نکاح

لڑکی کا بیرون ملک شادی نہ کرنے پر بضد ہونا جائز ہے؟

فتوی نمبر :
79405
| تاریخ :
2024-11-18
معاملات / احکام نکاح / نکاح

لڑکی کا بیرون ملک شادی نہ کرنے پر بضد ہونا جائز ہے؟

میں چوبیس ( 24 ) سال کی لڑکی ہوں ،میرے گھر والے میری شادی کو لے کر بہت پریشان ہیں۔ میں پیشے کے لحاظ سے الیکٹریکل انجینئر ہوں۔ شادی کے لیے میرا مطالبہ صرف یہ ہے کہ میں بیرون ملک نہیں جانا چاہتی۔ آج کل ایک مسلم ملک میں رہتے ہوئے بھی اسلام پر عمل کرنا مشکل ہے۔ میں کیسے امید رکھ سکتی ہوں کہ میری آنے والی نسل ایک غیر مسلم ملک میں اسلام کی پیروی کرے گی جو فتنے سے بھرا ہوا ہے، میں سمجھتی ہوں کہ بچوں کو ایسے ماحول میں بھیجنا ناانصافی ہے جو اسلام کے خلاف ہو اور پھر ان سے اسلام کے ہر قانون پر عمل کرنے کی توقع رکھیں، مزید یہ کہ میں اپنے والدین کو چھوڑنا نہیں چاہتی جنہوں نے مجھے اتنے سالوں تک پالا ہے اور اب جب ان کی دیکھ بھال کرنے کا وقت آیا ہے تو میں اپنی زندگی گزارنے کے لیے کسی دوسرے ملک میں چلی جاؤں، کیا میرا بیرون ملک نہ جانے کا مطالبہ جائز ہے؟

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

شریعتِ مطہرہ نے نکاح کے لئے لڑکے اور لڑکی کی مرضی اور منشاء کا لحاظ رکھنے ، اور ان کی خواہش کو مقدم رکھنے پر زور دیا ہے، اور ان کی خواہش کے خلاف ِنکاح نہ کرنے کی تلقین کی ہے، لہذاسائلہ کے والدین کوچاہیے کہ وہ نکاح جیسے اہم معاملہ میں اس کی مرضی کو ملحوظ رکھ کر کوئی فیصلہ کریں، اور دنیاداری کے بجائے دین داری کو ترجیح دیں، اس حوالہ سے سائلہ کا ان سے اپنے وطن میں شادی کرنے کی خواہش کا اظہار کرنا،اور اسلامی ملک کو غیر مسلم ملک پر ترجیح دینے کا مطالبہ کرنا بلا شبہ جائز اور وہ اس کے متعلق حق بجانب ہے، تاہم سائلہ کو چاہیے کہ وہ اس اہم معاملہ میں والدین کی رائے کا احترام کرتے ہوئے، مناسب انداز میں اپنی مرضی اور فیصلہ سے آگاہ کرنے کی کوشش کرے، بلاوجہ کی کشیدگی کا ماحول پیدا کرنے سے گریز چاہیے۔

واللہ تعالی اعلم بالصواب
عبدالعزیز رحیم عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 79405کی تصدیق کریں
0     4
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات