میں ایک گورنمنٹ سروینٹ ہوں اور میری ایک بیوی بھی ہے ۔ ہندوستان میں گورنمنٹ سروینٹ مسلمان کو ایک ہی بیوی رکھنے کی اجازت ہے ورنہ نوکری جانے کا خطرہ ہے ۔ ایک بیوہ جس کی پنشن 50000 روپے ہے مجھ سے شادی کرنا چاہتی ہے۔ لیکن اگر علانیہ شادی کرتے ہیں تو ان کی پنشن اور میری نوکری چلی جائے گی ۔ تو کیا ایسی صور ت میں ہم لوگ بنا کسی کو بتائے نکاح کر سکتے ہیں ؟ جبکہ اس بیوہ عورت کو وہ سارے حقو ق بھی درکار نہیں وہ صرف جتنا ممکن ہوسکے اتنے ساتھ پر بھی راضی ہے ۔ رہنمائی فرمائیں !
واضح ہو کہ شریعتِ مطہرہ نے مرد کو عدل و انصاف اور مساوات کا خیا ل رکھتے ہوئے بیک وقت چار عورتوں کو اپنے نکاح میں رکھنے کی اجازت دی ہے ، البتہ بلا عذر نکاح کو خفیہ رکھنے اور اس کے اعلان نہ کرنے کو شریعت پسند نہیں کرتی ، اس لئے نکاح کی تقریب کو اعلانیہ اور لوگوں کے درمیان انجام دینے کو مستحب قرار دیا گیا ہے ، تاہم اگر سائل کو عقدِ ثانی کے اعلان کرنے سے ایک غیر مسلم ملک میں رہائش پذیر ہونے کی وجہ سے مشکلات در پیش ہوں تو اس کے لئے بامرِ مجبوری اس نکاح کو خفیہ رکھنے کی گنجائش ہے ۔ البتہ نکاح کراتے وقت اس کے تمام شرائط جیسے گواہان کی موجودگی میں ایجاب و قبول ان دونوں کا باہم کفؤ ہونا وغیرہ کا پایا جانا ضروری ہوگا۔
کما قال اللہ تعالی : فانکحوا ما طاب لکم من النساء مثنی و ثلث و ربع ( النساء : 3 )-
و فی جامع الترمذی : عن عائشۃ رضی اللہ عنھا قالت: قال النبی ﷺ، أعلنوا ھذا النکاح و اجعلوہ فی المساجد و ضربوا علیہ بالدف إلخ ( أبواب النکاح ، باب ما جاء فی إعلان النکاح ، ج 1 ، ص 207 ، ط مکتبۃ میزان )-
و فی البحر : و صرح فی المبسوط بأن النبی ﷺ کان مخصوصاً بالنکاح بغیر شھود و لا یشترط الإعلان مع الشھود لما فی التبیین أن النکاح بحضور شاھدین یخرج عن أن یکون سراً و یحصل بحضورھما الإعلان إلخ ( کتاب النکاح ، ج 3 ، ص 88 ، ط مکتبۃ الماجدیۃ )-
و فی البدائع : و ما روی أنہ نھی عن نکاح السر فنقول بموجبہ لکن نکاح السر ما لم یحضرہ شاھدان فأما ما حضرہ شاھدان فھو نکاح علانیۃ لا نکاح سر إذ السر إذا جاوزا اثنین خرج من أن یکون سراً قال الشاعر : و سرک ما کان عند امرئ – و سر الثلاثۃ غیر الخفی ، و کذالک قولہ ﷺ أعلنوا النکاح لأنھما إذا أحضراہ شاھدین فقد أعلناہ و قولہ ﷺ و لو بالدف ندب إلی زیادۃ علانہ و ھو مندوب إلیہ و اللہ عز و جل الموفق إلخ ( کتاب النکاح ، ج 2 ص 253 ، ط سعید )-
و فی التبیین : و لنا قولہ علیہ الصلوۃ و السلام : ( لا نکاح إلا بشھود و أتی عمر ابن الخطاب رضی اللہ عنہ بنکاح لم یشھد علیہ إلا رجل و امرأۃ ، فقال : ((ھذا نکاح السر فلا أجیزہ )) و لا یلزمنا ما رووا فیہ لأنہ بحضور الشاھدین یحصل الإعلان و یخرج من أن یکون سراً إلخ ( کتاب النکاح ، ج 2 ، ص 453 ، ط دار الکتب العلمیۃ )-