی غلط فہمی میں مبتلا ہو کر افراتفری کا شکار ہو جائیں ، دریا میں اگر ڈالنا چاہیں تواس کی اجازت نہیں کہ ایسا کرنا دریا کو آلودہ کرنے کے زمرے میں آتا ہے اور اس پر جرمانہ و قید ہو سکتی ہے ، پوچھنا یہ تھا کہ کیا پیپر شریڈرنامی مشین میں ایسے کاغذات کو ڈال کر ریزہ ریزہ کیا جا سکتا ہے، جس کو بعد ازاں عام کوڑے کے لفافوں میں ڈال دیا جائے، یہ پیپر شریڈر کاغذات کو ایک ایک حرف تک ریزہ ریزہ کر دیتا ہے ، جزاکم اللہ خیرا
واضح ہو کہ مقدس اوراق کے متعلق اصل حکم تو یہ ہے کہ انہیں کسی محفوظ جگہ دفن کیا جائے یا بہتے ہوئے صاف پانی میں بہادیا جائے لہذاغیر مسلم ممالک میں رہنے والے مسلمان کو چاہیےکہ مقدس اوراق کے لئے کوئی محفوظ جگہ متعین کرکے وہاں مقدس اوراق کو دفن کرنے کا اہتمام کریں، بغیر کسی سخت مجبوری کے کسی مشین کے ذریعے اسے تلف کرنے سے اجتناب کیاجائے ۔